تازہ ترینخبریںپاکستان

سینیٹر مشتاق احمد خان کا سویڈن کے سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ

جماعت اسلامی پاکستان کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر اس کے پاکستان میں موجود سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے سینیٹر مشتاق احمد خان نے قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ کاغذ کے ٹکڑوں سے زیادہ حیثیت نہ رکھنے والی قرارداد سے کچھ نہیں ہوگا، عملی اقدام کرنا ہے تو سویڈن کے سفیر کو ملک بدر کریں اور اپنا سفیر وہاں سے واپس بلائیں۔

مشتاق احمد خان نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی قرارداد پر خوشیاں نہ منائی جائیں، یہ تنظیم تو ’انجمن غلامان امریکا‘ ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی ہوئی لیکن 60 اسلامی ممالک کے سربراہان کہاں ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ سویڈن حکومت نے آزادی اظہار کے نام پر بے حرمتی کی اجازت دی، کیا سویڈن حکومت آزادی اظہار کے نام پر اپنا پرچم جلانے کی اجازت دے گی؟

جماعت اسلامی کے سینیٹر نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اقوام متحدہ میں جا کر عالمی قانون سازی کروائیں تاکہ تمام مقدس کتابوں کے احترام کو یقینی بنایا جائے۔

امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات کا تذکرہ کرتے ہوئے مشتاق احمد خان نے کہا کہ عافیہ صدیقی نے ملاقات میں بتایا کہ انہیں قرآن کی بے حرمتی کیلیے مجبور کیا جاتا ہے، انہوں نے بتایا کہ جیل میں مسلمان قیدیوں کے ساتھ بُرا سلوک کیا جاتا ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button