تازہ ترینخبریںپاکستان

عمران خان کی گرفتاری کے بعد احتجاجی مظاہروں میں کم از کم تین افراد ہلاک

سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد شروع ہونے والے ملک گیر احتجاجی مظاہروں میں اب تک تین ہلاکتوں اور درجنوں سے زیادہ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ اب تک کوئٹہ، لاہور اور چکدرہ میں ایک، ایک ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیا اللہ نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں تحریک انصاف کے کارکنوں کے احتجاج کے دوران ایک شخص ہلاک اور چھ پولیس اہلکاروں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے۔

ادھر لاہور میں ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ شب لبرٹی مارکیٹ کے قریب واقع عسکری پلازہ سے ایک نامعلوم لاش برآمد کی گئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ نذر آتش کی گئی عمارت پر صورتحال اب قابو میں ہے جبکہ 14 متاثرین کو وہاں سے نکالا گیا تھا۔

خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے تھے جن میں متعدد مقامات پر توڑ پھوڑ اور املاک کو آگ لگائی گئی تھی جبکہ چکدرہ میں احتجاج کرنے والے مظاہرین پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور 13 زخمی ہو گئے تھے۔

سول ہسپتال بٹ خیلہ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عرفان نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ ان کے ہسپتال میں ایک لاش اور 13 زخمی لائے گئے تھے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک تھی، اس لیے انھیں پشاور ہسپتال ریفر کر دیا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان میں بیشتر افراد گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button