افطاری میں ’امرود کا شربت‘ گھر میں بنا کر لازمی پئیں
روزہ رکھنے کے بعد شام کو افطار کے وقت ہمارا معدہ بالکل خالی ہوتا ہے اور اگر اس کو تلی ہوئی اشیاء یا مرغن غذاؤں سے بھر دیں گے تو یقیناً صحت پر اس کا برا اثر ہی پڑے گا۔
معروف شیف ثمرین جنید نے بتایا کہ افطار کے وقت زیادہ تر ان چیزوں کو کھائیں جو فرائی نہ کی گئی ہوں اور نہ ہی وہ مرغن ہوں بلکہ پھل فروٹ، مختلف اقسام کے سلاد اور دہی کا استعمال لازمی کریں۔
انہوں نے کہا کی پیاس کی طلب کو پورا کرنے کیلئے سادہ پانی کے علاوہ اگر کوئی شربت پینا ہے تو گھر میں ہی امرود کا شربت بنائیں جو بہت آسان ہے۔ بازار کے ملنے والے پاؤڈر یا سوفٹ ڈرنکس سے ممکن ہو سکے اجتناب برتیں۔
امرود کا شربت بنانے کیلئے ایک کلو امرود کچے پکے مکس لیں اس کو ایک برتن میں ڈال کر پانی شامل کریں اور اسے ہاتھ سے اتنا بلینڈ کریں کہ پیسٹ سا بن جائے، پھر اس کو چھان کر ابالنے کیلئے چولہے پر رکھ دیں۔
اس کے اندر حسب ذائقہ کالا نمک اور ایک کلو امرود میں تین سے چار چمچ چینی شامل کرلیں، یا چینی کی جگہ اسٹیویا ڈالا جائے تو زیادہ اچھی بات ہے۔ ابالتے ہوئے اس میں چمچ چلاتے رہیں تاکہ زیادہ گاڑھا نہ ہوجائے اور ضرورت کے تحت اس میں چند گھونٹ پانی ڈال سکتے ہیں۔
دس منٹ بعد اس میں جب ابال آّجائے تو اسے ٹھنڈا کرنے کیلئے بوتلوں میں بھرلیں اور بعد میں ایک گلاس پانی میں ایک یا دو چمچ امرود کا پیسٹ شامل کرکے نوش فرمائیں۔
اسٹویا کیا ہے ؟
اسٹیویا ایک قدرتی میٹھا ہے جو اسٹیویا کے پودے کے پتوں سے حاصل کیا جاتا ہے چونکہ اس میں صفر کیلوریز ہیں لیکن یہ ٹیبل شوگر سے 200 گنا زیادہ میٹھی ہے، ایک چٹکی اسٹیویا پاؤڈر تقریباً ایک چائے کا چمچ ٹیبل شوگر کے برابر ہے۔
اس کے پتوں میں کرومیم، زنک، پوٹاشیم، میگنیشیم، کیلشیم، سیلینیم، تانبے، فاسفورسس، سٹییو میکرو اور مائیکرو یلیٹس کی بڑی تعداد اس میں موجود ہوتی ہے۔