صاف ہوا کا حق اور حکومتی ترجیحات

صاف ہوا کا حق اور حکومتی ترجیحات
محمد مبشر انوار
فضائی آلودگی کے حوالے سے ابتدائی تنبیہ آج سے نو سال قبل جسٹس( ر)سیدمنصور علی شاہ کی کوشش سے ہوئی تھی مگرآج بھی اسموگ کا عذاب، عدالتی سفارشات اور ماحولیاتی تحفظ کا ایجنڈاادھورا دکھائی دیتا ہے بلکہ جن خدشات کااظہار کیا گیا تھا،آج وہ پوری شدت کے ساتھ پاکستانیوں کو اپنی لپیٹ میں لئے ہوئے ہیں۔فضا میں پھیلی دھند، آنکھوں میں جلن، سانس لینے میں دشواری، کھانسی اور گلے کی تکلیف اب پاکستان کے شہریوں، بالخصوص پنجاب کے باسیوں کے لیے کسی غیرمعمولی صورت حال کا نام نہیں رہیں۔ ہر سال اکتوبر اور نومبر کے مہینوں میں اسموگ کا عفریت ایک مرتبہ پھر شہروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیتا ہے۔ لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان، شیخوپورہ، قصور اور دیگر شہر فضائی آلودگی کی لپیٹ میں آ جاتے ہیں۔ تعلیمی اداروں کی بندش، کاروباری سرگرمیوں میں تعطل، سڑکوں پر حدِ نگاہ میں کمی اور ہسپتالوں میں سانس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اس بحران کی سنگینی کا پتا دیتی ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا یہ مسئلہ اچانک پیدا ہوا ہے؟ کیا اس کے اسباب اور تدارک کے طریقے ہمارے لیے نامعلوم ہیں؟ اور کیا حکومتوں کے پاس اس بحران سے نمٹنے کے لیے کوئی قابلِ عمل حکمت عملی موجود نہیں؟۔ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ قریباً نو برس قبل لاہور ہائی کورٹ کے اس وقت کے چیف جسٹس جسٹس سید منصور علی شاہ نے فضائی آلودگی اور اسموگ کے مسئلے کا نوٹس لیتے ہوئے ایک اہم عدالتی پیش رفت کی تھی۔ دسمبر 2017ء میں انہوں نے پنجاب حکومت کی جانب سے اسموگ پالیسی اور ماحولیاتی قوانین پر عمل درآمد میں ناکامی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دس رکنی اسموگ کمیشن قائم کیا، جس کی سربراہی معروف ماہرِ قانون و ماحولیات ڈاکٹر پرویز حسن کو سونپی گئی۔ اس کمیشن نے ماحولیاتی آلودگی کے اسباب کا جائزہ لیا اور مئی 2018ء میں اپنی رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب میں فضائی آلودگی کے بنیادی محرکات کی نشاندہی کے ساتھ قریباً 17اہم اقدامات اور سفارشات پیش کی گئیں۔ ان سفارشات کا مقصد محض اسموگ کے موسم میں وقتی اقدامات کرنا نہیں تھا بلکہ فضائی آلودگی کے مستقل خاتمے کے لیے ایک جامع نظام وضع کرنا تھا۔کمیشن نے واضح کیا کہ اسموگ صرف موسمی دھند یا قدرتی مظاہر کا نتیجہ نہیں بلکہ انسانی سرگرمیوں، صنعتی اخراج، ٹرانسپورٹ، زرعی طریقوں اور شہری انتظامیہ کی کمزوریوں کا مجموعی نتیجہ ہے۔اسموگ کے بنیادی اسباب کی نشاندہی کرتے ہوئے کمیشن نے ،حکومتی اقدامات و پالیسی کے لئے،درج ذیل سفارشات مرتب کی تھی،کمیشن نے جن اہم اسباب کی نشاندہی کی ان میں گاڑیوں کا دھواں، ناقص ایندھن، صنعتی یونٹس کا اخراج، اینٹوں کے بھٹے، فصلوں کی باقیات جلانا، شہری کچرے کو آگ لگانا اور درختوں کی کٹائی شامل تھے۔ رپورٹ میں اینٹوں کے بھٹوں کو جدید زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے، آلودگی پھیلانے والی صنعتوں کے خلاف کارروائی، گاڑیوں کے اخراج کو کنٹرول کرنے، فصلوں کی باقیات جلانے کے متبادل فراہم کرنے اور کچرا جلانے پر پابندی کے مثر نفاذ کی سفارش کی گئی۔ اس کے علاوہ پنجاب کلین ایئر ایکشن پلان، فضائی آلودگی کی مسلسل نگرانی، ضلعی سطح پر اسموگ رسپانس مراکز، صحت عامہ کے ہنگامی اقدامات، جدید ڈیجیٹل نظام، شجرکاری اور عوامی آگاہی کو بھی بنیادی اہمیت دی گئی۔
کمیشن نے ایک اہم نکتہ یہ بھی اٹھایا کہ اسموگ کے مسئلے کو محض کسی ایک محکمے کی ذمہ داری قرار نہیں دیا جا سکتا۔ اس کے لیے محکمہ ماحولیات، ٹرانسپورٹ، زراعت، صنعت، بلدیاتی اداروں، صحت اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مربوط حکمت عملی ضروری ہے۔ یہ سفارشات اس اعتبار سے بھی اہم تھیں کہ انہوں نے مسئلے کی تشخیص کے ساتھ اس کے عملی حل کی سمت بھی متعین کر دی تھی۔ ان سفارشات کی روشنی میں موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے دیکھا جائے تو سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا حکومتی اقدامات وقتی بہتری ہے یا مستقل تبدیلی کی طرف اشارہ کرتے ہیں؟حکومت پنجاب کی جانب سے اسموگ رسپانس مراکز میں اضافہ کیا گیا ہے ،ٹرانسپورٹ کے حوالے سے بھی اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور گاڑیوں کی جانچ کا نظام بھی متعارف کروایا گیا ہے،صنعتی آلودگی کو قابو کرنے کے لئے بھی اقدامات اٹھائے گئے ہیں،قوانین بھی بنائے گئے ہیں،فصلوں کی باقیات کو تلف کرنے کی بجائے انہیں دوبارہ قابل استعمال بنانے کے لئے مشینری بھی فراہم کی گئی ہے گو کہ اس کی تعداد ضرورت کے مطابق نہیں اور علاوہ ازیں کاشتکاروں کو مناسب رہنمائی کی فراہمی بھی کم دکھائی دیتی ہے،خصوصی طور پر اینٹوں کے بھٹوں پر استعمال ہونے والے ایندھن اور ٹیکنالوجی تبدیلی کے متعلق بھی اقدامات اٹھائے گئے ہیں لیکن کیا یہ مسلسل اور مستقل بنیادوں پر ہیں یا اس میں کہیں نہ کہیں کوئی نہ کوئی کوتاہی باقی ہے؟10 نومبر 2026ء کی صورت حال اس مسئلے کی سنگینی اور پیچیدگی دونوں کو ظاہر کرتی ہے۔ لاہور میں صبح نو بجے اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس 489ریکارڈ کیا گیا، جو انتہائی خطرناک سطح کے قریب تھا، تاہم محکمہ تحفظ ماحولیات کے مطابق سہ پہر تین بجے یہ سطح کم ہو کر 232رہ گئی۔ حکام نے اس بہتری کو اینٹی اسموگ کارروائیوں، نگرانی، پانی کے چھڑکا اور آلودگی پھیلانے والے ذرائع کے خلاف اقدامات سے منسوب کیا۔یہ کمی بلاشبہ قابلِ توجہ ہے، لیکن چند گھنٹوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس کا کم ہونا اس بات کا ثبوت نہیں کہ آلودگی کے بنیادی اسباب ختم ہو گئے ہیں۔ موسم، ہوا کی رفتار، درجہ حرارت اور فضائی دبا بھی ان اعدادوشمار پر اثرانداز ہوتے ہیں۔جبکہ ملتان کے حوالے سے انتہائی خطرناک انڈیکس ریکارڈ کیا گیا ہے کہ ملتان میں اے کیو آئی انڈیکس 1026بھی ریکارڈ ہوا،جو انتہائی سے زیادہ خطرناک ہے اوریہاں قارئین کرام کی سہولت کے لئے، امریکن ماحولیاتی تحفظ ادارے کے معیار کو پہنچانا ضروری سمجھتا ہوں تا کہ حالات کی سنگینی کا احساس ہو سکے، اس کے مطابق 0۔5 اچھا اور صحت مند فضا تصور ہوتی ہے، 51۔ 100اطمینان بخش، عمومی طور پر قابل قبول،101۔ 150حساس افراد کے لئے مضر، بچوں اور مریضوں کے لئے احتیاط کی متقاضی،151۔ 200غیر صحت بخش ، سب کے لئے نقصان دہ،201۔ 300انتہائی غیر صحت بخش، صحت کے لئے سنگین اثرات مرتب کرنے والی،301۔ 500خطرناک، فوری ضروری اقدامات کرنے کی ضرورت، اس تقسیم کے مطابق پنجاب کے شہروں میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے اور کئے گئے کیا کئے گئے اقدامات اس سے نبردآزما ہونے کے لئے کافی ہیں؟ ۔
دوسری طرف نومبر 2026ء میں جاری ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق لاہور میں گزشتہ بارہ ماہ کے دوران باریک ذرات یعنی PM2.5کی ماہانہ اوسط مقدار پاکستان کے مقررہ معیار سے بلند رہی۔ حتیٰ کہ نسبتاً صاف سمجھے جانے والے موسمِ گرما میں بھی فضائی آلودگی قابلِ تشویش سطح پر موجود رہی۔ یہ تحقیق ایک بنیادی حقیقت واضح کرتی ہے کہ اسموگ صرف سردیوں کا مسئلہ نہیں۔ سردیوں میں درجہ حرارت کی الٹ پھیر اور ہوا کی نچلی تہہ میں آلودگی کے پھنس جانے سے یہ بحران زیادہ نمایاں ہو جاتا ہے، لیکن آلودگی کے ذرائع پورا سال کام کرتے رہتے ہیں۔فضائی آلودگی کی دوسری بڑی وجہ ٹرانسپورٹ ہے،پاکستان کے بڑے شہروں میں گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد، پرانی گاڑیاں، ناقص ایندھن، دھوئیں کے اخراج کے غیرموثر معیارات اور پبلک ٹرانسپورٹ کی ناکافی سہولتیں فضائی آلودگی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ خصوصاً لاہور جیسے بڑے شہر میں روزانہ لاکھوں گاڑیوں کی آمدورفت، موٹر سائیکلوں اور رکشوں کا دھواں، بھاری ٹرانسپورٹ اور ٹریفک کا دبائو فضائی معیار کو متاثر کرتا ہے۔اس تناظر میں الیکٹرک بسوں کا اجرا، گاڑیوں کے اخراج کی جانچ، صاف ایندھن اور پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کی توسیع مثبت اقدامات ہو سکتے ہیں۔ پنجاب حکومت کے مطابق 612الیکٹرک بسیں متعارف کرائی گئی ہیں اور قریباً پانچ لاکھ گاڑیوں کی اخراج سے متعلق جانچ کی گئی ہے۔تاہم اصل کامیابی کا پیمانہ گاڑیوں کی تعداد یا منصوبوں کے اعلانات نہیں بلکہ سڑکوں پر آلودگی کے حقیقی اخراج میں کمی ہونا چاہیے۔ صنعتی یونٹس، اسٹیل ملز، سیمنٹ فیکٹریاں، بجلی پیدا کرنے والے پلانٹس اور روایتی اینٹوں کے بھٹے بھی فضائی آلودگی کے اہم ذرائع ہیں۔2018ء کے اسموگ کمیشن نے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کی سفارش کی تھی۔ اب حکومتی دعوے کے مطابق پنجاب کے 95فیصد سے زیادہ بھٹے اس ٹیکنالوجی کو اپنا چکے ہیں۔ یہ ایک اہم پیش رفت ہے، لیکن اس کا حقیقی فائدہ اسی وقت ممکن ہے جب ان یونٹس کی مسلسل نگرانی بھی ہو اور جدید ٹیکنالوجی کے نام پر غیرمعیاری سرگرمیوں کی اجازت نہ دی جائے۔اسی طرح صنعتی یونٹس میں فلٹرز، اخراج کنٹرول کرنے والے آلات اور ماحولیاتی معیارات پر عمل درآمد لازمی ہونا چاہیے۔ صرف نوٹس جاری کرنا یا چند روز کے لیے فیکٹریاں بند کر دینا مستقل حل نہیں۔ خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف قانون کے مطابق مستقل اور بلاامتیاز کارروائی ضروری ہے۔پنجاب میں دھان کی فصل کی کٹائی کے بعد باقیات جلانے کا مسئلہ بھی اسموگ میں شدت پیدا کرتا ہے۔ کسانوں کے لیے فصل کی باقیات کو مشینری کے ذریعے تلف کرنا یا زمین سے ہٹانا اضافی اخراجات کا باعث بنتا ہے، اس لیے بعض علاقوں میں انہیں آگ لگا دی جاتی ہے۔اس مسئلے کا حل صرف پابندی اور جرمانے نہیں بلکہ کسانوں کو متبادل مشینری، مالی معاونت اور فصلوں کی باقیات کے مفید استعمال کے مواقع فراہم کرنا ہے۔پنجاب حکومت کی جانب سے سپر سیڈرز کی فراہمی اور زرعی مشینری پر سبسڈی اسی سمت میں اقدامات ہیں۔ حکومتی اعدادوشمار کے مطابق دس ہزار سپر سیڈرز فراہم کیے گئے اور مزید مشینری کی فراہمی کا منصوبہ ہے۔اس کے ساتھ بھارت کے پنجاب میں فصلوں کی باقیات جلانے اور سرحد پار سے آنے والی آلودگی کے امکان کو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم اس معاملے کو سیاسی الزام تراشی کے بجائے سائنسی تحقیق، ہوا کے رخ، سیٹلائٹ ڈیٹا اور فضائی ذرات کی ساخت کے تجزیے کی بنیاد پر سمجھنا ضروری ہے۔دونوں ملکوں کے درمیان ماحولیاتی تعاون اور مشترکہ نگرانی کا نظام قائم کرنا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ ہوا سیاسی سرحدوں کی پابند نہیں ہوتی۔فضائی آلودگی کا سب سے تشویش ناک پہلو اس کے انسانی صحت پر اثرات ہیں۔ PM2.5کے انتہائی باریک ذرات سانس کے ذریعے پھیپھڑوں میں داخل ہو کر خون میں شامل ہو سکتے ہیں۔ ان سے دمہ، سانس کی دائمی بیماریاں، دل کے امراض اور دیگر پیچیدگیوں کے خطرات بڑھتے ہیں۔بچے، بزرگ، حاملہ خواتین اور پہلے سے سانس یا دل کے امراض میں مبتلا افراد زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔فضائی آلودگی کا نقصان صرف ہسپتالوں کے بڑھتے ہوئے اخراجات تک محدود نہیں رہتا۔ تعلیمی اداروں کی بندش، ملازمین کی غیرحاضری، کاروباری سرگرمیوں میں کمی اور محنت کشوں کی پیداواری صلاحیت متاثر ہونے سے ملکی معیشت پر بھی بوجھ پڑتا ہے۔
لہٰذا اسموگ کو صرف محکمہ ماحولیات کا مسئلہ سمجھنا درست نہیں۔ یہ صحت، تعلیم، معیشت اور سماجی تحفظ کا بھی مسئلہ ہے۔حالیہ برسوں میں پنجاب حکومت نے ایئر کوالٹی مانیٹرنگ اسٹیشنز، الیکٹرک بسوں، سپر سیڈرز، بھٹوں کی جدید ٹیکنالوجی، صنعتی نگرانی اور آلودگی پھیلانے والے ذرائع کے خلاف کارروائی جیسے اقدامات کیے ہیں۔ عالمی بینک نے بھی مارچ 2025ء میں پنجاب کلین ایئر پروگرام کے لیے 300ملین ڈالر کے رعایتی قرض کی منظوری دی تھی، جس کا ہدف آئندہ دس برس میں لاہور ڈویعن میں PM2.5کی سطح میں 35فیصد کمی لانا ہے۔یہ اقدامات ایک مربوط حکمت عملی کی طرف پیش رفت ضرور ہیں، لیکن ان کی کامیابی کا فیصلہ اعلانات، بجٹ یا مشینری کی تعداد سے نہیں بلکہ فضائی معیار میں مستقل بہتری سے ہونا چاہیے۔اور سب سے اہم سوال یہ کہ 2018ء میں اسموگ کمیشن کی پیش کردہ سفارشات میں سے کتنی سفارشات مکمل طور پر نافذ ہو چکی ہیں اور کتنی ابھی تک کاغذوں میں موجود ہیں؟ سوال یہ نہیں کہ ہم اگلے سال اسموگ سے کیسے بچیں گے، بلکہ سوال یہ ہے کہ کیا ہم آنے والی نسلوں کو صاف ہوا، صحت مند ماحول اور محفوظ زندگی دینے کے لیے آج اپنی ترجیحات تبدیل کرنے پر آمادہ ہیں؟، کیونکہ اگر ہم نے اب بھی اس مسئلے کو وقتی انتظامی کارروائیوں تک محدود رکھا تو آنے والے برسوں میں اس کی قیمت صرف ہماری معیشت نہیں بلکہ ہماری نسلیں بھی ادا کریں گی۔







