انتخاباتتازہ ترینخبریں

‘ضمنی انتخابات کے دوران ‘ووٹر ٹرن آؤٹ’ میں نمایاں اضافہ’

این جی او پٹن ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (پٹن) نے دعویٰ کیا ہے کہ انتہائی غیر یقینی صورتحال اور ضمنی انتخابات متعدد مرتبہ ملتوی کیے جانے کے باوجود اتوار کو ہونے والی پولنگ کے دوران تمام حلقوں میں معمول سے زیادہ ووٹرز ٹرن آؤٹ دیکھا گیا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات میں اس کی جیت یہ پیغام ہے کہ لوگ سازش کے ذریعے کسی بھی حکومت کی تبدیلی کو قبول نہیں کریں گے۔

پٹن ایگزٹ پولز میں شریک تقریباً 52 فیصد ووٹرز نے کہا کہ انہوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا باوجود اس کے کہ وہ جانتے ہیں کہ سابق وزیراعظم عمران خان قومی اسمبلی نہیں جائیں گے، سروے میں شریک ایک تہائی سے زیادہ (32 فیصد) ووٹرز نے کہا کہ انہوں نے پی ڈی ایم کے امیدواروں کو ووٹ دیا۔

سرورے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان کے ووٹ بینک میں 17 جولائی کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے بعد سے کچھ اضافہ ہوا ہے جب کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کا ووٹ بینک اپنی سطح پر برقرار ہے۔

یہ ایگزٹ پول پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ کے تمام 11 حلقوں کے 214 پولنگ اسٹیشنز پر کیا گیا۔

پی ٹی آئی کا یوم تشکر منانے کا اعلان

پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد عمر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوام کا فیصلہ نوشتہ دیوار ہے اور اب پاکستان کے فیصلہ سازوں کے پاس 2 راستے ہیں، ایک راستہ تو یہ ہے کہ لوگوں کو اپنی حکومت خود منتخب کرنے دیں یا ان کے پاس دوسرا راستہ یہ ہے کہ لوگوں کو دوسرا آپشن اختیار کرنے دیں، اس موقع پر انہوں نے دوسرے آپشن کی وضاحت نہیں کی۔

اس موقع پر انہوں نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا پیغام بھی دیا کہ پارٹی آج بروز پیر یوم تشکر منائے گی۔

اسد عمر نے الیکشن کمیشن پاکستان پر ایک بار پھر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ریاستی ادارے کے طور پر اپنی ذمہ داری کو نبھانے میں غیر جانبداری سے کام نہیں لیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہمیں متعدد پولنگ اسٹیشنوں سے شدید انتخابی بے ضابطگیوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ سندھ پولیس کی اسپیشل برانچ کے اہلکار کراچی میں پولنگ اسٹیشنز کے اندر بیٹھ کر پولنگ پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق عمران خان این اے 237 ملیر-II کی سیٹ پیپلز پارٹی کے عبدالحکیم بلوچ سے ہار گئے ہیں۔

اسدعمر نے مزید کہا کہ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی سراسر خلاف ورزی کرتے ہوئے انتخابی مہم چلائی۔

معاشی صورتحال کے بارے میں بات کرتے ہوئے اسد عمر نے خدشہ ظاہر کیا کہ معیشت بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے جب کہ عالمی منڈیوں کی رپورٹیں بتا رہی ہیں کہ پاکستان تیزی سے ڈیفالٹ کی جانب بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑ کر عوام کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا اور اب گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button