لاہورٜ سابق وزیراعظم و مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم مشیروں اور سیاسی ترجمانوں کے غلط مشوروں سے خبردار رہیں۔
اپنے بیان میں چودھری شجاعت کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے مشیروں کی ایڈوائس میں کوئی نہ کوئی اینگل ہوتا ہے، مشیر اور ترجمان وہ باتیں اچھالتے ہیں جس کا نقصان صرف عمران خان کو ہوتا ہے۔
انہوں نے مشورہ دیا کہ وزیراعظم دیکھیں ان کے مشیر کس کا گیم کھیل رہے ہیں؟ وزیر اعظم یہ بھی دیکھیں مشیر کیسے اور کیوں کھیل رہے ہیں؟ ۔
چودھری شجاعت نے وزیراعظم کے بیان پر کہا کہ عمران خان کا ایک روز پہلے کا بیان کسی دشمن نما دوست نے دلوایا ہوگا، عمران خان کو اسمبلی میں بولنے نہیں دیا جاتا تو وہاں بیٹھے مراعات یافتہ ارکان گونگے ہیں؟
ان کا کہنا تھا کہ ہم بیان درست کرنے کا کہیں تو ان پڑھ مشیر کہتے ہیں ان سے نرم رویہ اختیار نہ کریں، مشیروں کو اصل بات پتہ ہوتی ہے لیکن وہ موقع کی تلاش میں رہتے ہیں،
مشیر عمران خان کو اپنے مطلب کے مطابق گائیڈ کرنا چاہتے ہیں۔ ق لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم مخلصوں کو دشمن سمجھنے کے بجائے ان کے مشورے غور سے سنیں۔