سیاسیات

مصدق ملک کو وزیرِ خزانہ بنانے کا امکان

وفاقی کابینہ کی تشکیل کے لیے غور جاری ہے، ڈاکٹر مصدق ملک کو وزارتِ خزانہ کا قلم دان سونپے جانے کا امکان ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز ملکی معیشت پر مجموعی جائزہ لینے کے لیے اجلاس بلایا تھا، اہم بات یہ ہے کہ اس اجلاس میں سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار موجود نہیں تھے بلکہ سابق وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل سینیٹر مصدق ملک کو مشاورت کے لیے بلایا گیا تھا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مصدق ملک کو پہلی نشست دی تھی، قوی امکان ہے کہ انہیں وزارتِ خزانہ کا قلم دان سونپا جائے گا۔

اس اجلاس میں احد چیمہ کو بھی بلایا گیا تھا، احد چیمہ کو وزیرِ اعظم نے اپنا مشیر بنانے کا فیصلہ کیا ہے، وہ وزیرِ اعظم آفس میں ہی بیٹھیں گے۔

عطاء اللّٰہ تارڑ کو وزیرِ اطلاعات و نشریات، خواجہ آصف کو وزیرِ دفاع، اسحاق ڈار کو وزیرِ خارجہ، احسن اقبال کو وزیرِ منصو بہ بندی و ترقیات بنائے جانے کا امکان ہے۔

ان کے علاوہ رانا تنویر، شیزہ فاطمہ، چوہدری طارق بشیر چیمہ، چوہدری سالک حسین کے بھی کابینہ میں شامل ہونے جبکہ جہانزیب خان کو وزیرِ اعظم کا معاونِ خصوصی بنائے جانے کا امکان ہے۔

ایم کیو ایم کے بھی 2 وزیر جبکہ استحکامِ پاکستان پارٹی کے عبد العلیم خان کے بھی کابینہ میں شامل ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں پیپلز پارٹی کابینہ میں شامل نہیں ہو گی، البتہ دوسرے مرحلے میں پی پی کے وزارتیں لینے کا امکان ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button