تازہ ترینخبریںپاکستان

خیبر پختونخوا کا بجٹ پیش، سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں 16، پینشن میں 15 فیصد اضافہ منظور

خیبر پختونخوا اسمبلی میں تیمور سلیم جھگڑا بجٹ پیش کر رہے ہیں۔

وزیر خزانہ خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا نے اپنی بجٹ تقریر میں بتایا کہ اس سال تاریخی ٹیکس کلیکشن کی گئی اور سب سے زیادہ ملازمتوں کے مواقع پیدا کیے گئے۔

صوبے کا بجٹ 1 ہزار 332 ارب روپے رکھا گیا ہے، وزیر خزانہ

انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے لیے صوبے کا بجٹ 1 ہزار 332 ارب روپے رکھا گیا، بندوبستی اضلاع کے اخراجات کا تخمینہ 1109 ارب روپے لگایا ہے،ضم اضلاع کے اخراجات 223 ارب ہوں گے۔

صوبائی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں 16 اور پینشن میں 15 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔

وزیر خزانہ تیمور سلیم نے بتایا کہ دو ماہ میں ملک میں مہنگائی کا بم آیا، جب حکومت چلانا نہیں آتی تو لی کیوں ہے۔

تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ صوبے میں 260 ارب روپے کے ریکارڈ ترقیاتی اخراجات ہوئے، خیبر پختونخوا دہشتگردی کا شکار صوبہ تھا اب سرمایہ کاری کا مرکز بن گیا ہے۔

صوبے نے ترقی کا سفر پی ٹی آئی حکومت میں کیا، وزیر خزانہ

انہوں نے کہا کہ یہ وہ ترقی کا سفر ہے جو خیبر پختونخوا نے پی ٹی آئی حکومت میں کیا ہے۔

تیمور سلیم جھگڑا نے بتایا کہ وفاق کی ٹیکس محصولات کا تخمینہ 570 ارب 90 کروڑ لگایا گیا، دہشتگردی کے خلاف جنگ کی مد میں 68 ارب 60 کروڑ روپے ملیں گے، وفاق سے آئل،گیس رائلٹی کی مد میں 31 ارب روپے ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے خالص منافع اور بقایاجات کی مد میں 61 ارب 90 کروڑ ملنے کی توقع ہے، صوبائی ٹیکسوں کی مد میں 85 ارب روپے وصول ہوں گے جبکہ  93 ارب روپے کی غیر ملکی امداد بھی بجٹ میں شامل ہے۔

قبائلی اضلاع کیلئے 208 ارب روپے کی گرانٹس ملنے کی توقع ہے، وزیر خزانہ

تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ دیگر محاصل کا تخمینہ 212 ارب روپے لگایا گیا ہے، قبائلی اضلاع کے لیے 208 ارب روپے کی گرانٹس ملنے کی توقع ہے، تنخواہوں کے لیے 447 ارب 90 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں ۔

اس کے علاوہ سرکاری ملازمین کی پنشن کے لیے 107 ارب روپے رکھے گئے ہیں،سرکاری ملازمین کے لئے 15 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس بجٹ میں شامل ہے، ایڈ ہاک ریلیف الاؤنس ڈی آر اے کے علاوہ ہے۔

پولیس شہداء پیکج کو بڑھایا گیا ہے، وزیر خزانہ

انہوں نے بتایا کہ گریڈ 7سے 16 تک کے پولیس اہلکاروں کے رسک الاؤنس میں ڈی آر اے کے برابر اضافہ کیا گیا ہے، پولیس شہداء پیکج کو بڑھا دیا گیا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پچھلے سال کے مقابلے میں صحت کے بجٹ میں 55 ارب کا اضافہ کیا ہے، ابتدائی و ثانونی تعلیم کے بجٹ میں 47 ارب روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

صحت کے بجٹ میں 55 ارب کا اضافہ کیا ہے، وزیر خزانہ

کے پی وزیر خزانہ نے کہا کہ صوبائی بجٹ میں پینشن پروگرام ختم نہیں کر رہے، پینشن فنڈ قائم کر رہے ہیں، فی الحال پینشن فنڈ میں نئے ملازمین کو ڈال رہے ہیں، اسکیم کا نام ہے کنٹری بیوٹری پینشن اسکیم ہوگا، نئے بھرتی سرکاری ملازم کی بنیادی تنخواہ کا 10 فیصد اسکیم میں شامل ہوگا۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ صحت کارڈ پلس میں سرکاری ملازمین کے لیے او پی ڈی کی سہولت بھی ہوگی، ٹیکس ریٹ کم کرکے مالی کارکردگی بڑھائی ہے، 34 ٹیکسز میں رعایت دی گئی ہے۔

تیمور سلیم جھگڑا نے تقریر میں بتایا کہ جگر کی پیوندکاری سمیت مزید 5 بیماریوں کا علاج صحت کارڈ میں شامل کر رہے ہیں، گزشتہ سال میں 8 لاکھ افراد نے صحت کارڈ کے ذریعے علاج کرایا، اس سال صحت کارڈ کا بجٹ 25 ارب روپے رکھا گیا ہے۔

وزیر خزانہ نے بجٹ تقریر میں بتایا کہ لینڈ ٹیکس چھوٹے کسانوں کے لیے زیرو رکھا ہے، گزشتہ دو سال میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم کیا۔

دوسری طرف اپوزیشن کی جانب سے وزیر خزانہ کی بجٹ تقریر کے دوران شور و شرابا کیا جاتا رہا ۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button