تازہ ترینخبریںپاکستان

سیلاب متاثرین کے لئے ایبٹ آباد میں امدادی سامان جمع کرنے کا سلسلہ جاری

ایبٹ آباد (نمائندہ خصوصی)ملک کے متاثرہ حصوں کے لئے ایبٹ آباد میں امدادی سامان جمع کرنے کا سلسلہ جا ری، یونین کونسل سلہڈ میں متاثرین سیلاب زدگان کے 100گھرانوں کے لئے لاکھوں روپے مالیت کا راشن ، ادویات اور ضروریات کا سامان الخدمت فاؤنڈیشن کے سپر د کر دیا ہے ۔

اس سلسلہ میں حجرہ یونین کونسل سلہڈ میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔اس موقع پر سابق ممبر ضلع کونسل یوسی سلہڈ ملک سلیمان خان ،چیئرمین شفقت خان ،ثاقب خان صدر آل ٹریڈرز فیڈریشن علی اصغر گروپ، ظہور احمد یوتھ کونسلر ،یوسف خان ،اکرم خان ،آصف خان،عبدالغفور،محمد فہیم کے علاوہ صدر الخدمت فاؤنڈیشن سردار محمد سرور ،صدر ایبٹ آباد پریس کلب سردار نوید عالم اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔


مقررین کا کہنا تھا ملک میں موجودہ سیلابی صورتحال میں عوام کا اخوت اور بھائی چارے کا جذبہ دیدنی تھا ۔عوام نے سنت نبوی پر عمل کرتے ہوئے اپنے متاثرہ مسلمان بھائیوں کے لئے ان کی ضروریات کا سامان اگھٹا کیا ہے ۔

مقررین کا کہنا تھا امدادی سامان کو متاثرین تک پہنچانے میں الخدمت فاؤنڈیشن سے موزوں کوئی ٹرسٹ نہیں ہے ۔صدر الخدمت فاؤنڈیشن سردار محمد سرور کا کہنا تھا الخدمت فاؤنڈیشن مختلف شعبوں میں کام کر رہی ہے ایبٹ آباد میں 100یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے جس کے تحت ان بچوں کی ماؤں کے اکاؤنٹ میں ماہانہ رقم پہنچا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے 30ہزار رضا کار موجودہ صورتحال میں خدمت کا فرض نبھا رہے ہیں۔

سردار محمد سرور کا کہنا تھا ایک کروڑ لوگ متاثر ہوئے آدھا پنجاب اور آدھا سندھ ڈوب چکا ہے۔لاکھوں گھر تباہ ہوئے ہیں ۔خیبر پختون خوا میں بھی کوہستان کے اضلاع متاثر ہوئے ہیں ۔صدر الخدمت فاؤنڈیشن کا کہنا تھا کوہستان میں تین سو گھرانوں کے لئے مکمل فوڈ پیکج ضروریات زندگی پیر کے روز لے کر جائیں گے۔ متاثرین کی مدد کے لئے پوری زمہ داری اور پلان کے تحت کی جا رہی ہے الخدمت فاؤنڈیشن عوام کے اعتماد پر پورا اتر ے گی ۔

انہوں نے کہا کہ اس عمل کے کامیابی میں عوام پشت پر ہیں۔الخدمت فاؤنڈیشن کے امدادی کیمپ میں سکول کے بچوں بچیوں نے بھی دل کھول کر اپنا حصہ شامل کیا ہے۔ایبٹ آباد میں محکمہ پولیس ،ایبٹ آباد پریس کلب اور آل ٹریڈرز فیڈریشن نے مشترکہ طور پر کیمپ لگا کے متاثرین کے لئے امداد جمع کرکے الخدمت فاؤنڈیشن کے سپرد کی ہے ۔

صدر ایبٹ آباد پریس کلب سردار نوید عالم کا کہنا تھا ایبٹ آباد میں پولیس ،پریس کلب اور آل ٹریڈرز فیڈریشن نے امدادی کیمپ میں 40لاکھ کی نقدی اور تقریباً 25لاکھ سے ذاہد مالیت کا سامان جمع کرکے الخدمت فاؤنڈیشن کے سپرد کیا گیا ہے جو ان پر اعتماد کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمات لازوال ہیں۔سامان جمع کرلینا آسان ہے لیکن اس کی تقسیم اہمیت رکھتی ہے ۔الخدمت فاؤنڈیشن منظم انداز میں اس کو مستحقین تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتی ہے عوام بڑھ چڑھ کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں اور اس مشکل کی گھڑی میں اپنے مسلمان بہن بھائیوں کی خبر گیری کریں اور ان کی دوبارہ بحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button