سلگتی مغربی سرحد اور کابل کا تزویراتی مخمصہ

سلگتی مغربی سرحد اور کابل کا تزویراتی مخمصہ
قادر خان یوسف زئی
اگست 2021ء کی ایک حبس زدہ شام جب کابل کے حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے آخری امریکی فوجی طیارے نے اڑان بھری، تو اسلام آباد کے پالیسی ساز حلقوں میں یہ خوش گمانی پروان چڑھی تھی کہ دہائیوں سے جاری دو محاذوں کے سیکیورٹی خطرات کا باب اب ہمیشہ کے لیے بند ہو چکا ہے۔ خیال یہ تھا کہ کابل میں ایک ہمدرد اور نظریاتی طور پر قریب سمجھی جانے والی حکومت کے قیام سے پاکستان کی چھبیس سو کلومیٹر طویل مغربی سرحد محفوظ ہو جائے گی اور ریاستی وسائل کو معاشی بحالی کے لیے وقف کیا جا سکے گا۔ مگر تاریخ کا المیہ یہ ہے کہ ہندوکش کی سنگلاخ وادیوں میں واقعات کا دھارا کبھی سیدھی لکیر میں سفر نہیں کرتا۔ آج صورتِ حال یہ ہے کہ امن کے متوقع ثمرات سمیٹنے کے بجائے پاک افغان سرحد ایک ایسی سلگتی ہوئی فالٹ لائن میں تبدیل ہو چکی ہے جہاں جدید نائٹ ویژن تھرمل اسکوپس اور خودکار امریکی اسلحے سے لیس شدت پسند عناصر رات کی تاریکی میں سرحدی چوکیوں کو نشانہ بناتے ہیں، اور دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان سفارتی تلخی تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو رہی ہے۔
پاکستان کی جانب سے افغان عبوری حکومت کو دیا جانے والا یہ دوٹوک پیغام کہ وہ اپنی داخلی بدامنی کا ملبہ بیرونی عوامل پر ڈالنے کے بجائے اپنی سرزمین پر موجود دہشت گرد گروہوں کے خلاف قابلِ تصدیق کارروائی کرے، محض ایک روایتی سفارتی بیان نہیں ہے۔ درحقیقت یہ اس گہرے تزویراتی اور ساختیاتی بحران کا عکاس ہے جس نے امریکی انخلا کے بعد پورے خطے کے امن و استحکام کو دا پر لگا دیا ہے۔یہ بحران اس تلخ حقیقت کو آشکار کرتا ہے کہ جب ریاستی امور اور بین الاقوامی معاہدوں پر غیر ریاستی مسلح جتھوں کی نظریاتی و قبائلی رفاقت حاوی ہو جائے، تو نہ صرف دو طرفہ سرحدیں غیر محفوظ ہو جاتی ہیں بلکہ جنوبی اور وسطی ایشیا کے معاشی انضمام کا پورا خواب ہی خطرے میں پڑ جاتا ہے۔
اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی ’’ اینالیٹیکل سپورٹ اینڈ سینکشنز مانیٹرنگ ٹیم‘‘(UN Monitoring Team) کی حالیہ رپورٹس اس امر کی باضابطہ تصدیق کرتی ہیں کہ کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی) اس وقت افغانستان میں موجود سب سے بڑی غیر ملکی شدت پسند تنظیم ہے، جس کے جنگجوئوں کی تعداد چھے ہزار سے ساڑھے چھے ہزار کے لگ بھگ ہے۔ اقوامِ متحدہ کی دستاویزات کے مطابق ان عناصر کو نہ صرف افغان صوبوں کنڑ، خوست، پکتیکا اور ننگرہار میں محفوظ پناہ گاہیں اور نقل و حرکت کی آزادی میسر ہے، بلکہ القاعدہ کے ذیلی نیٹ ورکس کے ساتھ مل کر انہیں تربیتی مراکز اور نیٹو افواج کا چھوڑا ہوا جدید اسلحہ بھی حاصل ہوا ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد میں قائم مستند تحقیقی ادارے ’’ پاک انسٹی ٹیوٹ فار پیس اسٹڈیز‘‘(PIPS)کی سالانہ سیکیورٹی رپورٹس کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ کابل میں افغان طالبان کے برسرِ اقتدار آنے کے بعد پاکستان، بالخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں ستر فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس میں سیکڑوں سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کو اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنا پڑا ہے۔
یہاں یہ بنیادی سوال ابھرتا ہے کہ آخر کیا وجہ ہے کہ ایک ایسی تحریک جو 2014ء سے 2018ء کے دوران پاکستانی مسلح افواج کے کامیاب آپریشنز، بالخصوص ضربِ عضب اور ردالفساد کے نتیجے میں تتر بتر ہو چکی تھی، وہ اچانک اس قدر منظم اور مہلک قوت بن کر دوبارہ کیسے ابھر آئی؟ اس علت و معلول کو سمجھنے کے لیے امریکی ملٹری اکیڈمی ویسٹ پوائنٹ کے تحقیقی جریدے ’’ سی ٹی سی سینٹینل‘‘ (CTC Sentinel)میں شائع ہونے والی سویڈن کی لنڈ یونیورسٹی سے وابستہ محقق عبدالسید اور امریکی اسکالر ڈاکٹر عمیرہ جدون کی مشترکہ تحقیق نہایت چشم کشا شواہد پیش کرتی ہے۔ ان ماہرین کے مطابق ٹی ٹی پی کے موجودہ سربراہ مفتی نور ولی محسود نے تنظیم کی ساخت کو مکمل طور پر افغان طالبان کے گوریلا ماڈل پر استوار کیا ہے۔ تنظیم نے ماضی کی طرح بازاروں اور مساجد میں اندھا دھند خودکش حملوں کی پالیسی ترک کر کے اپنی ضرب کا رخ براہِ راست پاکستانی فوج، پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کی طرف موڑ دیا ہے تاکہ عوامی ردِعمل سے بچا جا سکے اور ریاست پر نفسیاتی و عسکری دبا بڑھایا جا سکے۔ مزید برآں، دو درجن سے زائد چھوٹے بڑے منحرف شدت پسند دھڑوں کو ایک مرکزی کمان کے تحت لا کر سرحدی اضلاع کے لیے باقاعدہ ’’ شیڈو گورنرز‘‘ مقرر کیے گئے ہیں، جو افغان سرزمین کو بطور لاجسٹک بیس استعمال کرتے ہیں۔
اس عسکری تنظیمِ نو کے پیچھے کارفرما سیاسی اور نظریاتی عوامل کا تجزیہ کرتے ہوئے واشنگٹن کے معروف تھنک ٹینک ’’ یونائیٹڈ اسٹیٹس انسٹی ٹیوٹ آف پیس‘‘(USIP)سے وابستہ جنوبی ایشیا کے ممتاز ماہر ڈاکٹر اسفندیار میر اپنی تحقیقی رپورٹ (Pakistan’s Security Predicament)میں لکھتے ہیں کہ افغان طالبان اور ٹی ٹی پی کے تعلقات محض وقتی مصلحت کے تابع نہیں ہیں، بلکہ ان کی جڑیں بیس سالہ افغان جنگ کی رفاقت، نام نہاد جہادی نظریے اور سرحد کے آر پار پھیلے ہوئے قبائلی ڈھانچے میں پیوست ہیں۔ ان کے تجزیے کے مطابق قندھار میں موجود افغان طالبان کی اعلیٰ قیادت اور حقانی نیٹ ورک کے کئی بااثر حلقے ٹی ٹی پی کے جنگجوئوں کو اپنے ان محسنوں کے طور پر دیکھتے ہیں جنہوں نے امریکی اور نیٹو افواج کے خلاف جنگ میں نہ صرف اپنے خون کا نذرانہ دیا بلکہ مشکل وقت میں افغان طالبان کو قبائلی علاقوں میں پناہ بھی فراہم کی۔ یہی وہ بنیادی تضاد ہے جس کی وجہ سے فروری 2020ء کے ’’ دوحہ معاہدے‘‘ کی صریح خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ گو کہ اس عالمی معاہدے میں افغان طالبان نے ضمانت دی تھی کہ افغان سرزمین کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی، لیکن کابل وعدہ ایفا نہیں کر سکا۔
مغربی سرحد پر جاری یہ کشمکش اب محض پاک افغان دو طرفہ تنازع نہیں رہی بلکہ اس کے اثرات براہِ راست عالمی اور علاقائی جیو پولیٹکس کو اپنی لپیٹ میں لے رہے ہیں۔ واشنگٹن کے ’’ ولسن سینٹر‘‘ میں سائوتھ ایشیا انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر مائیکل کوگلمین اس صورتِ حال کو پاکستان کی دہائیوں پرانی ’’ تزویراتی گہرائی‘‘ کی پالیسی کے الٹے وار کے طور پر تعبیر کرتے ہیں۔ کوگلمین کے مطابق افغانستان میں موجود شدت پسندوں کی پناہ گاہیں اب چین کے اربوں ڈالر کے منصوبے ’’ سی پیک‘‘ اور پاکستان میں کام کرنے والے چینی انجینئرز کی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن چکی ہیں۔ داسو، بشام اور کراچی میں چینی شہریوں پر ہونے والے حملوں کے تانے بانے جب سرحد پار جا کر ملتے ہیں، تو بیجنگ کی تشویش میں غیر معمولی اضافہ ہوتا ہے کیونکہ چین خود بھی افغانستان میں مشرقی ترکستان اسلامی تحریک کے وجود سے متاثر ہے۔ اسی طرح روس، ایران اور وسطی ایشیائی ریاستیں خصوصاً تاجکستان اور ازبکستان، افغانستان کو ایک ایسے بلیک ہول کے طور پر دیکھ رہی ہیں جہاں القاعدہ، ٹی ٹی پی، داعش خراسان اور دیگر وسطی ایشیائی مسلح گروہ ایک دوسرے کے وجود سے تقویت پا رہے ہیں۔ کابل کے اربابِ اختیار کو یہ ادراک کرنا ہو گا کہ ہمسایے کے گھر میں لگی آگ کو ہوا دے کر یا اس سے آنکھیں چرا کر اپنے آنگن کو دیرپا امن کا گہوارہ نہیں بنایا جا سکتا۔







