CM RizwanColumn

بانی سے ڈیل یا ڈھیل کا امکان صفر

جگائے گا کون؟

بانی سے ڈیل یا ڈھیل کا امکان صفر

تحریر: سی ایم رضوان

گو کہ ملک بھر میں عوام اور بعض خواص یہ کہتے سنے جا رہے ہیں کہ بانی اور حکومت یا اسٹیبلشمنٹ کے مابین کسی ڈیل یا ڈھیل کے معاہدے پر عمل ہو رہا ہے مگر عملاً اس طرح کے امکان کی گنجائش زیرو ہے۔ ہم بھی اگر ان سطور میں ایسے کسی امکان کی نوید سناتا چاہیں تو دلچسپ مفروضہ یہ ہے کہ’’ گزشتہ روز انسدادِ دہشت گردی عدالت ( اے ٹی سی) نے بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 28نومبر تک ملتوی کر دی ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کردہ ضمانت کی درخواستوں پر سماعت اس انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔ سماعت کے دوران متعلقہ فریقین کی جانب سے ابتدائی کارروائی عمل میں لائی گئی، جس کے بعد عدالت نے کیس کی مزید سماعت 28نومبر تک ملتوی کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ آئندہ سماعت پر وکلاء کی جانب سے درخواستوں پر مزید دلائل دئیے جانے کا امکان ہے‘‘۔ یہ تو ہے ایک معمول کی عدالتی کارروائی کی ایک خبر، اب اگر اس خبر کو بنیاد بنا کر محض سنسنی پھیلانے اور قارئین کی توجہ حاصل کرنے کے لئے یہاں یہ لکھ دیا جائے کہ یہ درخواست برائے ضمانت ہائے یونہی دائر نہیں کی گئی بلکہ یہ طاقتور کوریڈورز کے گرین سگنل پر دی گئی ہے اور ایک ڈیل کے تحت آئندہ دو ایک پیشیوں میں بانی کی ضمانتوں پر رہائی عمل میں آ جائے گی۔ جس کی واضح ترین دلیل میں گزشتہ چند دنوں کے واقعات میں بانی کی دو بہنوں اور پی ٹی آئی کے متعدد ایم پی اوز کے تحت گرفتار کئے گئے رہنماں اور کارکنوں کی رہائیوں، بانی سے ان کے دو وکیلوں کی طویل ملاقات اور اس کے بعد لطیف کھوسہ کی بظاہر معنی خیز مسکراہٹوں کے ساتھ گفتگو بھی پیش کی جا سکتی ہے لیکن یہ محض ایک دلچسپ مفروضہ ہی ہو گا حقیقت نہیں۔

پاکستانی سیاست کے مبصرین، تجزیہ کاروں اور صحافتی حلقوں میں حالیہ واقعات جیسے کہ بانی پی ٹی آئی سے وکلاء کی طویل ملاقاتیں، ان کی بہنوں کی رہائی، اور جماعت کے رہنمائوں کے خوش فہمیوں پر مبنی خوش کن بیانات کے بعد اس بات پر شدومد کے ساتھ بحث جاری ہے کہ آیا سیاسی درجہ حرارت میں کمی آ رہی ہے یا نہیں اور یہ بھی کہ بانی پی ٹی آئی کی جلد رہائی ممکن ہے یا نہیں۔ اس معاملے پر سیاسی اور قانونی ماہرین کی آراء بھی دو واضح حصوں میں منقسم نظر آتی ہیں۔ ڈیل کے حق میں دئیے جانے والے دلائل اور تجزیات دلچسپی سے خالی نہیں۔ جن کا نقطہ نظر یہ ہے کہ جلد رہائی اور حالات میں بہتری کا امکان ہے۔ کچھ سیاسی تجزیہ کاروں اور پی ٹی آئی کے حامی حلقوں کا ماننا ہے کہ حالیہ پیش رفت اس بات کی غماز ہے کہ پسِ پردہ برف پگھل رہی ہے اور معاملات بہتری کی طرف جا سکتے ہیں۔ اس موقف کے حق میں دلائل میں اول طور پر وہ عدالتی ریلیف اور قانونی پیش رفت پیش کی جاتی جس کے تحت حالیہ دنوں میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی رہائی اور بعض مقدمات میں ملنے والا قانونی ریلیف ہے جس سے اس بات کا اشارہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ عدالتی محاذ پر سختی میں کچھ کمی آئی ہے۔ یعنی اگر قانونی عمل بغیر کسی غیر معمولی رکاوٹ کے آگے بڑھتا ہے تو بانی پی ٹی آئی کی ضمانتوں کی راہ بھی ہموار ہو سکتی ہے۔ جیل میں وکلاء اور رہنماں کی طویل ملاقاتوں کو بھی بعض صحافتی حلقے ماحول کو سازگار بنانے کی کوشش قرار دیتے ہیں۔ ان کے خیال میں ماضی کی نسبت رابطوں میں آنے والی یہ لچک کسی ممکنہ مفاہمت، ڈیل یا ڈھیل یا درجہ حرارت کم کرنے کی حکمتِ عملی کا حصہ ہو سکتی ہے جبکہ پی ٹی آئی کے بعض رہنمائوں کا موقف ہے کہ عوامی دبا، مسلسل احتجاجی کالز اور عالمی سطح پر انسانی حقوق کے حوالے سے اٹھنے والی آوازوں کی وجہ سے مقتدر حلقے اب تصادم کی پالیسی کو مزید طول دینے کے حق میں نہیں ہیں جبکہ بیرسٹر سلمان اکرم راجہ ان ملاقاتی وکلاء کو منظور نظر شخصیات قرار دیتے ہوئے یہ پیشین گوئی کر رہے ہیں کہ اس نوعیت کی مزید ملاقاتیں بھی ہو سکتی ہیں جبکہ بیرسٹر سیف سلمان اکرم راجہ پر شدید تنقید کر رہے ہیں کہ وہ لطیف کھوسہ کی بانی سے ملاقات بوکھلا گئے ہیں اور پارٹی اتحاد کے خلاف بیان دے رہے ہیں۔ دوسری طرف ملک کو درپیش معاشی اور سکیورٹی چیلنجز کے پیش نظر بعض تجزیہ کار یہ دلیل دیتے ہیں کہ اس وقت چونکہ ملک کو سیاسی استحکام کی اشد ضرورت ہے، جو ملک کی ایک بڑی سیاسی جماعت کو دیوار سے لگا کر حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ اس لئے، ایک منصوبے کے تحت پی ٹی آئی کو دوبارہ مرکزی دھارے کی سیاست میں واپس آنے کا موقع دیا جا سکتا ہے۔

اس حوالے سے دوسرا نقطہ نظر یہ ہے کہ فی الحال جلد رہائی اور پرانی پوزیشن کی بحالی ممکن نہیں۔ وزیر مملکت طلال چودھری تو یہاں تک کہہ چکے ہیں کہ پی ٹی آئی اب اتنا نیچے آ گری ہے کہ ایک ملاقات پر بھی جشن منایا جا رہا ہے۔ دیگر حکومتی وزراء حتیٰ کہ اسٹیبلشمنٹ کی آواز سمجھے جانے والے محسن نقوی بھی پچھلی صورتحال میں تبدیلی کے امکانات کو رد کر چکے ہیں۔ یہی نہیں بعض غیر جانبدار مبصرین، ناقدین اور حکومتی حلقوں سے جڑے تجزیہ کاروں کی ایک بڑی تعداد کا بھی ماننا ہے کہ حالیہ واقعات محض معمول کی قانونی کارروائیاں ہیں اور انہیں کوئی بڑا سیاسی بریک تھرو قرار دینا قبل از وقت ہے جبکہ قانونی ماہرین کے مطابق، بانی پی ٹی آئی کو صرف ایک یا دو مقدمات کا سامنا نہیں بلکہ ان کے خلاف درجنوں مقدمات ( جن میں 9مئی کے واقعات، سائفر، توشہ خانہ اور دیگر سنگین دفعات شامل ہیں) مختلف عدالتوں میں زیرِ سماعت ہیں۔ اگر انہیں چند مقدمات میں ضمانت مل بھی جائے تو دیگر مقدمات میں گرفتاری ان کی فوری رہائی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ تجزیہ کاروں کے اس طبقے کا کہنا ہے کہ بہنوں کی رہائی یا وکلاء سے ملاقات کو کسی ’’ ڈیل‘‘ یا ریاستی پالیسی میں تبدیلی کا نام دینا درست نہیں۔ عدالتوں کی جانب سے خواتین کو ضمانت دینا یا وکلاء کو ملاقات کی اجازت دینا آئینی اور قانونی تقاضے ہیں، جن کا براہِ راست تعلق بانی پی ٹی آئی کے بڑے مقدمات سے نہیں جوڑا جا سکتا۔ وہ مقتدر حلقوں اور حکومت کے سخت موقف کو بھی دلیل کے طور پر پیش کرتے ہیں کہ حکومتی وزراء اور ریاستی اداروں کے بیانات سے تاحال کسی بڑی لچک کا اظہار نہیں ہوا ہے اور 9مئی کے واقعات پر ریاست کا موقف اب بھی سخت ہے اور جب تک اس حوالے سے کوئی واضح معافی یا بیانیے میں تبدیلی نہیں آتی، ریاستی اقدامات میں مکمل نرمی کا امکان زیرو ہے اور اگر بالفرض بانی پی ٹی آئی رہا ہو بھی جاتے ہیں، تب بھی ان کے لئے 2022ء سے پہلے والی سیاسی پوزیشن پر فوری طور پر واپس آنا آسان نہیں ہو گا۔ پارٹی کا تنظیمی ڈھانچہ، انتخابی نشان کا معاملہ اور مقتدر حلقوں کے ساتھ تعلقات کی نوعیت ایسی رکاوٹیں ہیں جنہیں عبور کرنے کے لئے ایک طویل سیاسی عمل، کوئی بڑا سیاسی معجزہ اور دوطرفہ مفاہمت درکار ہو گی۔ یہ ٹھیک ہے کہ پاکستانی سیاست میں طاقتوروں کی ضرورت کے مطابق یہاں حالات بہت تیزی سے بدل بھی جاتے ہیں لیکن حالیہ اشارے ابھی اتنے ٹھوس نہیں ہیں کہ ان کی بنیاد پر کسی حتمی نتیجے پر پہنچا جا سکے۔ ایک طرف اگر امید کی کرن نظر آتی ہے، تو دوسری طرف مقدمات کی طویل فہرست اور فریقین کے درمیان اعتماد کا شدید فقدان اس بات کی نشان دہی کرتا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور سیاسی بحالی کا سفر ابھی کئی کٹھن مراحل سے گزرے گا۔ یہ ٹھیک ہے کہ پی ٹی آئی اور حکام کے درمیان ان دنوں پسِ پردہ رابطے جاری ہیں لیکن ان رابطوں کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ بانی یا پی ٹی آئی کے لئے کوئی بڑی سیاسی ڈیل یا ڈھیل طے پا رہی ہے اور کہیں بھی بانی کی رہائی یا آفریدی حکومت کی بحالی کے معاملات زیر غور نہیں، مذکورہ پسِ پردہ رابطوں کا دائرہ کار انتہائی محدود ہے۔ یاد رہے کہ یہ رابطے بنیادی طور پر بانی کے اہلِ خانہ ( جن میں پہلی بار ان کی فیملی بھی براہِ راست شامل ہوئی ہے) کے مقدمات اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ریلیف تک محدود ہیں۔ اسی محدود عمل کے نتیجے میں بانی کی دو بہنوں کی رہائی عمل میں آئی ہے، جبکہ آئندہ مرحلے میں بشریٰ بی بی کے کیس پر بات چیت ہو رہی ہے۔ اس محدود ریلیف کے بدلے میں پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے یہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ فوج اور عسکری قیادت کو نشانہ بنانے کی مہم روکی جائے گی اور بانی پی ٹی آئی کا لہجہ بھی نرم رہے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اگست 2026ء میں جبکہ ڈیل کی بڑی دھوم پڑ گئی تھی اسٹیبلشمنٹ کا یہ موقف ہی سامنے آیا تھا کہ بانی کے لئے کسی قسم کی سیاسی ڈیل یا ڈھیل کا کوئی امکان موجود نہیں، اور ان کی تازہ تحریریں اسی بات کی توثیق کرتی ہیں کہ حالیہ پیش رفت محض خاندانی مقدمات میں ریلیف اور تنا کم کرنے کی ایک محدود کوشش ہے، نہ کہ کوئی سیاسی این آر او یا ڈیل۔

جواب دیں

Back to top button