Editorial

بھارت امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے

وطن عزیز اپنے قیام سے ہی امن پسند ملک کے طور پر جانا جاتا رہا ہے۔ ایک دو ملکوں کو چھوڑ کر سب سے پاکستان کے اچھے تعلقات ہیں۔ پاکستان دُنیا میں امن و سلامتی کا متمنی رہا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف وطن عزیز نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور اس کے قلع قمع میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ بھارت تقسیم ہند سے ہی پاکستان کا دشمن رہا ہے۔ وطن عزیز کے خلاف سازش کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا۔ مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ اس کی ہٹ دھرمی، ضد اور جارحیت کے باعث آج تک حل نہیں ہوسکا ہے۔ پاکستان کے خلاف ہر فورم پر یہ سازشیں رچاتا ہے۔ جنگیں اور حملے کر چکا، ہر بار پاک افواج نے اس کے ایڈونچرز کا منہ توڑ جواب دیا۔ اب بھی یہ اپنی حرکتوں سے باز نہیں آتا۔ نریندر مودی جب سے برسراقتدار آئے ہیں، پاک بھارت کے درمیان تعلقات میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں اُس نے ظلم کی انتہا کردی ہے۔ کشمیری مسلمانوں کے ساتھ انسانیت سوز سلوک میں شدت آئی ہے۔ پاکستان اب بھی خطے میں امن کا خواہاں ہے، مسئلہ کشمیر کا پُرامن تصفیہ چاہتا ہے، بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے، تاکہ جنوبی ایشیا میں بسنے والے لوگوں کے مسائل حل ہوسکیں اور انہیں پُرامن ماحول میسر آسکے۔ پاکستان نے اس حوالے سے ڈھیروں کوششیں بھی کیں، لیکن بھارتی ہٹ دھرمی، ضد اور انا پرستی نے ان کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا۔ اُس نے ہر بار پاکستان کی جانب سے امن کے لیے کی گئی کوششوں کو کمزوری سمجھا۔ حالانکہ پاکستان نے بڑے پن کا ثبوت دیتے ہوئے نیک نیتی سے آگے بڑھنے کی کوشش کی اور تمام معاملات اور تنازعات کو مذاکرات کی میز پر حل کرنے کی ریت ڈالنے کی کاوش کی، لیکن بھارتی ضد ہر مرتبہ آڑے آئی۔ اسی ضمن میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، بھارت اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے، عالمی معاشی بحران سے پاکستانی عوام کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان رسالپور میں پاسنگ آئوٹ پریڈ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاس آئوٹ ہونے والے کیڈٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاک فضائیہ کی اکیڈمی میں اعلیٰ معیار اور ڈسپلن دیکھ کر خوشی ہوئی ہے، پاس آئوٹ ہونے والے کیڈٹس مستقبل کا اثاثہ ہیں، ان کیڈٹس کو کامیابی ان کی مسلسل محنت اور غیرمتزلزل عزم کے باعث ملی ہے، پاک فضائیہ نے کسی بھی چیلنج میں ملک کا نام روشن کیا، پاک فضائیہ دنیا بھرمیں بے مثال مہارت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ پاک فضائیہ نے فروری 2019ء میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، گزشتہ دو عشروں کے دوران قوم نے دہشت گردی، انتہاپسندی اور شدت پسندی کا سامنا کیا، پاک فوج سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس ناسور کا جواں مردی سے مقابلہ کیا، پوری قوم افواج پاکستان کی پشت پر کھڑی ہے، یقین ہے کہ مسلح افواج ہمیشہ قوم کی امنگوں پر پورا اتریں گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو موسمیاتی تبدیلی سمیت متعدد چیلنج درپیش ہیں، پاکستان کو معاشی مسائل کا سامنا ہے، معیشت کو درست راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، اس لیے میثاق معیشت چاہتے ہیں، عالمی معاشی بحران سے پاکستانی عوام کو متاثر نہیں ہونے دیں گے، جلد ملک کے معاشی حالات بہتر ہوجائیں گے، اللہ تعالیٰ ملک کی ترقی کے لیے ہمیں مل کر کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پُرامن ملک ہے تاہم ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیرمیں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، اگست 2019 ء سے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کو کھلی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے، کشمیر کا دیرینہ تنازع کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے کیونکہ اس تنازع کو حل کئے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ تمام ملکوں بالخصوص ہمسایہ ممالک سے دوطرفہ دوستانہ تعلقات کے خواہاں ہیں، خطے میں امن کیلئے ہمسایہ ممالک سے مل کر کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہترین منظم اور پیشہ ور پاک فضائیہ کی سربراہی پرپاک فضائیہ کی سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے پاس ہونے والے کیڈٹس کوبیج لگائے۔ انہوں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔ وزیراعظم کا مسئلہ کشمیر کے حوالے سے فرمانا بالکل بجا ہے۔ بھارت کو اس حوالے سے ہٹ دھرمی اور ضد کی چادر اُتارتے ہوئے اپنے ملک و قوم اور خطے کی بہتری کے لیے کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ میں منظور کردہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی جانب پیش قدمی کرنی چاہیے۔ وہ اپنے بجٹ کا بڑا حصہ دفاع پر خرچ کرتا ہے۔ حالانکہ بھارت کے اکثر عوام بیت الخلاء کی سہولت تک سے محروم ہیں۔ غربت و تنگ دستی راج کرتی ہے۔ کتنے ہی بھارتی سڑکوں پر سوتے اور امیر زادوں کی گاڑیوں تلے کچلے جاتے ہیں۔ بھارتی حکومت کی ہٹ دھرمی کے باعث وہاں غربت انتہا پر پہنچی ہوئی ہے۔ اقلیتوں سے ناروا سلوک میں مودی دور میں شدت آئی ہے۔ اسی باعث وہاں پچاس سے زائد علیحدگی کی تحاریک چل رہی ہیں، جو ایک دن بھارت کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کا باعث ثابت ہوں گی۔ اس سے قبل بھارت ہوش کے ناخن لے لے تو وہ اس کے حق میں بہتر ثابت ہوگا۔ پاک فضائیہ کے حوالے سے وزیراعظم کا فرمانا بالکل بجا ہے۔ فروری 2019ء میں پاک فضائیہ نے بھارت کا غرور و تکبر خاک میں ملانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ وزیراعظم میاں شہباز شریف کا معیشت کے حوالے سے بیان حوصلہ افزا قرار پاتا ہے۔ موجودہ حکومت ملک کو معاشی بحران سے نکالنے میں سنجیدہ ہے اور اس حوالے سے راست اقدامات ممکن بنا رہی ہے۔ چند مشکل فیصلے کئے گئے ہیں، بلاشبہ مہنگائی زیادہ ہے، لیکن حکومت نیک نیتی کے ساتھ بہترین اقدامات کرتے ہوئے ملک و قوم کو خوش حالی سے جلد ہمکنار کرنے میں ضرور سرخرو ہوگی۔
کچے میں شرپسندوں کے خاتمے کا عزم
پنجاب میں کچے کے علاقے میں عرصہ دراز سے شرپسندوں کی اجارہ داری تھی، بدامنی، لوٹ مار، جرائم اور دیگر خرابیوں کا دور دورہ تھا۔ اس کے خاتمے کے لیے پولیس آپریشن جاری ہے، جس میں بڑی کامیابیاں سمیٹی گئی ہیں۔ کئی شرپسند جہنم واصل کیے گئے ہیں اور کئی گرفتار بھی ہوئے ہیں۔ پولیس کے اس آپریشن میں اب مزید تیزی آگئی ہے۔ اسی حوالے سے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اہم اجلاس ہوا، جس میں کچے کے علاقے میں شرپسندوں کے خلاف جاری پولیس آپریشن کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس آپریشن کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کچے میں 51ہزار ایکڑ علاقے کو کلیئر کرالیا گیا ہے اور شرپسندوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دئیے گئے ہیں جب کہ دیگر علاقے کو کلیئر کرانے کے لیے آپریشن تیز کر دیا گیا ہے اور پنجاب پولیس کے تازہ دم دستے بھی کچے میں پہنچ گئے ہیں۔ نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پولیس آپریشن میں کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں کی جرأت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسروں اور جوانوں کی بہادری اور جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔ کچے کے علاقے میں شرپسندوں کا مکمل خاتمہ کرکے پائیدار امن قائم کیا جائے گا۔ بلاشبہ 51ہزار ایکڑ علاقے کو کلیئر کرانا اور مزید کامیاب کارروائیاں لائق تحسین اور سراہے جانے کے قابل اقدامات ہیں۔ اُن کی کارروائیوں کو ملک بھر میں پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے۔ یہ سب پنجاب کی بہادر پولیس کے افسروں اور جوانوں کی شب و روز محنتوں کا نتیجہ ہے، جو کافی دنوں سے کچے کے علاقے میں شرپسند عناصر کے ساتھ برسر پیکار ہیں۔ اُن خطرناک دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہے اور ان علاقوں کو امن و امان واپس لانے کے لیے کوشاں ہیں۔ اس موقع پر نگراں پنجاب حکومت کی تعریف نہ کرنا ناانصافی کے زمرے میں آئے گا، جس نے کچے کے علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کا عزم مصمم کیا، اس حوالے سے اقدامات کو ممکن بنایا اور اس عزم کی تکمیل کے لیے سنجیدگی کے ساتھ کوشاں نظر آتی ہے۔ کچے کے علاقے میں آپریشن کے دوران سمیٹی گئی کامیابیوں پر نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی مبارک باد کے مستحق ہیں۔ امید کی جانی چاہیے کہ اسی طرح کارروائیاں جاری رہیں تو ان شاء اللہ وہ دن دُور نہیں جب کچے کا علاقہ مکمل طور پر امن و امان کا حامل ہوگا اور وہاں سے دہشت گردوں کا ناپاک وجود ختم ہوجائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button