تازہ ترینخبریںپاکستان

یمن کیلئے یونیورسٹی آف لاہور کا 50 فیلو شپس دینے کا اعلان

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، سٹاف رپورٹر) کامسٹیک نے یمن کیلئے صحت عامہ اور طبی ٹیکنالوجی میں تربیت دینے کے لیے یونیورسٹی آف لاہور،ہیلتھ سروسز اکیڈمی اور انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز کے باہمی اشتراک و تعاون سے50فیلو شپس دینے کا اعلان کیا ہے۔

,اس حوالے سے پیر کو کامسٹیک میں یمن کے سفیر محمد مطہر الاشعبی، چیئرمین بورڈ آف گورنرز، یونیورسٹی آف لاہور اویس رئوف،کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک، پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری، وائس چانسلر، ہیلتھ سروسز اکیڈمی ، پروفیسر ڈاکٹر شہزاد علی خان، ، انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز کی شریک ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین، اورڈائریکٹروزارت خارجہ اعلا مظہر بخاری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پروگرام کے اغراض و مقاصد بتائے۔

یمن کے سفیر نے اس پروگرام کو شروع کرنے پر کامسٹیک، یونیورسٹی آف لاہور،ہیلتھ سروسز اکیڈمی اور انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پروفیسرڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کی قیادت اور او آئی سی کی ریاستوں کے لیے صلاحیت سازی کے بہت سے پروگرام شروع کرنے کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے یمن کے عوام کی طرف سے حکومت پاکستان، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی، وزارت خارجہ اور فیلوشپ فراہم کرنے والے اداروں کا شکریہ ادا کیااورکامسٹیک اور یمن حکومت کے درمیان تعاون بڑھانے کے لئے یمن کے سفارت خانے کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔چیئرمین بورڈ آف گورنرز، یونیورسٹی آف لاہور اویس رئوف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے یہ باعث اعزاز ہے کہ ہم اس پر پروگرام کا حصہ ہیں،یمن کے طالبعلموں کیلئے اس پروگرام سے ان کی صلاحیت سازی میں اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ میں نے تجویز دی ہے کہ ہم ملکر ہیلتھ سائنسز میں یمن کے عوام کیلئے ٹرینگ پروگرام بھی شروع کریں۔

یونیورسٹی آف لاہور ، میڈیکل سائنسز اور ہیلتھ کے شعبے میں اہم خدمات سر انجام دے رہی ہے ،یمن کے اداروں کی بہتری کے ساتھ ساتھ ٹرینگ اور سپورٹ ایریا ( آپریشن تھیٹر ٹیکنیشن ، نرسنگ و دیگر )میں بھی تعاون کرنے کو تیار ہیں ، یمن کیلئے صحت عامہ اور طبی ٹیکنالوجی میں تربیت دینے کے لیے فیلو شپس دینے کا اعلان خو ش آئند ہے۔

یونیورسٹی آف لاہور یمنی طلبا کو ہر طرح کی سہولت دینے کو تیار ہے۔کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اس مشترکہ پروگرام کی منصوبہ بندی اور آغاز میں یمن کے سفیر کی دلچسپی اور کوششوں کو سراہا۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چودھری نے سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت اور وزارت خارجہ کا کامسٹیک کے اس اور دیگر پروگراموں میں مکمل تعاون کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد یمنی اسکالرز اور سائنسدانوں کو کامسٹیک کنسورشیم آف ایکسیلنس کے تین اعلی درجے کے رکن اداروں سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت یمنی سائنسدانوں کو صحت عامہ اور طبی ٹیکنالوجی میں تربیت حاصل کرنے کے لیے 50 فیلو شپس دی جائیں گی۔ پروفیسر چودھری نے یمنی شہریوں کو فیلوشپ کی فراخدلی سے پیشکش پر ہیلتھ سروسز اکیڈمی ، یونیور سٹی آف لاہور، اور انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز کا شکریہ ادا کیا۔ پروفیسر چودھری نے یمن کو دو مزید پروگراموں کی پیشکش بھی کی جن میں میں، ٹیلی میڈیسن کی صلاحیت بڑھانے کا پروگرام، اور نیوروکریٹیکل کیئر پروگرام شامل ہیں۔اس موقع پر ایچ ایس اے کے وائس چانسلر، کو-ڈائریکٹر آئی سی سی بی ایس نے بھی نے اپنے متعلقہ اداروں کی طرف سے دی جانے والی فیلوشپس کی تفصیلات فراہم کیں۔

انہوں نے اس پروگرام کو شروع کرنے پر کامسٹیک کنسورشیم آف ایکسی لینس کو سراہا۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے، اعلا مظہر بخاری، ڈائریکٹر، وزارت خارجہ نے کامسٹیک کے اس اقدام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام نہ صرف صحت کی ٹیکنالوجیز میں یمنی عوام کی صلاحیت کو بڑھانے میں مدد دے گا بلکہ سائنس ڈپلومیسی کو پروان چڑھانے میں بھی مدد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ کامسٹیک کے ایسے بین الاقوامی پروگراموں کی مکمل حمایت کرتی ہے جو سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے سائنس اور ٹیکنالوجی کی استعداد کار میں اضافے کے ساتھ سفارتی تعلقات کی تعمیر اور پروان چڑھانے میں مدد کرتے ہیں۔پریس کانفرنس میں او آئی سی کے رکن ممالک کے قومی اور بین الاقوامی میڈیا نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button