ColumnZia Ul Haq Sarhadi

پاکستانی معاشی جمود کی ذمہ دار اشرافیہ قرار

پاکستانی معاشی جمود کی ذمہ دار اشرافیہ قرار

ضیاء الحق سرحدی

گزشتہ دنوں نوبل انعام یافتہ ماہر معاشیات پروفیسر ڈیرن عجم لو نے پاکستان کی معیشت گزشتہ تین دہائیوں سے جمود کا شکار ہوتے ہوئے کہا کہ کمزور ادارے، تعلیم پر ناکافی سرمایہ کاری اور ٹیکس وصولیوں کی کم شرح ملک کی معاشی پسماندگی کی بنیادی وجوہات ہیں۔ ان کے مطابق مصنوعی ذہانت کے تیزی سے بدلتے عالمی منظرنامے میں پاکستان ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی کمی کے باعث مزید پیچھے رہ جانے کے خطرے سے دوچار ہے۔ کانفرنس میں شریک معروف ماہر معاشیات پروفیسر عاطف میاں نے بھی پاکستان میں اسٹرکچرل وژن کی کمی، اشرافیہ کی بالا دستی، غیر مساوی معاشی ترقی اور داخلی امن کے قیام میں ناکامی کو بنیادی مسائل قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے ٹرانسپورٹ کے شعبے کو بجلی پر منتقل کر سکتا ہے، تاہم طاقتور مفاداتی گروپوں کی مزاحمت اس راہ میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ان تحفظات کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی معیشت کی رکاوٹوں کے باعث کئی اہم فیصلے برسوں تک موخر ہوتے رہے ہیں، تاہم اب حکومت ایسے فیصلے کر رہی ہے، جنہیں ماضی میں سیاسی طور پر مشکل سمجھا جاتا تھا، ان میں ٹیرف اصلاحات، زرعی آمدن پر ٹیکس اور سرکاری اداروں کی نجکاری شامل ہیں۔ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں پاکستان کی تیاریوں کے حوالے سے وزیر خزانہ کا موقف ہے کہ ملک اس سمت میں اہم اقدامات کر چکا ہے، پاکستان نے 2025ء میں قومی مصنوعی ذہانت پالیسی منظور کی، جبکہ آئی ٹی برآمدات 4 تا 6 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں۔معاشی ماہرین کے مطابق پاکستان کا اصل مسئلہ پالیسیوں، تجاویز یا مسائل کی نشاندہی کا فقدان نہیں بلکہ ان پر عمل درآمد میں ناکامی ہے، پاکستان کو وعدوں اور منصوبوں کے بجائے عملی اقدامات اور مثر عمل درآمد کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی معاشی پسماندگی کا جو نقشہ عالمی سطح پر بار بار کھینچا جاتا ہے، اس میں وسائل کی کمی یا منصوبہ بندی کی صلاحیت کا فقدان نظر نہیں آتا۔ حقیقت یہ ہے کہ ملک کے پاس قدرتی وسائل، انسانی صلاحیت اور ماضی میں تیار کیے گئے متعدد معاشی منصوبے موجود ہیں، مگر یہ سب اشرافیہ کی عیاشیوں، بیوروکریسی کی جانب سے عمل درآمد میں مسلسل رکاوٹوں اور سیاسی مفادات کے تابع فیصلہ سازی کی تاخیر کے سامنے بے اثر ہوکر رہ جاتے ہیں۔ گزشتہ تین دہائیوں سے معیشت کا جمود اسی سلسلے کا نتیجہ ہے، جس نے عام آدمی کو بھوک، افلاس اور غربت کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ عالمی معاشی ماہرین جب پاکستان کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہیں تو ان کا زور کمزور اداروں، ٹیکس وصولی کی کم شرح اور تعلیمی شعبے میں ناکافی سرمایہ کاری پر ہوتا ہے۔ یہ وہ بنیادی عناصر ہیں جو کسی بھی معیشت کو آگے بڑھانے کے لیے ضروری ہیں، مگر پاکستان میں ان پر توجہ دینے کے بجائے طاقتور طبقات نے اپنے مفادات کو ترجیح دی۔ اشرافیہ کی عیاشیاں نہ صرف وسائل کا ضیاع کرتی رہی ہیں بلکہ ان طبقات نے ہر اس اصلاح کی مخالفت کی جو ان کے مراعات یافتہ حلقوں کو متاثر کر سکتی تھی۔ بیوروکریسی کی جانب سے پلاننگ سے پلاننگ پر عمل درآمد میں رکاوٹیں اس حد تک بڑھ چکی ہیں کہ اچھے منصوبے بھی کاغذوں تک محدود رہ جاتے ہیں۔ سیاسی مفادات کے باعث فیصلہ سازی میں جو تاخیر اور تعطل پیدا ہوتا ہے، وہ معیشت کو مزید پیچھے دھکیل دیتا ہے۔ ٹیکس نظام کے حوالے سے بھی عالمی سطح پر تحفظات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔ کم شرح وصولی اور غیر منصفانہ نظام نے معیشت کو کمزور رکھا ہے۔ وزیر خزانہ نے بھی اس حقیقت کو تسلیم کیا ہے کہ فیصلوں میں سیاسی مفادات کا دخل اصل بڑا مسئلہ بنا رہا ہے۔ یہ اعتراف اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ مسئلے کی تفہیم سب کو ہے، پوری دنیا جانتی ہے کہ اصل رکاوٹ کہاں اور کیا ہے۔ مگر حل کے راستے میں وہی پرانی مشکلات کھڑی رہتی ہیں جو صرف نیت کی کمی تک محدود نہیں، بلکہ کرپشن کی گہری جڑیں بھی اس میں شامل ہیں۔ طاقتور گروپوں کی مزاحمت ہر اس اقدام کو روکتی ہے جو طویل المدتی فائدے کا باعث بن سکتا ہو۔ معیشت کو جمود سے نکالنے کے لیے ضروری ہے کہ اشرافیہ کی عیاشیوں پر قابو پایا جائے، بیوروکریسی کو عمل درآمد کا پابند بنایا جائے اور سیاسی مفادات کو قومی مفاد سے الگ رکھا جائے۔ جب تک یہ سلسلہ تبدیل نہیں ہوتا، عام آدمی کی غربت بڑھتی رہے گی اور ملک عالمی سطح پر پیچھے رہتا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ وعدوں اور منصوبوں کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں، کرپشن کے خلاف سخت اقدامات ہوں اور فیصلہ سازی کو سیاسی دبا سے آزاد کیا جائے۔ ورنہ معیشت کی یہ جمودی صورتحال مزید دہائیوں تک جاری رہے گی اور عام پاکستانیوں کا مستقبل مزید تاریک ہوتا چلا جائے گا۔ یہ وہ حقیقت ہے جسے عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے اور اندرونی طور پر بھی تسلیم کرنا پڑے گا۔ مسائل کی نشاندہی ہو چکی ہے، اب ان کے حل کی طرف قدم بڑھانے کی ضرورت ہے۔پاکستان میں غربت کی شرح میں 2025ء میں 29فیصد ہو گئی۔ عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق 2019ء میں غربت کی شرح 22فیصد تھی، جس میں 2025ء تک 7فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بینک نے غربت میں اضافے کی وجہ مہنگائی اور اشیائے ضروریہ کی بڑھتی قیمتوں، وسائل کی غیر مساوی تقسیم اور مزدوروں کی کم ہوتی آمدن کو قرار دیا۔ رپورٹ کے مطابق ان عوامل کا سب سے زیادہ بوجھ کم آمدنی والے گھرانوں پر پڑا، پاکستان میں 2024ء کے دوران 7کروڑ 26لاکھ افراد غربت کی لکیر سے نیچے رہے۔ یہ موجودہ حکومت کی سب سے بڑی ناکامی ہے کہ وہ مہنگائی کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے، حالانکہ اس حکومت کے قیام کا سب سے بڑا مقصد ہی معاشی بحالی قرار دیا گیا تھا۔ حقیقت یہ ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط کو من و عن تسلیم کرتے ہوئے اشرافیہ کو کھلی چھوٹ دینا، ٹیکس میں بار بار چھوٹ دیتے چلے جانا اور تمام تر مقامی و عالمی اقتصادی بحرانوں کا بوجھ عوام پر ڈال دینا اس ناکامی کی بڑی وجہ ہے۔ حکومت کی ترجیحات میں عام آدمی کہیں نظر نہیں آتا۔ قیمتوں کے مسلسل اضافے، آمدن میں کمی اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم نے غریب گھرانوں کی حالت مزید بگاڑ دی ہے۔ جنہیں اپنی روزمرہ ضروریات پوری کرنے میں پہلے ہی دقت کا سامنا تھا، ان پر اضافی بوجھ نی معاشی ناانصافی کو مزید گہرا کر دیا ہے۔ یہ خطرناک صورت حال ہے۔ اگر فوری توجہ نہ دی گئی تو غربت کا دائرہ مزید وسیع ہوگا اور معاشرے میں عدم استحکام بڑھے گا۔ حکومت کو اپنے وعدوں کی پاسداری کرتے ہوئے عوامی مفاد کو ترجیح دینی ہوگی، مہنگائی پر قابو پانا ہوگا اور اشرافیہ نوازی کی بجائے غریب طبقے کو سہارا دینا ہوگا۔ بصورت دیگر معاشی بحالی کا دعویٰ محض الفاظ ہی رہ جائے گا جبکہ ورلڈ بینک نے پاکستان میں غربت کی بلند اور مسلسل بڑھتی ہوئی شرح پر مایوسی کا اظہار کیا ہے، حالانکہ پاکستان خطے کی ان ممکنہ معیشتوں میں شامل ہی جو مصنوعی ذہانت ( اے آئی) سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ پاکستان کے علاوہ مصر، اردن، مراکش اور تیونس میں بھی تکنیکی صلاحیتیں اور فروغ پاتے ہوئے ڈیجیٹل نظام موجود ہیں۔ بدقسمتی سے گندم، یعنی آٹے کی قیمت میں سالانہ بنیادوں پر 33فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ اس کے نتیجے میں مزید گھرانے خطِ غربت سے نیچے چلے جائیں گے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ملک میں غربت کے مسئلے سے ہنگامی بنیادوں پر نمٹا جائے۔ ورلڈ بینک کو بھی میناپ خطے میں غربت کے خلاف ایک علاقائی پروگرام شروع کرنے میں سہولت اور معاونت فراہم کرنی چاہیے۔

جواب دیں

Back to top button