صحت

عید الاضحیٰ پر زیادہ گوشت کھانے سے گریز کریں، ماہرینِ صحت کا مشورہ

گرم موسم میں زیادہ گوشت کھانے سے بدہضمی ہوسکتی ہے اس لیے عید الاضحیٰ کے موقع پر مزیدار کھانے کھاتے ہوئے صحت کا خصوصی خیال رکھنا  ضروری ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق، پروٹین کے حصول کے لیے گوشت بہترین ذریعہ ہے، قربانی کا گوشت تازہ اور غذائیت سے بھرپور ہونے کے باعث زیادہ کیلوریز پر مشتمل ہوتا ہے اس لیے زیادہ مقدار میں کھانے سے ڈائریا اور قبض کے علاوہ مضرِصحت اثرات کے خدشات بھی بڑھ جاتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک صحت مند انسان کے لیے گوشت کی مناسب مقدار 100گرام ہے۔

عید الاضحیٰ کے موقع پر جیسے ہی قربانی ہوتی ہے تو کلیجی، مغز، چانپیں اور دیگر چٹ پٹے کھانے تیار ہونا شروع ہوجاتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق، گوشت سے بلڈ پریشر، ذیابطیس اور دل کے مریضوں کی صحت کو زیادہ خطرات لاحق ہوتے ہیں اس لیے ایسے افراد گوشت کی کم مقدار کھائیں جبکہ سبزیوں اور دالوں کا استعمال زیادہ کریں جبکہ کلیجی، گردے اور مغز کا استعمال بالکل نہ کریں کیونکہ ان میں عام گوشت کے مقابلے میں کولیسٹرول کی مقدار کئی گنا زیادہ ہوتی ہے اس لیے یہ ان کی صحت کے لیے نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ گوشت کو پکانے سے پہلے اس کی صفائی یقینی بنائیں، کم مصالحوں میں صحیح سے پکا ہوا کھانا کھائیں، بسیار خوری سے گریز کریں۔

طبی ماہرین کے مطابق، گوشت کے پکوانوں میں مصالحوں کا زائد استعمال امراضِ قلب اور بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے نقصان دہ ہے۔

عید الاضحیٰ پر عموماً اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے جس کی بنیادی وجوہات میں زیادہ گوشت کھانا، بے احتیاطی، پانی کی کمی اور ورزش نہ کرنا قابل ذکر ہیں۔

اس لیے ماہرین کا مشورہ ہے کہ قربانی کا گوشت اعتدال سے کھائیں کیونکہ زیادہ کھانا صحت کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق، اعصابی بیماریاں، دماغی کمزوری، ذیابطیس، بلند فشار خون اور پیٹ کے متعدد امراض زیادہ کھانے سے ہی پیدا ہوتے ہیں۔

ماہرین کا مشورہ ہے کہ زیادہ بار بی کیو کھانے سے گریز کریں کیونکہ بار بی کیو کے دوران گوشت مکمل طور پر نہیں پک پاتا اس لیے پھر گوشت کو ہضم ہونے میں بھی وقت لگتا ہے جبکہ کم مصالحوں میں پوری طرح گلا ہوا گوشت قدرے آسانی سے ہضم ہوجاتا ہے۔

عید الاضحیٰ پر اکثر لوگ دوپہر اور رات کے کھانے میں گوشت ہی استعمال کرتے ہیں تو ایسے میں ماہرینِ صحت ناشتے میں پھلوں اور غذائیت سے بھرپور خوراک استعمال کرنے اور کھانے کے بعد بغیر چینی کے گرین ٹی یعنی سبز چائے پینے کا مشورہ دیتے ہیں۔

ماہرین صحت کے مطابق، گرین ٹی انسان میں میٹابولزم کی شرح کو بڑھانے میں مدد دیتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button