درد شقیقہ یا مائیگرین میں آرام کے لیے موثر گھویلو ٹوٹکے
آدھے سر کا درد جسے درد شقیقہ یا مائیگرین بھی کہا جاتا ہے اکثر لوگوں کے لیے کافی تکلیف کا باعث بنتا ہے۔
درد شقیقہ کا شکار خواتین اور حضرات آدھے سر کا درد اٹھنے پر کافی تکلیف میں نظر آتے ہیں۔ اکثر درد کی صورت میں دوائیں کھانے کا انتخاب کیا جاتا ہے، تاہم اکثر اس میں فوری کمی نہیں آتی۔ مائیگرین میں آرام کے لیے ذیل میں کچھ ٹوٹکے بتائے جارہے ہیں جن کے استعمال سے فوری آرام آسکتا ہے۔
ادرک کی چائے کے ذریعے بھی مائیگرین میں کمی لائی جاسکتی ہے۔ آدھے سر درد سے نجات کے لیے ادرک کو بہترین چیز تصور کیا جاتا ہے۔ ادرک کا استعمال سر میں موجود خون کی شریانوں کی سوجن کو کم کرتا ہے جس سے درد سے نجات ملتی ہے۔
ادرک کے تین ٹکڑوں کو دو کپ کے قریب پانی میں ڈال دی۔ اس پانی کو آدھے گھنٹے تک ڈھک کر رکھیں، پھر اسے چائے کی شکل میں تیار کرکے استعمال کرلیں۔
اگر مائیگرین سے فوری آرام چاہتے ہیں تو یہ ٹوٹکا بھی فائدہ مند ہوسکتا ہے۔ کسی برتن میں پانی لے کر اس میں مسٹرڈ پاؤڈرملائیں اور اپنے دونوں پیر اس پانی میں ڈبولیں۔
پاؤں میں جو خون گردش کررہا ہوتا ہے وہ اکثر سر کی شریانوں میں خون کا بہاؤ کم کرنے کا سبب بنتا ہے۔ نیم گرم پانی میں مسٹرڈ پاؤڈر ڈال کر آدھے گھنٹے اپنے پاؤں اس پانی میں ڈبو دیں تاکہ خون کی گردش معمول پر آئے۔
درد شقیقہ کی کئی وجوہات میں سے ایک وجہ جسم میں پانی کی کمی بھی ہوسکتی ہے۔ اکثر خواتین و حضرات پانی پینا بھول جاتے ہیں۔
اگر آپ کے ساتھ ایسی صورتحال پیش آئے کہ اچانک سر میں درد اٹھ جائے تو ایک سے دو گلاس پانی پیئیں تاکہ جسم میں پانی کی کمی دور ہوسکے اور مائیگرین میں کمی آئے۔
نوٹ: ان ٹوٹکوں کے استعمال سے پہلے طبی ماہرین کی آرا بھی ضرور لیں۔ درد زیادہ شدید ہونے کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔