ذہنی دبائو: ایک خاموش قاتل
ذہنی دبائو: ایک خاموش قاتل
تحریر : صفدر علی حیدری
انسان کا جسم بیمار ہو تو بیماری کسی نہ کسی صورت دکھائی دینے لگتی ہے، لیکن ذہن بیمار ہو تو ضروری نہیں کہ اس کی تکلیف کسی کو نظر بھی آئے۔ وہ بظاہر ہنستا ہے، لوگوں سے ملتا ہے، ملازمت کرتا ہے، کاروبار چلاتا ہے اور گھر کی ذمہ داریاں نبھاتا ہے، مگر اس کے اندر ایک ایسی جنگ جاری ہوتی ہے جس کا کسی کو علم نہیں ہوتا۔
چہرے پر مسکراہٹ اور ذہن میں اندیشوں کا ہجوم! یہی آج کے انسان کی ایک بڑی المیہ خیز حقیقت ہے۔سہولتیں بڑھ گئی ہیں، رابطے آسان ہو گئے ہیں، معلومات کا سمندر ہماری انگلیوں میں آ گیا ہے، لیکن سکون کم ہوتا جا رہا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری، معاشی عدم تحفظ، گھریلو مسائل، بچوں کے مستقبل کی فکر، رشتوں کی تلخیاں اور سوشل میڈیا پر دوسروں سے مقابلے کی فضا نے انسان کو مسلسل ذہنی دبائو میں مبتلا کر رکھا ہے۔
وہ دن بھر مصروف رہتا ہے اور رات کو بستر پر لیٹتے ہی خیالات کی ایک نئی دنیا آباد ہو جاتی ہے۔ اسی کیفیت کو سمجھنے کے لیے تین اصطلاحات اہم ہیں: سٹریس، ایگزائٹی اور ڈپریشن۔
سٹریس: ذہنی دبائو کی پہلی دستک
سٹریس کسی مشکل، ذمہ داری یا پریشان کن صورت حال کے جواب میں ذہن اور جسم کا فطری ردعمل ہے۔ ملازمت کا خطرہ، کاروباری نقصان، گھریلو اختلافات یا کسی عزیز کی بیماری اس کا سبب بن سکتے ہیں۔ معمولی دبائو ہمیشہ نقصان دہ نہیں ہوتا۔ امتحان سے پہلے طالب علم کی پریشانی اسے محنت پر آمادہ کر سکتی ہے، لیکن جب پریشانی مستقل ہو جائے اور انسان کو ذہنی آرام میسر نہ آئے تو یہ اس کی صحت متاثر کرنے لگتی ہے۔
ایگزائٹی: جب خوف حقیقت سے بڑا ہو جائے
ایگزائٹی یا اضطراب میں انسان صرف موجودہ مسائل سے پریشان نہیں رہتا بلکہ ان خدشات سے بھی خوف زدہ رہنے لگتا ہے جو ابھی پیش ہی نہیں آئے۔ اگر ملازمت ختم ہو گئی تو؟ اگر کاروبار مزید خراب ہو گیا تو؟، اگر کوئی بیماری لاحق ہو گئی تو؟، اگر بچوں کا مستقبل محفوظ نہ رہا تو؟۔ ایسے سوالات ذہن میں مسلسل گردش کرتے رہتے ہیں۔ نیند متاثر ہوتی ہے، دل کی دھڑکن تیز محسوس ہوتی ہے اور معمولی جسمانی تبدیلی بھی خوف پیدا کر سکتی ہے۔ ہر بے چینی ذہنی بیماری نہیں، لیکن جب اضطراب قابو سے باہر ہو کر روزمرہ زندگی متاثر کرنے لگے تو ماہر سے رجوع کرنا ضروری ہے۔
ڈپریشن: جب زندگی سے رنگ رخصت ہونے لگیں
ڈپریشن محض اداسی کا نام نہیں۔ یہ ایسی نفسیاتی کیفیت ہے جس میں انسان کی دلچسپی، خوشی، توانائی اور خود اعتمادی متاثر ہونے لگتی ہے۔ پسندیدہ مشاغل بے لطف ہو جاتے ہیں، دوستوں سے ملنے کو دل نہیں چاہتا اور بعض اوقات انسان خود کو بے کار یا دوسروں پر بوجھ سمجھنے لگتا ہے۔ نیند اور بھوک میں تبدیلی، مسلسل تھکاوٹ اور ناامیدی بھی اس کی علامات ہو سکتی ہیں۔
یہ سمجھنا ضروری ہے کہ ہر سٹریس لازماً ایگزائٹی اور ہر ایگزائٹی لازماً ڈپریشن میں تبدیل نہیں ہوتی۔ ان کے اسباب مختلف بھی ہو سکتے ہیں، تاہم بعض افراد میں یہ کیفیات ایک دوسرے کو بڑھا سکتی ہیں۔
ذہن کی جنگ اور جسم کی قیمت
دماغ اور جسم ایک دوسرے سے الگ نہیں۔ خوف، غصے اور پریشانی کے دوران جسم میں ایڈرینالین اور دیگر تنائو سے متعلق ہارمونز کی سرگرمی بڑھ سکتی ہے۔ دل کی دھڑکن تیز ہوتی ہے، خون کی نالیاں سکڑ سکتی ہیں اور بلڈ پریشر عارضی طور پر بلند ہو سکتا ہے۔
قدیم انسان کو کسی خطرناک جانور سے مقابلے یا فرار کے لیے جسمانی طور پر تیار ہونا پڑتا تھا۔ آج شیر اور چیتے کم دکھائی دیتے ہیں، لیکن معاشی نقصان، ملازمت کے خاتمے، رشتوں کی ناکامی اور مستقبل کے عدم تحفظ کے خوف نے ہمارے ذہنوں میں مستقل ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔
بلڈ پریشر؛ ایک اہم خطرہ
مسلسل ذہنی دبائو بلڈ پریشر کو متاثر کر سکتا ہے، لیکن یہ کہنا درست نہیں کہ ہر مریض کا بلند فشارِ خون صرف پریشانی کی وجہ سے ہے۔ عمر، موروثی عوامل، موٹاپا، نمک کا زیادہ استعمال، ذیابیطس، گردوں کی بیماریاں اور جسمانی غیرفعالیت بھی اس کے اہم اسباب ہیں۔ بلڈ پریشر اکثر بغیر کسی واضح علامت کے بھی بلند رہتا ہے۔ اس لیے باقاعدہ پیمائش اور طبی معائنہ ضروری ہے۔ مسلسل بلند فشارِ خون دل، دماغ اور گردوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ اسے محض ذہنی پریشانی سمجھ کر نظر انداز کرنا خطرناک ہے۔
نیند اور ذہنی سکون کا رشتہ
ذہنی دبائو کا ایک بڑا اثر نیند پر پڑتا ہے۔ رات کی خاموشی میں دن بھر دبائے گئے خیالات دوبارہ جاگ اٹھتے ہیں۔ نیند پوری نہ ہو تو اگلے دن چڑچڑاپن، تھکاوٹ اور بے چینی بڑھ جاتی ہے۔ یوں ذہنی دبا اور نیند کی خرابی ایک دوسرے کو مزید بڑھانے لگتے ہیں۔
معاشرہ ذہنی بیماری کو کیوں نہیں سمجھتا؟
ہمارے ہاں جسمانی بیماری کو تو تسلیم کیا جاتا ہے لیکن ذہنی تکلیف پر اکثر نصیحتوں کے ڈھیر لگا دئیے جاتے ہیں۔تمہارے پاس کس چیز کی کمی ہے؟ ذرا ہمت کرو، سب ٹھیک ہو جائے گا!
یہ جملے بعض اوقات متاثرہ انسان کی تکلیف مزید بڑھا دیتے ہیں۔ ذہنی بیماری کردار کی کمزوری یا کمزور ایمان کی لازمی علامت نہیں۔ دعا، عبادت اور روحانی وابستگی سکون اور حوصلہ فراہم کر سکتی ہیں، لیکن ضرورت پڑنے پر نفسیاتی مشاورت اور طبی علاج بھی ضروری ہے۔
بچائو اور علاج ممکن ہے
زندگی سے مسائل ختم نہیں کیے جا سکتے، لیکن ان سے نمٹنے کا طریقہ ضرور سیکھا جا سکتا ہے۔ اپنے مسائل کسی قابلِ اعتماد شخص سے بیان کریں، روزانہ چہل قدمی اور ورزش کریں، نیند کا معمول بہتر بنائیں اور موبائل فون و سوشل میڈیا سے کچھ وقت کے لیے دور رہیں۔
کتاب پڑھیں، دوستوں سے ملیں، بچوں کے ساتھ وقت گزاریں اور اپنے پسندیدہ مشاغل زندہ رکھیں۔
اگر بے چینی، ناامیدی یا اداسی مسلسل برقرار رہے اور روزمرہ زندگی متاثر ہونے لگے تو ماہرِ نفسیات یا ماہرِ امراضِ نفسیات سے رجوع کریں۔ اضطراب اور ڈپریشن قابلِ علاج کیفیات ہیں۔ ضرورت کے مطابق تھراپی اور ادویات سے مدد لی جا سکتی ہے۔ اسی طرح بلڈ پریشر کی دوا ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر بند نہ کریں۔
ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ ہمارے آس پاس کوئی شخص خاموش رہنے لگا ہے، محفلوں سے دور ہو رہا ہے یا مسلسل اداس دکھائی دیتا ہے تو اسے تنہا نہ چھوڑیں۔ ممکن ہے اسے کسی نصیحت کی نہیں بلکہ ہماری توجہ اور چند لمحوں کی رفاقت کی ضرورت ہو۔
زندگی صرف دولت، عہدے، مکان اور گاڑی کا نام نہیں۔ ان نعمتوں سے لطف اندوز ہونے کے لیے صحت مند جسم اور مطمئن ذہن بھی ضروری ہے۔
دوسروں کے لیے جیتے جیتے اپنی ذات کو نظر انداز نہ کریں۔ ہر بحث جیتنا، ہر شخص کو خوش رکھنا اور ہر توقع پوری کرنا ممکن نہیں۔ اپنی ذات پر رحم کرنا بھی سیکھیں۔
سکون کوئی عیش و عشرت نہیں، انسانی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے۔ جسم کی طرح ذہن کی صحت کا خیال رکھنا بھی ہماری ذمہ داری ہے، کیونکہ بعض اوقات انسان کا جسم بیمار ہونے سے پہلے اس کا ذہن تھک چکا ہوتا ہے۔
آخر میں ایک قرآنی آیت کا ترجمہ بنا تبصرے کے پیش کر رہا ہوں:’’ بے شک اللہ کے ذکر سے دلوں کو اطمینان نصیب ہوتا ہے ‘‘۔







