سپیشل رپورٹ

سفید فام امریکی نے گھر میں داخل ہونے والے سیاہ فام بچے کو گولی ماردی

سفید فام شخص نے غلطی سے اپنے گھر میں داخل ہونے والے سیاہ فام بچے کو گولی ماردی، اہلخانہ نے انصاف کے لیے مقدمہ دائر کردیا۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا میں ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک 16 سالہ سیاہ فام نوعمر لڑکے کو 85 سالہ گھر کے مالک نے گولی مار کر شدید زخمی کر دیا۔ رالف یارل نامی لڑکا اپنے جڑواں بھائیوں کو ڈھونڈنے کے لیے غلطی سے اس گھر میں گھسا تھا۔

رالف کے اہلخانہ نے اس کے گھر کے مالک اور علاقے کی ایسوسی ایشن کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا ہے۔

مذکورہ واقعہ 13 اپریل 2023 کو کنساس سٹی میں وقوع پذیر ہوا تھا جب 16 سالہ رالف یارل اپنے چھوٹے بہن بھائیوں کو لینے جا رہا تھا، لیکن غلطی سے 115 ویں اسٹریٹ پر چلا گیا تھا۔

لڑکے نے 85 سالہ اینڈریو لیسٹر کے گھر کی گھنٹی بجائی، اسی دوران لیسٹر نامی شخص نے شیشے کے دروازے سے لڑکے کو دو بار، سر اور بازو میں گولی ماری۔

مقدمے میں الزام لگایا گیا ہے کہ مذکورہ گولی مارنے کا واقعہ لیسٹر اور ہائی لینڈ ایکرز ہومز ایسوسی ایشن کی ’لاپروائی‘ اور ’غافلانہ‘ اقدامات کی وجہ سے پیش آیا۔

یارل کی والدہ، کلیو ناگبی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ان کے بیٹے کے اوپر ہونے والی فائرنگ نے ہمارے معاشرتی تانے بانے میں ایک اہم خلا کو بے نقاب کردیا ہے۔

لیسٹر پر فرسٹ ڈگری حملے اور مسلح مجرمانہ کارروائی کا الزام عائد کیا گیا ہے جبکہ اس کا ٹرائل اکتوبر میں شروع ہونے والا ہے۔ یارل نامی سیاہ فام لڑکا آہستہ آہستہ صحتیابی کی جانب گامزن ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button