اسرائیلی بمباری سے سہما بچہ بحفاظت مصر پہنچ گیا

غزہ میں جاری جنگ کے دوران اسرائیلی بمباری سے ہزاروں معصوم بچے شہید ہوچکے ہیں۔
بمباری کی دل دہلا دینے والی آوازوں سے ننھے پھولوں کے دل دہل جاتے ہیں، ایسی متعدد ویڈیوز وائرل ہوئی تھی جس میں غزہ کے بچوں کو دھماکوں کی آوازوں پر خوفزدہ دیکھا گیا تھا
ایسے ہی 7 ماہ قبل ایک بچے محمد کی ویڈیو نے بڑے پیمانے پر سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی تھی جو اسرائیل کے فضائی حملوں سے شدید سہما ہوا نظر آیا اور آس پاس لوگوں کے تسلی دینے پر رو پڑا تھا۔۔
ہر نرم دل انسان ویڈیو میں بچے کی حالت دیکھ کر افسردہ ہوگیا تھا اور لوگوں نے بچے سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار اور غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی روک تھام کا مطالبہ کیا تھا۔
حال ہی میں یہ بات سامنے آئی کہ محمد نامی یہ بچہ اپنے والد کے ساتھ بحفاطت مصر پہنچنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔
13 مئی کو مصر کے شہر قاہرہ ایک مال میں کچھ خواتین نے بچے کو پہچان کر اس کے ساتھ محبت و شفقت کا اظہار کیا اور ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔
خاتون نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ میں نے اسے اس کے والد کے ہمراہ مال میں چلتے ہوئے دیکھا تو اس کے پاس جا پہنچی اور اسے پیار کیا،
انہوں نے مزید کہا کہ میرے اہلِ خانہ حیران رہ گئے اور پوچھا کہ یہ کون ہے؟۔
خاتون نے بتایا کہ یہ ہمارا پیارا محمد ابو لولی ہے،خدا کا شکر ہے کہ وہ اور اس کے اہلِ خانہ خیریت سے ہیں۔
پوسٹ میں اریج احمد نامی خاتون نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ خدا انہیں اور غزہ کے تمام بچوں کو محفوظ رکھے، یا خدا ان کی حفاظت فرما۔
مذکورہ ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے اپنے تبصروں میں محمد کے لیے پیار نچھاور کیا اور اس کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
خیال رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں جاری جنگ کے نتیجے میں 35 ہزار سے زائد فلسطینی شہید
جن میں ایک بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔