
خیبر پختونخوا میں چیف ایگزیکٹو بس ریپڈ ٹرانزٹ فیاض خان عہدے سے استعفیٰ دے کر بیرون ملک روانہ ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق بی آر ٹی انکوائری پر فیاض خان کو نیب نے طلب کیا تھا اور فیاض خان نے اپنا بیان ریکارڈ کروایا تھا۔
ذرائع کے مطابق نیب بی آر ٹی منصوبہ کی انکوائری کررہا ہے اور منصوبہ میں غبن کی تحقیقات آخری مراحل میں ہیں۔
نگراں وزیر ٹرانسپورٹ خیبر پختونخوا شاہدخٹک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانس پشاور سی ای او فیاض خان بغیر اجازت باہر چلے گئے، ٹرانس پشاور سی ای او کیوں بھاگ گئے؟ تحقیقات ہونی چاہیے۔
شاہد خٹک نے کہا کہ بار بار سیکریٹری ٹرانسپورٹ کو بلایا کہ مجھے بریفنگ دیں ، وہ میرے ساتھ تعاون نہیں کرتے ، میرے بلانے پر نہیں آئے، سی ای او فیاض خان سیکریٹری ٹرانسپورٹ کے ساتھ ملا ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے کرپشن کی ہے تو ان کو جیل میں ہونا چاہیے، پچھلے 9 سال میں کرپشن ہو رہی تھی، کوئی کام نہیں کیا گیا، صوبے میں بہتری نہیں آئی، صوبہ مقروض ہو گیا، عوام کو بنیادی ضروریات نہیں مل رہیں۔