تازہ ترینخبریںسیاسیاتپاکستان

پسِ پردہ رابطے: بشریٰ بی بی کے کیس پر بات چیت کا آپشن موجود، عمران کیلئے ریلیف اور کے پی کے معاملات پر کچھ زیر غور نہیں

پی ٹی آئی اور حکام کے درمیان پسِ پردہ رابطوں کا عمل جاری ہے جس کے نتیجے میں حال ہی میں عمران خان کی 2 بہنوں کو رہائی ملی، ایک واضح طور پر متعین دائرۂ کار کے اندر آگے بڑھ سکتا ہے جبکہ 2 اہم سیاسی معاملات (عمران خان اور خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت) عملاً زیرِ بحث نہیں آئیں گے۔

 

پسِ پردہ رابطوں سے واقف ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مرحلے پر سابق وزیراعظم کیلئے کسی ریلیف اور نہ ہی خیبر پختونخوا میں موجودہ سیاسی انتظام میں کسی تبدیلی پر بات چیت کی گنجائش ہے۔ اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ سہیل آفریدی کی بطور وزیراعلیٰ واپسی سے متعلق کسی تجویز پر غور نہیں کیا جا رہا۔

 

ذرائع نے بتایا کہ اگرچہ عمران خان کی بہنوں کی شمولیت سے رابطوں کا ایک نیا راستہ کھلا ہے تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ حکام ان 2 معاملات پر اپنے مؤقف پر نظرثانی کیلئے تیار ہیں لہٰذا، ان رابطوں کے نتیجے میں سامنے آنے والی کسی بھی مفاہمت کو ان حدود کے اندر رہنا ہوگا جن میں عمران خان کی سیاسی اور قانونی حیثیت یا خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت کو چھیڑے بغیر بات چیت ممکن ہو۔ تاہم، بشریٰ بی بی سے متعلق صورتحال مختلف ہے۔

 

ذرائع کے مطابق، جاری رابطوں کے عمل کے دوران ان کے مقدمے اور ممکنہ ریلیف کے اقدامات پر بات چیت ہو سکتی ہے۔ زیرِ غور آنے والا ایک ممکنہ آپشن انہیں بنی گالا منتقل کرنا ہو سکتا ہے۔ جب خصوصی طور پر پوچھا گیا کہ کیا عمران خان کو بھی بنی گالا منتقل کیا جا سکتا ہے تو پسِ پردہ رابطوں سے واقف ذرائع نے اس امکان کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ کم از کم فی الحال ایسی کسی تجویز پر غور نہیں کیا جا رہا۔

 

ایک ذریعے نے بشریٰ بی بی کے معاملے سے عمران خان کے معاملے کو الگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کم از کم اس مرحلے پر عمران خان کیلئے ایسا کوئی آپشن موجود نہیں۔ پسِ پردہ رابطوں میں عمران خان کے اہلِ خانہ کی حالیہ شمولیت کو پی ٹی آئی اور حکام کے درمیان پہلے سے کشیدہ تعلقات میں ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ بہنوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ایسی سیاسی سرگرمیوں سے گریز کریں گی جو کشیدگی میں اضافے کا سبب بنیں اور فوجی قیادت یا اسٹیبلشمنٹ کو تنقید کا نشانہ نہیں بنائیں گی۔

 

ذرائع کے مطابق، مفاہمت یہ ہے کہ وہ محاذ آرائی کو ہوا نہیں دیں گی اور اپنی پوزیشن کو صورتحال مزید کشیدہ کرنے کیلئے استعمال نہیں کریں گی۔ اس پیشرفت نے خاندانی معاملات اور بعض دیگر محدود امور پر رابطوں کی گنجائش پیدا کی ہے، تاہم اس سے 2 بنیادی سیاسی سوالات پر حکام کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

جواب دیں

Back to top button