معاشی جنگ کا سپہ سالار فوجی اڈے میں

معاشی جنگ کا سپہ سالار فوجی اڈے میں
پیامبر
قادر خان یوسف زئی
دنیا کی سب سے بڑی معیشت کا وزیر خزانہ اہل خانہ سمیت ایک فوجی اڈے کی طرف روانہ ہو جائے تو یہ خبر محض رہائش کی تبدیلی نہیں ہوتی۔ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے ساتھ یہی ہوا ہے۔ فاکس نیوز کے مطابق انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا ہے کہ ایران کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں خطرناک حد تک بڑھ جانے کے بعد بیسنٹ کو ان کے خاندان سمیت محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے، اور محکمہ خزانہ نے اس منتقلی کی تصدیق بھی کر دی ہے۔ اصل سوال یہ ہے کہ وہ جنگ کس مرحلے میں داخل ہو چکی ہے جس میں خزانے کی کرسی پر بیٹھا شخص بھی اپنے گھر میں محفوظ نہیں رہا۔
حقیقت یہ ہے کہ امریکا اور ایران کی لڑائی اب صرف میزائلوں، بندرگاہوں اور تیل کی ناکہ بندی کی لڑائی نہیں رہی۔ یہ ایک ایسی سایہ جنگ بن چکی ہے جس میں معاشی دبا ڈالنی والا بھی نشانے پر ہے۔ بیسنٹ اس جنگ میں کوئی عام وزیر نہیں ہیں۔ وہ اس معاشی محاذ کے معمار ہیں جس کا مقصد بمباری کے بغیر ایران کی کمر توڑنا ہے۔ جب جنگ کا ہتھیار ڈالر بن جائے تو ہتھیار چلانے والا بھی جنگی ہدف بن جاتا ہے، اور بیسنٹ کی منتقلی اسی تلخ حقیقت کا سرکاری اعتراف ہے۔
خبر کی تفصیل خود بولتی ہے۔ نیویارک ٹائمز نے میگی ہیبرمین اور جوناتھن سوان کی رپورٹ میں لکھا ہے کہ بیسنٹ واشنگٹن کے نواح میں واقع اپنا گھر چھوڑنے والے ٹرمپ انتظامیہ کے تازہ ترین عہدیدار ہیں، اور وہی ایران کے خلاف معاشی دبا کی مہم کی قیادت کر رہے ہیں۔ فاکس نیوز کے مطابق دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی سکیورٹی خدشات کے باعث محفوظ رہائش گاہوں میں منتقل ہو رہے ہیں۔یہ خدشات کسی ایک دن کی خبر نہیں ہیں۔ 23اکتوبر کو امریکا کے ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس جے کلیٹن نے وزیر خارجہ مارکو روبیو کو ایک مراسلے میں خبردار کیا تھا کہ ایران نے امریکی اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی کوششوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے اور امریکی شہریوں کے خلاف اس کی جان لیوا سازشیں مشرق وسطیٰ اور بعض دیگر ممالک میں اگلے مرحلوں تک پہنچ چکی ہیں۔ یہ مراسلہ ایسوسی ایٹڈ پریس اور ایگزیوس نے حاصل کیا تھا۔
بیسنٹ نشانے پر کیوں ہیں، اس کا جواب ان کے اپنے اعلانات میں موجود ہے۔ اگست میں انہوں نے اس مہم کو معاشی ڈی ڈے قرار دیا اور ثانوی پابندیوں کا دائرہ ایران کے ڈیجیٹل اثاثوں، ٹیکنالوجی، سونے، ہوا بازی اور جہاز رانی تک پھیلا دیا۔10 نومبر کو مارکو روبیو نے رائٹرز سے کہا کہ پابندیاں اور بحری ناکہ بندی اس قدر مثر ہیں کہ صدر ٹرمپ کو بڑی فوجی کارروائی کی ضرورت نہیں۔ آبنائے ہرمز سے ایران کی تیل برآمدات بیس لاکھ بیرل یومیہ سے گھٹ کر اگست کے وسط تک چار لاکھ بیرل یومیہ رہ گئی تھیں۔ واشنگٹن کی نظر میں یہ کامیابی ہے، بادی النظر تہران کی نظر میں اس کامیابی کا ایک نام بھی ہے، اسکاٹ بیسنٹ۔
اسی معاشی جنگ کی ایک جھلک ستمبر میں بھی دیکھی گئی تھی جب بیسنٹ نے سی این بی سی سے گفتگو میں کہا تھا کہ23ستمبر سے تمام ایرانی ایئر لائنز بند ہو جائیں گی، کیونکہ جو بھی انہیں ایندھن، لینڈنگ کی خدمات یا ٹکٹ دے گا وہ ڈالر کے نظام سے باہر کر دیا جائے گا۔ اس اعلان کے بعد بغداد اور مسقط جانے والی پروازیں منسوخ ہوئیں، مگر اسی دوران مہان ایئر کی ایک پرواز چین کے شہر گوانگعو بھی پہنچی۔ وار جتنا بڑا ہو، جوابی وار کی خواہش بھی اتنی ہی بڑی ہو جاتی ہے، اور یہی وہ مقام ہے جہاں معاشی جنگ ذاتی جنگ میں بدلنے لگتی ہے۔
اس ذاتی دشمنی کی تاریخ بھی لمبی ہے۔ جنوری 2020ء میں جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد تہران نے انتقام کا وعدہ کیا تھا۔ امریکی محکمہ انصاف کے مطابق 2022ء میں پاسداران انقلاب کے ایک رکن شہرام پورصافی پر سابق قومی سلامتی مشیر جان بولٹن کے قتل کی سازش کا مقدمہ قائم ہوا، جس میں تین لاکھ ڈالر کی پیشکش کا الزام لگایا گیا۔ نومبر 2024ء میں تین افراد پر صدر ٹرمپ کے قتل کی سازش کا الزام عائد ہوا، جسے ایران نے بے بنیاد قرار دیا تھا۔ واشنگٹن کے تھنک ٹینک سینٹر فار اسٹریٹجک اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز کے ماہر سیتھ جونز اپنی کتاب تھری ڈینجرس مین میں اسی طرز جنگ کو غیر روایتی جنگ قرار دیتے ہیں، جس میں پراکسی قوتیں اور خفیہ کارروائیاں کھلی جنگ کا متبادل بن جاتی ہیں۔
انٹرنیشنل کرائسز گروپ کے ایران پروجیکٹ کے ڈائریکٹر علی واعظ کا تجزیہ اس تصویر کو مکمل کرتا ہے۔ اے ایف پی سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کی صلاحیت میں کوئی شک نہیں کہ وہ ایران کو بھاری معاشی تکلیف پہنچا سکتا ہے، مگر تہران کو یقین ہے کہ اس میں تکلیف برداشت کرنے کی حد بہت بلند ہے اور وہ مالی دبائو کا جواب فوجی جوابی دبا سے دینے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ بیسنٹ کی منتقلی اسی جملے کی عملی تفسیر ہے۔
یہ درست ہے کہ امریکی انٹیلی جنس مراسلے میں کسی مخصوص ہدف کا نام عوامی طور پر سامنے نہیں لایا گیا اور اس کے ساتھ کوئی ثبوت بھی شائع نہیں ہوا۔ ایران امریکی سرزمین پر سازشوں کے الزامات کی مسلسل تردید کرتا آیا ہے اور اس کے ترجمان اسماعیل بقائی ماضی کے ایسے الزامات کو مکمل بے بنیاد قرار دے چکے ہیں۔ ایک امریکی عہدیدار نے مراسلے کی درستی کی تصدیق کے باوجود اس کے افشا ہونے کے محرکات پر سوال اٹھایا تھا کہ یہ انکشاف ناکام جنگ کے دوبارہ آغاز کا جواز بنانے کی کوشش بھی ہو سکتا ہے۔
حل اسی نکتے سے نکلتا ہے کہ تحفظ اور تصادم کو الگ رکھا جائے۔ امریکا کے لیے اپنے عہدیداروں کی حفاظت ہر حال میں فرض ہے، مگر اس حفاظت کو نئی بمباری کے جواز میں بدلنا خطرے کو کم نہیں کرے گا، بڑھا دے گا۔ اس ہفتے کانگریس کی قیادت اور انٹیلی جنس کمیٹیوں کے سربراہوں کو ان خطرات پر بریفنگ دی گئی ہے، یہ درست سمت کا قدم ہے، کیونکہ خفیہ دعوے جمہوری نگرانی کے بغیر پالیسی بن جائیں تو جنگ کا فیصلہ شواہد کے بجائے ماحول سے ہونے لگتا ہے۔ دوسری طرف تہران کو بھی تسلیم کرنا ہوگا کہ سویلین عہدیداروں اور ان کے خاندانوں کو نشانہ بنانے کی کوئی بھی کوشش اسے مزید تنہا کر دے گی۔ دونوں دارالحکومتوں کے درمیان کم از کم ایک خاموش رابطہ ضرور قائم رہنا چاہیے جو شخصی خطرات کو اجتماعی جنگ میں بدلنے سے روک سکے۔
جنگ28فروری کو بمباری سے شروع ہوئی تھی، مگر آج اس کا سب سے واضح نشان کسی تباہ شدہ تنصیب پر نہیں، ایک خالی گھر پر نظر آتا ہے جس کے مکین فوجی اڈے کی پناہ میں جا چکے ہیں۔ سایہ جنگوں کا سب سے بڑا المیہ یہی ہوتا ہے کہ ان میں محاذ بند ہونے کا اعلان تو ہو سکتا ہے، مگر جنگ کسی کے گھر کا دروازہ کھٹکھٹا کر خود کو زندہ رکھتی ہے۔ جس دن سپہ سالار کو بھی پناہ گاہ ڈھونڈنی پڑ جائے، اس دن فاتح کا اعلان کرنے سے پہلے یہ پوچھ لینا چاہیے کہ آخر اس جنگ میں محفوظ کون رہ گیا ہے۔






