
ایران کا کہنا ہے کہ اسلامی دنیا سے درخواست کی ہے کہ اسرائیل کے ساتھ اپنے سیاسی تعلقات کو فوری طور پر ختم کر دیں۔
پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے سیمینار سے خطاب میں کہا کہ ایران کے آئین میں مظلوموں کی حمایت کا قانون موجود ہے۔
رضا امیری مقدم نے کہا کہ 44 سال میں ایران کے خلاف ہر قسم کی سازشیں کی گئیں لیکن ہم نے تمام سازشوں کا بہادری اور اتحاد کے ساتھ مقابلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور عراق جنگ کے پیچھے عالمی قوتیں سرگرم تھیں، ایرانی ایٹمی پروگرام کے خاتمے کی کوششیں کی گئیں لیکن پابندیوں کا عوام نے مقابلہ کیا اور وہ ختم ہوئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران اسلامی ممالک کی حمایت ہمیشہ کرتا ہے، فلسطین کا مسئلہ اسلام اور مغربی قوتوں کی جنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی ایران سے صرف ایٹمی قوت کی وجہ سے دشمنی نہیں بلکہ دشمنی کی وجہ فلسطین کی حمایت بھی ہے۔
سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ ہم نے فلسطین کی حمایت کی ہے اور کرتے رہیں گے، اسلامی دنیا سے درخواست ہے اسرائیل کے ساتھ سیاسی تعلقات ختم کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے فلسطین سے ہمدردی کا اظہار سڑکوں پر نکل کر کیا وہ قابل ستائش ہے، پاکستان کے ساتھ تجارتی اور ثقافتی تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں۔
قبل ازیں، اے پی پی کے مطابق ایرانی سفیر نے نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی سے ملاقات کی اور ان سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دونوں ملکوں اور پاک ایران بارڈر پر سکیورٹی اور تجارتی امور سے متعلق عوام اور تجارت پیشہ افراد کو درپیش مسائل اور مشکلات کے حل کیلیے اقدامات اٹھائے جائیں گے اور وفاق سے متعلق امور میں حکومت سے بات کی جائے گی۔
ملاقات کے اختتام پر نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی اور جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری نے روایتی تحائف اور سوئینر کا تبادلہ کیا۔