نئےصوبے یا نیا سیاسی کھیل؟

نئے صوبے یا نیا سیاسی کھیل؟
تحریر : محمد ریاض ایڈووکیٹ
مسلم لیگ ن کی حکومت کی جانب سے نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کروانے کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔ ایسی برسراقتدار جماعت جو اپنے صوبہ پنجاب میں سال 2015ء کے بعد بلدیاتی انتخابات منعقد نہ کروا سکی، بندہ ناچیز یہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ آخر نئے صوبوں کے قیام کی خواہش کس کی ہے اور اس مقصد کے لئے مسلم لیگ ن کی جانب سے اتنی عجلت اور تابعداری و فرمانبرداری کا مظاہرہ کیوں کیا جا رہا ہے؟، کیا واقعی نئے صوبوں کے قیام سے عوام کے مسائل حل ہو جائیں گے اور انہیں درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا؟۔ ان اہم سوالات کے جوابات تو آنے والا وقت ہی دے گا، تاہم موجودہ صورتِ حال میں ضروری ہے کہ نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم کی بحث سے پہلے پاکستان کی سیاسی تاریخ میں منعقد ہونے والے ریفرنڈمز کا مطالعہ کیا جائے، تاکہ ماضی کے تجربات کی روشنی میں حالیہ پیش رفت کو بہتر طور پر سمجھا جا سکے۔
سب سے پہلے جنرل ایوب خان کا نام سامنے آتا ہے، جنہوں نے 14فروری 1960ء کو ریفرنڈم کروایا۔ اس ریفرنڈم میں عوام سے براہِ راست ووٹ نہیں لیا گیا بلکہ بنیادی جمہوریتوں کے قریباً 80ہزار ارکان کو انتخابی کالج کی حیثیت سے ووٹ ڈالنے کا حق دیا گیا۔ ان سے بنیادی طور پر یہ سوال پوچھا گیا تھا کہ آیا وہ صدر فیلڈ مارشل ایوب خان اور ان کی اختیار کردہ پالیسیوں اور پروگراموں پر اعتماد کرتے ہیں یا نہیں۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ایوب خان کو قریباً 96.37فیصد حمایت حاصل ہوئی۔ یوں انہیں اپنے صدارتی اقتدار کے تسلسل کے لیے مطلوبہ توثیق مل گئی۔
مارچ 1977ء کے عام انتخابات کے بعد پاکستان قومی اتحاد نے انتخابی دھاندلی کے الزامات عائد کیے اور بھٹو حکومت کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کر دی۔ اس سیاسی بحران کے دوران بھٹو حکومت نے آئین میں ساتویں ترمیم کے ذریعے آرٹیکل 96۔Aشامل کیا، جس کے تحت وزیراعظم کو عوام سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے لیے ریفرنڈم کرانے کا اختیار دیا گیا۔ اس آئینی انتظام کے مطابق اگر وزیراعظم عوام کی اکثریت کا اعتماد حاصل نہ کر پاتا تو اسے مستعفی تصور کیا جانا تھا۔ تاہم بھٹو حکومت یہ ریفرنڈم منعقد نہ کروا سکی۔ سیاسی بحران، اپوزیشن کے بائیکاٹ اور ملک میں جاری احتجاجی تحریک کے باعث یہ معاملہ آگے نہ بڑھ سکا۔ بالآخر 5جولائی 1977ء کو جنرل ضیاء الحق نے مارشل لا نافذ کرکے بھٹو حکومت کا تختہ الٹ دیا۔
ضیاء الحق نے 19دسمبر 1984ء کو اپنا ریفرنڈم کرایا۔ اس ریفرنڈم میں عوام سے بنیادی طور پر یہ سوال پوچھا گیا تھا کہ آیا وہ صدر جنرل محمد ضیاء الحق کے شروع کردہ اس عمل کی حمایت کرتے ہیں جس کا مقصد پاکستان کے قوانین کو قرآن و سنت کے مطابق بنانا، نظریہ پاکستان کا تحفظ کرنا، اسلامی نظام کو مستحکم کرنا اور اقتدار عوام کے منتخب نمائندوں کو پُرامن اور منظم انداز میں منتقل کرنا تھا۔ اس سوال کے ساتھ ہی ریفرنڈم کی منظوری کو ضیاء الحق کی مزید پانچ سالہ صدارت سے منسلک کر دیا گیا تھا۔ سرکاری نتائج کے مطابق ضیاء الحق کے حق میں 98فیصد سے زائد ووٹروں کی حمایت حاصل ہوئی اور یوں 90دن میں انتخابات کا اعلان کرنے والے ایماندار و صادق شخص نے سات سال پورے کرنے کے بعد مزید پانچ سال کے لئے صدارتی کرسی پر براجمان رہنے کا حق حاصل کرلیا۔
پرویز مشرف نے30اپریل 2002ء کو ریفرنڈم کروایا۔ اس میں عوام سے یہ سوال پوچھا گیا تھا: ’’ کیا آپ مقامی حکومتوں کے نظام کی بقا، جمہوریت کے قیام، اصلاحات کے تسلسل، فرقہ واریت اور انتہا پسندی کے خاتمے اور قائداعظمؒ کے تصورِ پاکستان کی تکمیل کے لیے صدر جنرل پرویز مشرف کو پانچ سال کے لیے پاکستان کا صدر منتخب کرنا چاہتے ہیں؟‘‘۔ عوام کو صرف دو آپشن دئیے گئے تھے، یعنی ہاں یا نہیں۔ بظاہر اس سوال میں جمہوریت، اصلاحات، مقامی حکومتوں اور قائداعظمؒ کے تصورِ پاکستان جیسے اہم موضوعات کو شامل کیا گیا تھا، تاہم اس کا عملی اور آئینی نتیجہ جنرل پرویز مشرف کو مزید پانچ سال کے لیے صدر برقرار رکھنے کی توثیق تھا۔ سرکاری اعلان کے مطابق جنرل پرویز مشرف کو 97فیصد سے زائد ووٹرز حمایت حاصل ہوئی۔ اور یوں مملکت کو روشن پاکستان بنانے کے لئے مشرف مزید پانچ سال کے لئے کرسی صدارت کے حقدار ٹھہرے۔
پاکستانی سیاسی تاریخ شاہد ہے کہ یوں ریفرنڈم کے ذریعہ اقتدار کیساتھ چمٹے رہنے کی قیمت ریاست پاکستان نے چکائی،تجزیہ کاروں کے نزدیک بنگلہ دیش کی بنیاد اسی دن رکھ دی گئی، جب ایوب خان نے اقتدار پرغیر آئینی قبضہ جمایا تھا۔
موجودہ پارلیمنٹ میں کسی سیاسی جماعت نے سال 2024ء کے انتخابات میں نئے صوبوں کے قیام کے لئے مینڈیٹ نہیں لیا تو پھر پارلیمانی و سیاسی جماعتوں میں نئے صوبوں کے قیام کے لئے ہلچل کیوں مچی ہوئی ہے؟۔ بظاہر پاکستان کی تمام بڑی سیاسی جماعتیں و عوام کی اکثریت نئے صوبوں کے حق میں نظر نہیں آتی تو نئے صوبوں کا شوشہ کس نے اور کیوں چھوڑا ہوا ہے؟۔ اگر نئے صوبوں کے لئے ریفرنڈم کا انعقاد بھی ایوب خان، ضیاء الحق اور پرویز مشرف طرز اور پس پردہ مقاصد کے حصول کی بنیاد پر کیا گیا تو خاکم بدہن، مملکت کی وحدت پر سنگین خطرات منڈلائیں گے۔ اس تھوڑے لکھے کو بہت سمجھ لینا چاہیے۔







