تازہ ترینخبریںپاکستان

ملک کے مختلف شہروں میں ڈینگی بے قابو، کراچی میں مزید 2 افراد جان کی بازی ہار گئے

ملک کے مختلف شہروں میں ڈینگی بے قابو ہو گیا ہے، قاتل مچھر نے کراچی میں مزید 2 افراد کی جان لے لی۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں ڈینگی کے مریضوں سے ہسپتال بھر گئے ہیں، کراچی میں بھی کیسز میں اضافہ جاری ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ضلع جنوبی اور ملیر میں زہریلا مچھر دو زندگیاں نگل گیا۔

محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی میں ڈینگی کا پھیلاؤ تیزی سے ہو رہا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 324 نئے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، رواں ماہ اب تک ڈھائی ہزار ڈینگی کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق ستمبر میں ڈینگی کے اب تک 2 ہزار 469 کیسز سامنے آ چکے ہیں، جب کہ ڈینگی سے اب تک انتقال کرنے والوں کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔

اسلام آباد میں مزید 179 افراد ڈینگی مچھر کا نشانہ بنے، لاہور سمیت پنجاب میں بھی ڈینگی کے حملے بڑھنے لگے ہیں، راولپنڈی، لاہور اور گوجرانوالہ میں مزید 191 مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔

سیکریٹری صحت کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران پنجاب سے ڈینگی کے 191 کیسز رپورٹ ہوئے، راولپنڈی سے 84، لاہور سے 60، گوجرانولہ سے 10کیسز رپورٹ ہوئے۔

رواں سال کے دوران پنجاب میں ڈینگی کے 3288 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں، رواں سال کے دوران لاہور سے ڈینگی کے 1337 کیسز سامنے آئے، جبکہ رواں سال ڈینگی بخار سے 4 افراد انتقال کر چکے ہیں۔

خیبر پختون خوا میں ڈینگی سے اموات کی تعداد 5 ہو گئی ہے، دوسری طرف بخار کی دوا مارکیٹ سے غائب کر دی گئی ہے اور بلیک میں فروخت ہو رہی ہے، لیبارٹریوں میں بھی ٹیسٹ کرانے والوں کا رش بڑھ گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button