تازہ ترینخبریںپاکستان

نفیس نعیم کی گمشدگی ، صحافیوں کے تحفظ کیلئے سی پی این ای اپنی جدوجہد جاری رکھے گی

کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے صدر کاظم خان نے آج نیوز کے سینئر اسائنمنٹ ایڈیٹر نفیس نعیم کو کراچی میں سادہ لباس افراد کی جانب سے زبردستی اپنے ساتھ لیجانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے،

انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ مراد علی شاہ بتائیں نفیس نعیم کو کس نے کس قانون کے تحت اٹھایا ہے ،سندھ میں کوئی قانون ہے یا وڈیرہ شاہی کا مزاج ہی قانون ہے ،جبری گمشدگیاں بے نظیر بھٹو کا خاصہ تو نہیں تھیں، آمرانہ طرز حکومت کسی صورت قبول نہیں

‘ہتھکڑیاں ‘ہراسگی ‘گمشدگیاں ‘خوف کی فضا صحافت کا پیرہن ہے، نفیس نعیم کو فوری بازیاب کروایا جائے،

انہوں نے کہا ہے کہ نفیس نعیم کو غیر قانونی طریقے سے ساتھ لے جانا کسی طور بھی مناسب نہیں،اگر نفیس نعیم پر کوئی کیس درج ہے تو کارروائی کا قانونی طریقہ موجود ہے،کسی بھی شہری کے بنیادی حقوق کا تحفظ حکومت وقت کی ذمہ داری ہے،کسی بھی ادارے کو حق نہیں دیا جاسکتا کہ وہ بغیر کسی الزام ،ایف آئی آر یا شکایت کسی شہری کو اپنے ساتھ لے جائے اس طرح کے اقدامات حکومت وقت کیلئے باعث شرمندگی ہیں،

وزیراعظم شہبازشریف ،وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ واقعہ کا فوری نوٹس لیکر آج نیوز کے سینئر اسائنمنٹ ایڈیٹر نفیس نعیم کو فوری بازیاب کرائیں، صحافیوں کی گمشدگی یا زبردستی لاپتہ کرنے کا سلسلہ کسی صورت قابل قبول نہیں یہ سلسلہ فوری بند ہونا چاہئے ،

آزادی صحافت اور صحافیوں کے تحفظ کیلئے سی پی این ای اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور ہرفورم پر آواز اٹھاتی رہے گی ،آزادی صحافت اور صحافیوں کے تحفظ پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button