انتخابات

پیپلز پارٹی کے اویس شاہ اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب

پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار اویس شاہ اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب ہو گئے ہیں انہوں نے 111 ووٹ حاصل کیے۔

سندھ اسمبلی میں آج اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہو رہا ہے۔ اسپیکر کے عہدے کے لیے ووٹنگ کے بعد گنتی مکمل ہو گئی ہے اور نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے اویس شاہ 111 ووٹ لے کر نئے اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب ہو گئے ہیں۔

یہ اجلاس اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں آغاز میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 9 آزاد امیدواروں اور جماعت اسلامی کے واحد نومنتخب رکن اسمبلی نے حلف اٹھائے جس کے بعد خفیہ رائے شماری کا آغاز ہوا۔ پی ٹی آئی کی جانب سے اس الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا تھا۔

گنتی کے بعد اسپیکر آغا سراج درانی نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے اویس قادر شاہ کو کامیاب قرار دیا۔

آغا سراج درانی نے کہا کہ تمام ممبران نے اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا ہے مجموعی طور پر 147 ووٹ کاسٹ ہوئے اور ان کی گنتی مکمل ہو گئی ہے جس میں اویس شاہ نے 111 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی ہے۔

اسپیکر کے عہدے کے لیے ایم کیو ایم پاکستان کی نامزد امیدوار صوفیہ سعید شاہ نے 36 ووٹ حاصل کیے۔

نتائج کا اعلان ہونے کے بعد اویس قادر شاہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا اور سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے انہیں مبارک باد پیش کی۔

نو منتخب اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ کی صدارت میں اسمبلی کے اجلاس میں اب ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کی کارروائی کا عمل شروع ہو چکا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button