Editorial

بھارت اوچھی حرکتوں سے باز رہے

بھارت خطے کی چودھراہٹ حاصل کرنے کا خواب عرصۂ دراز سے دیکھتا چلا آرہا ہے۔ اس کے خواب کی تکمیل میں پاکستان اور چین سب سے بڑی رُکاوٹ ہیں۔ بھارت پاکستان اور چین کے لیے بے پناہ بغض رکھتا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے خلاف یہ بارہا فوجی جارحیتوں کی مذموم کوششیں کر چکا ہے اور ہر بار ہی اسے منہ توڑ جواب ملا ہے۔ جب اپنی ہر جارحیت میں اسے منہ کی کھانی پڑی تو اس نے اپنے ایجنٹوں اور کاسہ لیسوں کے ذریعے پاکستان میں امن و امان کی فضا خراب کرنے کی مذموم کوشش کی، اس کے کئی ایجنٹ گرفتار ہوچکے ہیں جو پاکستان میں دہشت گردی کی مذموم کارروائیوں میں ملوث رہے۔ خطے کے کسی ملک سے اس کی نہیں بنتی یہاں تک کہ سری لنکا اور بنگلادیش وغیرہ سے بھی اس کے تنازعات پائے جاتے ہیں۔ اس کی ضدی اور ہٹ دھرم طبیعت کے باعث سبھی اس سے متنفر رہتے ہیں۔ اس کا مکروہ چہرہ دُنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے۔ اس کی جھوٹی خبریں اور پروپیگنڈے پھیلانے کا نیٹ ورک ڈس انفولیب عالمی سطح پر سامنے آچکا ہے۔ پاکستان کے ساتھ تنازع کے انتظار میں رہتا ہے۔ گزشتہ روز بھی اس نے ایسی ہی اوچھی حرکت لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کرکے کی ہے۔ بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ سے 2 شہری شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے ستوال سیکٹر میں کشمیری چرواہوں پر بلااشتعال فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 2شہری شہید اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ بھارتی فوج نے ہفتہ کو 11بج کر 55منٹ پر ایل او سی کے ستوال سیکٹر پر اندھا دھند فائرنگ کی، فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں 22سال کا شہری عبید قیوم اور 55سال کا محمد قاسم شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان ایل او سی پرشہریوں کے تحفظ کے لیے جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے، یہ بھارتی فوج کا جغرافیائی سیاسی محرکات، جھوٹے بیانیے، من گھڑت الزامات کا نیا سلسلہ ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت منصوبے کے تحت من گھڑت بیانیے کی تسکین کے لیے معصوم جانوں کے درپے ہے۔ اس حوالے سے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ماہر قومی سلامتی امور سید محمد علی نے کہا کہ اس واقعے کی ٹائمنگ مودی کے دورۂ امریکا سے منسلک ہے، بھارت پاکستان کو یہ باور کرانے کی ناکام کوشش کرنا چاہتا ہے کہ اسے امریکا کی آشیرواد حاصل ہے، لیکن ہمیں یقین ہے کہ بھارت کو منہ توڑ جواب کا سامنا کرنا ہوگا، پاکستان بلکہ کشمیری حریت پسند بھی بھارت کو ناکوں چنے چبوانے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی دورائے نہیں ہونی چاہیے کہ پاکستان کی افواج مکمل طور پر تیار ہے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے، کشمیری اور پاکستانی یک جان دو قالب ہیں، ہم ایل او سی کی جانب کسی بھی جارحیت کو برداشت نہیں کریں گے۔بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ اور اس میں دو پاکستانی شہریوں کی شہادت کا واقعہ ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے۔ پاکستان اس کا بھرپور اور کرارا جواب دینے کی بھرپور اہلیت رکھتا ہے۔ کم وسائل کی باوجود ہماری افواج کا شمار دُنیا کی بہترین فوجوں میں ہوتا ہے۔ وطن عزیز کے ایک ایک ذرے کی حفاظت کا عزم کیا ہوا ہے۔ پاک افواج کا ہر افسر اور جوان ملک کے لیے اپنی جان قربان کرنے سے گریز نہیں کرتا۔ لہٰذا بھارت ایسے مذموم ایڈونچرز سے باز رہے۔ بھارت ایل او سی بلااشتعال فائرنگ کرکے کون سے مفاد حاصل کرنا چاہتا ہے۔ یہ واقعہ گزشتہ روز بھارت اور امریکا کے مشترکہ اعلامیے کے سلسلے کی ایک کڑی ہی معلوم ہوتا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے خطے کی چوہدراہٹ کے اسی خواب کی تکمیل کے لیے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی امریکا کے دورے پر گئے، جہاں اُن کے خلاف امریکن انڈین کمیونٹی کی جانب سے سخت احتجاج سامنے آیا۔ مسلمان، سکھ اور عیسائی برادری کے افراد نے شدید احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے انڈیا شیم اور گو بیک مودی کے نعرے لگائے۔ اُنہوں نے بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ روا امتیازی سلوک کا پردہ چاک کرکے رکھ دیا۔ بھارت میں انتہاپسندوں کی جانب سے اقلیتوں کے حقوق غصب کرنے کی داستان الم کہہ سنائی۔ جس پر امریکا سے تعلق رکھنے والے غیر جانب دار حلقے اور سیاست دان بھارت کی مذمت بھی کرتے دِکھائی دیے۔ اس کے باوجود امریکا کی جانب سے مودی کو ہاتھوں ہاتھ لیا گیا، جوبائیڈن ان کو بھرپور تھپکی دیتے ہوئے نظر آئے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی امریکی صدر جوبائیڈن سے ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں پاکستان سے بھارت کو نشانہ بنانے والی تنظیموں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق امریکا اور بھارت نے عالمی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے ایک ساتھ کھڑے رہنے، ہر طرح کی دہشت گردی اور پُرتشدد انتہاپسندی کی مذمت کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ القاعدہ، داعش، لشکر طیبہ، جیش محمد اور حزب المجاہدین سمیت اقوام متحدہ کی فہرست میں شامل تمام دہشت گرد گروہوں کے خلاف اجتماعی طور پر کارروائی کی جائے۔ پاکستان نے اس پر کرارا جواب دینے کے ساتھ گزشتہ روز شدید ردّعمل بھی دیا تھا۔ بھارت پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے۔ وطن عزیز خطے کی ترقی اور خوش حالی کی تمنا رکھتا ہے۔ اس لیے بھارت کے ساتھ تعلقات کو مناسب سطح پر لانا چاہتا ہے، لیکن بھارت کبھی بھی پاکستان سے تعلقات کی بہتری میں سنجیدگی نہیں دِکھاتا، بلکہ تنازع کھڑا کرنے کے مواقع ڈھونڈتا رہتا ہے۔ بھارت اپنی مذموم سازشوں اور حرکتوں سے تائب ہوجائے، ورنہ اسے اس کا بھاری خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ بھارت کو یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا تھا اور یہ تاقیامت قائم رہے گا۔ بھارت کی اس طرح کی اوچھی حرکتیں، ہتھکنڈے، سازشیںپہلے بھی ہر بار ناکام ہوئی ہیں اور آئندہ بھی ایسا ہی ہوگا۔ پاکستان کو دُنیا کی سب سے بہترین، پیشہ ور افواج کا ساتھ حاصل ہے، جس کا نام سنتے ہی بھارت پر کپکپی طاری ہوجاتی ہے۔
عید پر ریلوے کرایوں میں کمی کا احسن فیصلہ
عیدالاضحیٰ کی آمد آمد ہے۔ اس حوالے سے ملک کے طول و عرض میں تیاریاں زورشور سے جاری ہیں۔ عید کے موقع پر ملک کے طول و عرض خاص کر بڑے شہروں میں روزگار کی غرض سے مقیم لوگوں کی بڑی تعداد تہوار اپنے اہل خانہ کے ساتھ منانے کے لیے جاتی ہے۔ اس موقع پر اکثر دیکھا گیا ہے کہ انٹرسٹی بسوں کے مالکان عوام کی جیبوں پر بھرپور نقب لگاتے ہیں اور کرایوں میں دوگنا اضافہ کردیتے ہیں۔ اس مہنگائی کے دور میں غریب شہریوں پر یہ بدترین بوجھ ثابت ہوتا ہے۔ بہت سے لوگوں کے لیے اتنا زیادہ کرایہ ادا کرنا اُن کی سکت سے باہر ہوتا ہے۔ اس لیے ان میں سے زیادہ تر لوگ مسافر ٹرینوں میں سفر کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ پاکستان ریلوے کی جانب سے ہر سال ہی عید کے موقع پر ٹرین کرایوں میں خصوصی رعایت دی جاتی ہے، اس بار اس حوالے سے احسن فیصلہ سامنے آیا ہے اور عیدالاضحیٰ کے دنوں میں کرایوں میں بڑی کمی کی گئی ہے۔ پاکستان ریلوے نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر مسافر ٹرینوں کے کرائے میں 33فیصد کمی کا اعلان کر دیا۔ پاکستان ریلوے کی جانب سے کرایوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ عید کی اسپیشل ٹرینوں پر کرائے میں کمی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 29جون اور یکم جولائی کو جانے والی مسافر ٹرینوں پر فیصلے کا اطلاق ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مسافروں کو دو سے زیادہ بار رعایتیں حاصل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ خیال رہے کہ رواں سال بھی عیدالاضحیٰ کے موقع پر اسپیشل ٹرینیں چلائی جائیں گی۔یہ بلاشبہ قابل تعریف اقدام قرار پاتا ہے۔ موجودہ مہنگائی کے اس دور میں اتنے بڑے ریلیف کی نظیر قائم کرنا یقیناً بڑا فیصلہ ہے، جسے ہر سطح پر سراہا جارہا ہے۔ اس فیصلے سے مسافروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ دوسری جانب ضروری ہے کہ عید کے موقع پر انٹرسٹی ٹرانسپورٹ مافیا کو لگام دینے کے لیے حکومت اور متعلقہ انتظامیہ راست اقدامات ممکن بنائے۔ مقرر کردہ کرائے سے زائد وصول کرنے والوں کے خلاف ملک بھر میں کارروائیاں کی جائیں۔ عوام کی جیب پر نقب لگانے والے ٹرانسپورٹرز کسی رورعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ یہ پہلے ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں گزشتہ مہینے ہونے والی کمی کے ثمرات سے مسافروں کو محروم رکھے ہوئے اور زائد کرایہ وصول کرنے کی روش پر قائم ہیں۔ اگر حکومت انٹرسٹی بس مالکان کی لوٹ مار کو روکنے میں کامیاب ہوگئی تو اس سے عوام کی بڑی تعداد کو فائدہ پہنچے گا اور یہ حکومت اور متعلقہ اداروں کی بڑی خدمت شمار ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button