زندہ لاشیں: ایک بے حس معاشرے کی کہانی!

زندہ لاشیں: ایک بے حس معاشرے کی کہانی!
عابد ضمیر ہاشمی
ہر طرف بدامنی، خوف، بے چینی، گھٹن کا ماحول ہے۔ امن ختم ہوتا جا رہا ۔ اس میں ہم سب کا کردار ہے ۔ کبھی کبھی کسی انسان کی موت اس کے جسم سے روح نکلنے سے بہت پہلے واقع ہو جاتی ہے۔ وہ سانس تو لیتا ہے، لوگوں کے درمیان بیٹھتا ہے، مسکراتا بھی ہے، مگر اندر سے کہیں ٹوٹ چکا ہوتا ہے۔ اس کی اس خاموش موت کا ذمہ دار کوئی حادثہ نہیں ہوتا، بلکہ ہمارے معاشرے کے تلخ لفظ، زہریلے لہجے، بے رحم رویے اور بے حس انسان ہوتے ہیں۔ انسان کو ہمیشہ زخم خنجر نہیں دیتے، بعض اوقات ایک جملہ عمر بھر کا زخم بن جاتا ہے۔ کبھی کسی کا طنز، کبھی کسی کی حقارت، کبھی کسی کا مذاق اور کبھی اپنوں کی بے رخی انسان کے اندر ایسی دراڑیں ڈال دیتی ہے جنہیں وقت بھی نہیں بھر پاتا۔
ہم ایک ایسے معاشرے میں جی رہے ہیں جہاں انسان کی قدر اس کے کردار سے زیادہ اس کی دولت، عہدے، لباس، گاڑی اور معاشرتی حیثیت سے کی جاتی ہے۔ یہاں کامیاب آدمی کی ہر بات دانش مندی اور ناکام آدمی کی ہر وضاحت بہانہ سمجھی جاتی ہے۔ امیر کی غلطی کو مصلحت کا نام دیا جاتا ہے اور غریب کی مجبوری کو اس کی نااہلی قرار دے دیا جاتا ہے۔ ذرا اپنے اردگرد دیکھیے! کتنے لوگ ایسے ہیں جو بظاہر زندہ ہیں، مگر اندر سے مر چکے ہیں۔ کوئی غربت کے طعنے سہہ رہا ہے، کوئی بے روزگاری کے سوالات سے تنگ ہے، کوئی رشتوں کی بے وفائی کا بوجھ اٹھائے ہوئے ہے، کوئی اپنی ناکامیوں پر شرمندہ ہے اور کوئی صرف اس لیے خاموش ہے کہ اس کی بات سننے والا کوئی نہیں۔ کسی کے پرانے کپڑے دیکھ کر مذاق اڑاتے ہیں، کسی کے معمولی گھر کو اس کی اوقات قرار دیتے ہیں، کسی کے بچوں کی تعلیمی مشکلات کو والدین کی ناکامی سمجھتے ہیں۔ ہمیں یہ احساس نہیں ہوتا کہ جس شخص پر ہم چند لمحے ہنس رہے ہیں، شاید وہ پوری زندگی ان حالات سے لڑ رہا ہے۔
ہمارے ہاں الفاظ کی بے احتیاطی ایک معاشرتی بیماری بن چکی ہے۔ ہم بولنے سے پہلے سوچتے نہیں اور بولنے کے بعد کسی کے دل پر لگنے والے زخم کا احساس بھی نہیں کرتے۔ کسی کو موٹا، کالا، غریب، ناکام، بے کار اور نکما کہہ دینا ہمارے لیے معمولی بات ہے۔ مگر جس شخص کو یہ الفاظ سننے پڑتے ہیں، اس کے لیے شاید وہ ایک پوری رات کی بے خوابی بن جاتے ہیں۔ سب سے زیادہ تکلیف دہ رویہ اپنوں کا ہوتا ہے۔ غیر کی بے رخی برداشت ہو جاتی ہے، مگر جب اپنا ہی انسان ضرورت کے وقت منہ پھیر لے تو دل میں کچھ ٹوٹ جاتا ہے۔ جن لوگوں کے لیے انسان اپنی خوشیاں قربان کرتا ہے، کبھی کبھی وہی لوگ اس کی مجبوریوں کا مذاق بناتے ہیں۔ ضرورت کے وقت تعلقات کی حقیقت سامنے آتی ہے اور انسان سمجھ جاتا ہے کہ بعض رشتے محبت سے نہیں، مفاد سے جڑے ہوتے ہیں۔
کسی کے جنازے پر آنسو بہانے والے اکثر اس کی زندگی میں دو میٹھے بول بھی نہیں بولتے۔ کسی کی وفات کے بعد اس کی خوبیاں بیان کرنے والوں کو اس کی زندگی میں اس کی حوصلہ افزائی کا خیال نہیں آتا۔ ہم مرنے والوں کے لیے پھول خرید لیتے ہیں، مگر زندہ لوگوں کو ایک محبت بھرا جملہ دینے میں کنجوسی کرتے ہیں۔
کسی غریب طالب علم کو دیکھ لیجیے۔ وہ کتابوں کے ساتھ اپنی غربت بھی اٹھائے پھرتا ہے۔ تعلیمی ادارے میں فیس، لباس اور وسائل کی کمی اسے اندر ہی اندر احساسِ کمتری میں مبتلا کرتی ہے۔ پھر جب وہ تعلیم مکمل کرکے روزگار کی تلاش میں نکلتا ہے تو معاشرہ اس سے سوال کرتا ہے: ابھی تک کچھ بنا نہیں؟ اسے کون سمجھائے کہ ہر انسان کی زندگی کا سفر ایک جیسا نہیں ہوتا۔ کسی کو منزل وراثت میں ملتی ہے اور کسی کو راستے میں اپنی پوری زندگی خرچ کرنا پڑتی ہے۔
ہم کسی کے حالات جانے بغیر اس کے کردار کا فیصلہ صادر کر دیتے ہیں۔ ہمیں کسی کے چہرے پر مسکراہٹ نظر آتی ہی تو سمجھتے ہیں کہ وہ خوش ہے، مگر یہ نہیں جانتے کہ بعض لوگ اپنے آنسو چھپانے کے لیے بھی مسکراتے ہیں۔ کچھ لوگ محفلوں میں قہقہے لگاتے ہیں اور تنہائی میں اپنے ہی وجود سے سوال کرتے ہیں۔
سوشل میڈیا نے بھی اس رویے کو مزید نمایاں کر دیا ہے۔ کسی کی کامیابی پر مبارک باد دینے کے بجائے اس کے پیچھے سازشیں تلاش کی جاتی ہیں۔ کسی کی خوشی دیکھ کر دل سے دعا دینے کے بجائے اس کی کمزوریوں کی تلاش شروع ہو جاتی ہے۔ کسی کی تحریر، کسی کی تقریر، کسی کی کامیابی اور کسی کی عزت کو برداشت کرنا ہمارے لیے مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ ہم حوصلہ افزائی کے بجائے تنقید، اصلاح کے بجائے تضحیک اور محبت کے بجائے مقابلے کو ترجیح دینے لگے ہیں۔
سوال یہ ہے کہ آخر ہم کس سمت جا رہے ہیں؟ کیا معاشرہ صرف عمارتوں، سڑکوں، بازاروں اور بڑے عہدوں سے بنتا ہے؟ نہیں! معاشرہ انسانوں سے بنتا ہے اور انسان کی اصل خوب صورتی اس کے اخلاق، برداشت، احساس اور دوسروں کے احترام میں پوشیدہ ہے۔
یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ ہر تلخ جملہ محض معمولی بات نہیں ہوتا۔ مسلسل تحقیر، تضحیک، دھمکی، بے قدری اور جذباتی اذیت کسی انسان کی ذہنی و جذباتی صحت کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہے۔ بعض اوقات انسان مدد مانگنا بھی چھوڑ دیتا ہے، کیونکہ اسے یقین ہو جاتا ہے کہ یہاں اس کی بات سننے کے بجائے اسے مزید تنقید کا نشانہ بنایا جائے گا۔
ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ ہر انسان اپنی ایک الگ جنگ لڑ رہا ہے۔ کسی کی جنگ غربت سے ہے، کسی کی تنہائی سے، کسی کی بیماری سے، کسی کی بے روزگاری سے اور کسی کی اپنے ہی لوگوں کے رویوں سے۔ اس لیے ہمیں فیصلے سنانے سے پہلے احساس کرنا اور تنقید کرنے سے پہلے انسانیت کو یاد رکھنا ہوگا۔کیونکہ موت صرف قبرستانوں میں نہیں ہوتی، بعض انسانوں کے خواب، امیدیں، خوداعتمادی اور مسکراہٹیں بھی ہمارے رویوں کے ہاتھوں دفن ہو جاتی ہیں۔ اور شاید ہمارے معاشرے کا سب سے بڑا المیہ یہی ہے کہ یہاں مرنے والوں کے لیے تعزیتی اجتماعات تو ہوتے ہیں، مگر زندہ انسانوں کے دکھ سننے کے لیے وقت نہیں ہوتا۔ انسان مرتا نہیں، اسے معاشرے کے لفظ، لہجے اور رویے مار دیتے ہیں!






