تازہ ترینخبریںپاکستان

صوبائی حکومت کواصلاحات کیلئے بورڈ کی کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے:گورنر

ایبٹ آباد(نمائندہ خصوصی)نگران گورنر خیبر پختونخوا مشتاق احمد غنی نے ایبٹ آباد بورڈ کی منتقلی پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے اس کو پشاور بورڈ میں ضم کرنے کی مخالفت کی ہے ۔صوبائی حکومت کواصلاحات کے لئے بورڈ کی کارکردگی کوبہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔

نیا تجربہ کرنے سے بچوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔اس سلسلہ میں صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی سے بھی ملاقات کرکے ہزارہ کے عوام کے خدشات سے آگاہ کیا ہے۔ ایبٹ آباد بورڈ کو پشاور بورڈ میں ضم نہیں ہونے دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایبٹ آباد غنی باغ میں ہزارہ قومی محاذ کی پریس کانفرنس میں کل جماعتی ایبٹ آباد بورڈ بچاؤ کی تشکیل کردہ کمیٹی صدر آل ٹریڈرز فیڈریشن علی اصغر خان گروپ ثاقب خان اور صدر ایبٹ آباد پریس کلب سردار نوید عالم کی سربراہی میں ملنے والے وفد سے ملاقات میں کیا۔

اس موقع پر تحصیل میئر ایبٹ آباد سردار شجاع نبی ،پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک کے صدر نقیب اللہ خان جدون ،صدر آل ٹریڈرز فیڈریشن سردار شاہنواز،ہزارہ قومی محاذ کے ضلعی صدر جان محمد بنگش،پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کےخالق داد خان ،درجہ چہارم ملازمین کے صدر ہارون خان جدون اور دیگر بھی موجود تھے۔نگران گورنر خیبر پختونخوا مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا ایبٹ آباد بورڈ کو پشاور بورڈ میں ضم کرنے کے خلاف ہزارہ اور بالخصوص ایبٹ آباد میں اٹھائی جانے والی آواز کے ہم آواز ہیں ۔بطور ہزارہ وال اور ایبٹ آباد کے شہری ہونے کے ناطے اسمبلی کے پلیٹ فارم پر اس فیصلہ پر آواز اٹھائی ہے۔

مشتاق احمد غنی نے مذاکراتی کمیٹی کو بتایا کہ وہ خود تعلیم کے شعبہ سے وابستہ رہے ہیں وہ بورڈ کو پشاور میں ضم کرنے کے بعد اس کی مشکلات سے باخبر ہیں اس نئے تجربہ سے ہمارے بچوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے مذید کہا کہ ہزارہ کے عوام کے احتجاج اور خدشات سے صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی کو آگاہ کر دیا ہے ۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی بورڈز میں اصلاحات لانے کے لئے یہ بھی ممکن ہے پورے صوبہ میں یکساں امتحانی پرچہ بنایا جائے ۔اور اس میں پائی جانے والے خامیوں کو بورڈ کی سطح پر بہتر کریں تاکہ صوبائی حکومت بھی صوبہ میں بورڈذ کے خدشات دور کرے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ منتخب اراکین خاموش ہیں۔اس سلسلہ میں ایم پی اے الحاج قلندر لودھی ،ایم پی اے نذیر عباسی بھرپور کوشش جا ری رکھے ہوئے ہیں اور اپوزیشن کے ایم پی اے بھی اس معاملے میں رابطہ میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد بورڈ کی منتقلی کے فیصلہ پر ہم اپنے عوام اور ہزارہ کے عوام کی آواز میں برابر کے شریک ہیں اور صوبائی اسمبلی میں عوام کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

اس موقع پر مذاکراتی کمیٹی نے آل پارٹیز کانفرنس میں عوام کی جانب سے ایبٹ آباد بورڈ منتقلی کے خدشات سے گورنر مشتاق احمد غنی کو آگاہ کیا اور صوبائی حکومت سے اس فیصلہ کو واپس لینے پر زور دیا ہے ۔مذاکراتی کمیٹی نے صوبائی اسمبلی میں ہزارہ کے عوام کے حقوق کا تحفظ کرنے کی کوشش پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ ایبٹ آباد پریس کلب میں کل جماعتی پریس کانفرنس میں ایبٹ آباد بورڈ کی منتقلی کے فیصلہ پر اس کو روکنے کے لئے فوارہ چوک میں احتجاج کے علاوہ ممبران اسمبلی سے ملاقات کے لئے کمیٹی تشکیل دی تھی جس کے مطابق ہفتہ کے روز کمیٹی کے اراکین نے نگران گورنر خیبر پختونخوا سے غنی باغ ایبٹ آباد میں ملاقات کرکے اپنے خدشات سے آگاہ کر دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button