Column

برداشت کا دامن سکڑتا جا رہا ہے! 

برداشت کا دامن سکڑتا جا رہا ہے!

تحریر :رفیع صحرائی

انسانی معاشرے کی خوبصورتی اس کے تنوع، اختلافِ رائے اور باہمی احترام میں پوشیدہ ہے۔ مختلف مذاہب، زبانوں، ثقافتوں اور نظریات سے تعلق رکھنے والے افراد جب ایک دوسرے کے وجود اور نقطہ نظر کو تسلیم کرتے ہوئے زندگی گزارتے ہیں تو معاشرہ امن، محبت اور بھائی چارے کی تصویر بن جاتا ہے۔ لیکن جب اختلاف کو دشمنی، تنقید کو توہین اور مخالف رائے کو ناقابلِ برداشت سمجھ لیا جائے تو معاشرتی ہم آہنگی دم توڑنے لگتی ہے۔ بدقسمتی سے پاکستانی معاشرہ بھی آج اسی کیفیت سے دوچار ہے، جہاں برداشت کا دامن روز بروز سکڑتا جا رہا ہے۔

اقوامِ متحدہ ہر سال 16نومبر کو رواداری اور برداشت کا عالمی دن مناتی ہے۔ اس دن کا مقصد دنیا بھر میں مذہبی، نسلی، ثقافتی اور نظریاتی اختلافات کے باوجود ایک دوسرے کے حقوق، عقائد اور آزادیوں کا احترام کرنے کا شعور اجاگر کرنا ہے۔ اقوامِ متحدہ کے نزدیک رواداری محض کسی کو برداشت کر لینے کا نام نہیں بلکہ انسانی تنوع کو تسلیم کرنے، دوسروں کی آزادی کا احترام کرنے اور اختلافات کے باوجود پُرامن بقائے باہمی کو فروغ دینے کا نام ہے۔ یہ حقیقت بھی پیش نظر رہنی چاہیے کہ برداشت کمزوری نہیں بلکہ ایک مضبوط کردار کی علامت ہے۔

پاکستان میں عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے رجحان پر غور کیا جائے تو گزشتہ دس بارہ برس کے دوران صورتِ حال میں غیر معمولی تبدیلی دکھائی دیتی ہے۔ کبھی سیاست انتخابی مہم، جلسوں اور انتخابات کے دنوں تک محدود رہتی تھی۔ سیاسی جماعتیں انتخابات میں ایک دوسرے کے خلاف بھرپور مہم چلاتی تھیں، لیکن انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد سیاسی و سماجی زندگی معمول پر آ جاتی تھی۔ مخالف جماعتوں کے رہنما ایک دوسرے سے ملتے، قومی تقریبات میں شریک ہوتے اور اختلافات کے باوجود ایک دوسرے کا احترام کرتے تھے۔ اب سیاست ایک فل ٹائم کھیل بن چکی ہے۔ صبح سے رات تک سیاسی محاذ آرائی جاری رہتی ہے۔ سیاست دانوں نے شدت پسندانہ طرزِ سیاست اختیار کرکے قوم کو ایسے گروہوں میں تقسیم کر دیا ہے جن کے درمیان مکالمے اور برداشت کی گنجائش مسلسل کم ہوتی جا رہی ہے۔

اس تقسیم میں سوشل میڈیا اور یوٹیوبرز نے بھی جلتی پر تیل کا کام کیا ہے۔ بعض یوٹیوبرز اور سیاسی تجزیہ کاروں نے سنجیدہ مکالمے کے بجائے سنسنی، الزام تراشی، تضحیک اور اشتعال انگیزی کو اپنی مقبولیت کا ذریعہ بنا لیا ہے۔ سیاسی مخالفین کے خلاف ایسے الفاظ استعمال کیے جاتے ہیں جنہیں مہذب معاشرے میں کسی صورت قابلِ قبول قرار نہیں دیا جا سکتا۔ سوشل میڈیا پر مخالف سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے شخص کو دلیل سے جواب دینے کے بجائے غدار، جاہل یا دشمن قرار دینا معمول بنتا جا رہا ہے۔ یوں اختلافِ رائے کو برداشت کرنے کے بجائے اسے ذاتی دشمنی میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

اس صورتِ حال کا سب سے تشویش ناک پہلو یہ ہے کہ سیاسی قیادت کے رویے عام شہریوں کی سوچ اور طرزِ عمل پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔ جب رہنما ایک دوسرے کی کردار کشی کریں، مخالفین کو برداشت نہ کریں اور ہر معاملے کو اپنی سیاسی فتح یا شکست سے جوڑیں تو ان کے کارکنوں اور حامیوں سے متوازن رویے کی توقع کیسے کی جا سکتی ہے؟ حقیقت یہ ہے کہ معاشرے میں رویوں کی اصلاح کا آغاز قیادت سے ہوتا ہے۔ اگر سیاست دان اختلاف کے باوجود ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھنے، بات سننے اور قومی مفاد میں تعاون کرنے کا مظاہرہ کریں تو اس کے مثبت اثرات عوام تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔

عدم برداشت کے اسباب صرف سیاست تک محدود نہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری، معاشی ناہمواری، ناانصافی، میرٹ کی پامالی، اقربا پروری اور قانون کی کمزور عمل داری نے بھی لوگوں کے اعصاب پر دبائو بڑھا دیا ہے۔ معاشی مشکلات سے دوچار شخص معمولی بات پر مشتعل ہو جاتا ہے۔ گھروں، بازاروں، تعلیمی اداروں اور سڑکوں پر معمولی تنازعات کا تشدد میں تبدیل ہو جانا اسی ذہنی کیفیت کی عکاسی کرتا ہے۔ ٹریفک کے معمولی واقعے پر لڑائی، معمولی اختلاف پر گالم گلوچ اور سوشل میڈیا پر مخالف کی تذلیل ہماری اجتماعی نفسیات کا حصہ بنتی جا رہی ہے۔

اس کے برعکس اسلام ہمیں صبر، عفو و درگزر، نرم گفتاری اور حسنِ اخلاق کا درس دیتا ہے۔ نبی کریم حضرت محمدؐ کی پوری حیاتِ طیبہ برداشت اور رواداری کی روشن مثال ہے۔ آپ ٔ نے سخت رویوں کا جواب بھی اخلاق، محبت اور عفو و درگزر سے دیا۔ فتح مکہ کے موقع پر عام معافی کا اعلان انسانی تاریخ میں برداشت اور رحم دلی کی ایک بے مثال مثال ہے۔ ہمیں اپنے مذہب کی ان تعلیمات کو صرف تقریروں اور تحریروں تک محدود رکھنے کے بجائے عملی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔

برداشت اور رواداری کے فروغ کے لیے سب سے پہلے سیاسی قیادت کو اپنے طرزِ سیاست پر نظرثانی کرنا ہوگی۔ سیاسی جماعتوں کو اپنے کارکنوں کی ایسی تربیت کرنی چاہیے کہ وہ مخالف سیاسی نظریات کا احترام کریں اور اختلاف کو دشمنی نہ سمجھیں۔ پارلیمنٹ اور سیاسی فورمز کو الزام تراشی کے بجائے مکالمے اور قومی مسائل کے حل کا مرکز بنایا جائے۔ سیاسی رہنماں کو چاہیے کہ وہ اپنے بیانات میں شائستگی اختیار کریں اور اپنے حامیوں کو نفرت انگیز زبان استعمال کرنے سے روکیں۔

میڈیا اور سوشل میڈیا کے حوالے سے بھی ذمہ دارانہ طرزِ عمل ناگزیر ہے۔ یوٹیوبرز، اینکرز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے وابستہ افراد کو یہ احساس کرنا ہوگا کہ آزادیِ اظہار کے ساتھ ذمہ داری بھی وابستہ ہے۔ جھوٹی خبروں، کردار کشی اور اشتعال انگیز مواد کی حوصلہ شکنی کی جائے۔

شہریوں کو بھی چاہیے کہ کسی خبر یا الزام کو تحقیق کے بغیر آگے نہ پھیلائیں۔ اختلافی رائے کا جواب دلیل سے دیں، گالی سے نہیں۔

تعلیمی اداروں میں برداشت، شہری ذمہ داریوں، مکالمے اور اختلافِ رائے کے احترام کو نصاب اور عملی سرگرمیوں کا حصہ بنایا جائے۔ بچوں کو ابتدائی عمر ہی سے یہ سکھایا جائے کہ ہر انسان کو اپنی رائے رکھنے کا حق حاصل ہے۔ مساجد، مدارس، جامعات اور سماجی تنظیمیں بھی بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔ قانون کی یکساں عمل داری، انصاف کی بروقت فراہمی اور معاشی مواقع میں مساوات بھی معاشرتی برداشت بڑھانے کے لیے ضروری ہیں۔

انفرادی سطح پر ہمیں اپنی اصلاح سے آغاز کرنا ہوگا۔ دوسروں کی بات تحمل سے سننا، اپنی غلطی تسلیم کرنا، معافی مانگنا اور معاف کر دینا، غصے پر قابو رکھنا اور اختلاف کے باوجود تعلقات کا احترام کرنا ایسی عادات ہیں جو معاشرے کو بدل سکتی ہیں۔ ہمیں یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ ہر بحث جیتنا ضروری نہیں اور ہر اختلاف کا مطلب مخالفت نہیں ہوتا۔

انسانی معاشرہ ایک خوبصورت گلدستے کی مانند ہے، جس میں مختلف رنگوں اور خوشبوئوں کے پھول اس کے حسن میں اضافہ کرتے ہیں۔ اگر ہم سب کو ایک ہی رنگ میں رنگنے کی کوشش کریں گے تو معاشرتی خوبصورتی ختم ہو جائے گی۔ پاکستان کو آج سیاسی استحکام، معاشی ترقی اور قومی یکجہتی کے لیے جتنی ضرورت برداشت اور رواداری کی ہے، شاید پہلے کبھی نہ تھی۔ ہمیں نفرت کے بجائے محبت، اشتعال کے بجائے تحمل اور محاذ آرائی کے بجائے مکالمے کو فروغ دینا ہوگا۔ یاد رکھیے! اختلافِ رائے جمہوریت کی روح ہے، لیکن اختلاف کو دشمنی میں بدل دینا قومی وحدت کے لیے زہرِ قاتل ہے۔ اگر ہم نے آج برداشت کا دامن نہ تھاما تو آنے والی نسلوں کو ایک ایسا معاشرہ ورثے میں ملے گا جہاں سب بولیں گے، مگر کسی کو کسی کی بات سننے کا حوصلہ نہیں ہوگا۔

رفیع صحرائی

جواب دیں

Back to top button