تازہ ترینخبریںپاکستان

وزیراعظم نے صف اول کی چینی کمپنیوں کو دورہ پاکستان کی دعوت دے دی

چینی کمپنیوں نے وزیراعظم شہبازشریف کی کراچی میں مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت قبول کرلی۔

وزیراعظم شہبازشریف دو روزہ دورے پر چین میں ہیں، جہاں ان کی چینی سرمایہ کاروں اور پاکستانی تاجروں سے ملاقات ہوئی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے چین کی صف اول کی کمپنیوں کو دورہ پاکستان کی دعوت دے دی، اور کہا کہ دو کروڑ لوگوں کے شہر کراچی میں فراہمی آب کا بہت بڑا مسئلہ ہے۔۔ سندھ حکومت کے ہمراہ چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہوں۔

چینی کمپنیوں نے کراچی میں مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت قبول کرلی، جب کہ پاکستان میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے ایم ایل ون اور دیگر منصوبوں میں دلچسپی لینے پر چینی سرمایہ کاروں کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ شمسی توانائی سے 10 ہزار میگاواٹ پیدا کرنے کا جامع پلان بنایا ہے، ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں بھی آپ کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں، ایندھن کی لاگت کم کرکے تیل و گیس پر اٹھنے والےغیر ملکی زر مبادلہ کی بچت ہوگی، آپ کے ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات فروغ پائیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے چینی کمپنی کو گوادر ہوائی اڈے پر کام رواں سال کے آخر تک مکمل کرنے پر اصرار کیا، جس پر چینی کمپنی نے اگلے سال کی ابتدامیں ہوائی اڈے کی تعمیر کی تکمیل کی یقینی دہانی کرا دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ آگاہ ہوں ماضی میں بہت مسائل آئے ہیں جس پر ہم معذرت خواہ ہیں، اپریل 2022 کو اقتدار سنبھالنے کے بعد کمپنیوں کو درپیش مسائل حل کئے، چینی کمپنیوں کوواجب الادا 160 ارب روپے کی ادائیگی کرچکے ہیں، 50 ارب روپے گزشتہ روز ادا کردیے گئے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ 50 ارب روپے سے ریوالنگ فنڈ بنادیا گیا ہے، وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی ہدایت پر سٹیٹ بینک نے ریوالونگ اکاﺅنٹ بنادیا ہے، ادائیگیوں کے ساتھ ہی مزید 50 ارب اس میں شامل ہوجائیں گے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ چینی درآمدی کوئلے کی ادائیگیوں میں ماضی میں مسائل آئے، دیامیر بھاشا منصوبے میں اراضی کے حصول کے مسائل کو حل کریں گے، چینی بھائیوں، بہنوں کے جاں بحق ہونے کے واقعات پر بے حد دکھ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ چینی باشندوں پر حملہ کرنے والے مجرموں کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور انہیں مثالی سزا ملے گی، چینی باشندوں کی سکیورٹی کے بہترین اقدامات کئے جارہے ہیں، منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی حفاظت یقینی بنائیں گے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ چینی بھائیوں بہنوں کی سلامتی اپنے بھائیوں بہنوں کی طرح ہمیں عزیز ہے، مہمند ڈیم سے متعلق بعض مسائل کیوں آئے ؟ معلوم کرکے حل کرائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button