پی ڈی ایف کا عفریت

پی ڈی ایف کا عفریت
تحریر: رفیع صحرائی
ایک دور تھا کہ ریڈیو بڑے شوق سے سنا جاتا تھا۔ ریڈیو پر خبریں، فرمائشی گیت اور ڈرامے سننے کا رواج تھا۔ پھر ٹیلی وژن نے آ کر ریڈیو کی اہمیت قدرے کم کر دی۔ موبائل فون آیا تو لینڈ لائن فون کی قدر میں کمی ہو گئی۔ اینڈرائیڈ فون نے بیک وقت ریڈیو، ٹیلی وژن، کیمرے، گھڑی، وی سی آر، ویڈیو کیمرے، کیبل نیٹ ورک سمیت بہت سی ایجادات کو اپنے اندر سمو لیا۔ ٹیکنالوجی جوں جوں ترقی کرتی جا رہی ہے انسانی زندگی میں آسانیاں پیدا ہوتی جا رہی ہیں۔ لیکن یہ ترقی بہت سی چیزوں، کلچر اور پیشوں کے لیی تباہی کا پیش خیمہ بھی ثابت ہوئی ہے۔
ٹیکنالوجی نے جہاں انسانی زندگی کو سہولتیں فراہم کی ہیں اور دنیا کو ایک گلوبل ولیج میں تبدیل کر دیا ہے، وہیں اس کے کچھ منفی اثرات نے ہمارے روایتی معاشرتی اور معاشی ڈھانچے کو بھی ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ڈیجیٹل دنیا کا ایک ایسا ہی عفریت اب ’’ پی ڈی ایف کلچر‘‘ (PDF Culture)ہے، جس نے آج پرنٹ میڈیا یعنی اخبارات سے لے کر کتاب فروشی اور اشاعت کی پوری صنعت کو شدید خطرات سے دوچار کر رکھا ہے۔
ایک وقت تھا جب صبح سویرے دروازے پر اخبار کا انتظار کرنا اور تازہ روشنائی کی خوشبو سے مَس کرتی کتاب کے اوراق پلٹنا ایک الگ ہی تہذیبی لطف رکھتا تھا۔ کتاب کی خوشبو میں ایک عجیب سا نشہ تھا۔ لیکن آج موبائل کی اسکرین پر انگلی کے ایک ہلکے سے اشارے نے اس سارے ذوق کو پسِ پشت ڈال دیا ہے۔
اخباری صنعت کے زوال میں دیگر اقتصادی عوامل کے ساتھ ساتھ پی ڈی ایف کلچر کا بھی بہت بڑا ہاتھ ہے۔ آج کل صورتحال یہ ہے کہ اخبار باقاعدہ مارکیٹ میں آنے اور گھروں تک پہنچنے سے کئی گھنٹے پہلے اس کی مکمل پی ڈی ایف فائل مختلف واٹس ایپ گروپس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کرنے لگتی ہے۔ قاری کے لیے بظاہر اس میں بہت سہولت ہے۔ چالیس یا پچاس روپے کا اخبار روزانہ خریدنے کے بجائے اسے مفت میں پی ڈی ایف کی صورت میں سارا مواد مل جاتا ہے۔ اب قاری ایک ہی وقت میں ملک و بیرونِ ملک کے درجنوں اخبارات اپنی جیب میں سمیٹے پھرتا ہے اور سفر ہو یا دفتر، وہ کسی بھی وقت باخبر رہ سکتا ہے۔ اسے اخبار سنبھالنے یا ساتھ لے کر چلنے کی کوئی زحمت نہیں اٹھانی پڑتی۔ وہ جب اور جہاں چاہے ایک سے زائد اور مختلف زبانوں کے اخبارات کا مطالعہ کر سکتا ہے، اخبارات اور خبروں کا تقابلی جائزہ لے سکتا ہے اور خبر یا واقعہ کی اصلیت تک پہنچ سکتا ہے۔ لیکن اس سہولت کا دوسرا رُخ انتہائی بھیانک ہے۔ پرنٹڈ اخبار کی فروخت میں ہونے والی اس پگھلائو جیسی کمی نے ملک کے بڑے بڑے اخبارات کی اشاعت کو اس حد تک گرا دیا ہے کہ اخباری ادارے مالی بحران کا شکار ہو کر رہ گئے ہیں جس کا براہِ راست اثر صحافتی برادری اور پریس ورکرز پر پڑ رہا ہے۔ بڑے صحافتی اداروں سے ہزاروں ورکرز کی چھانٹی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
پی ڈی ایف کا اثر صرف اخبارات تک محدود نہیں رہا بلکہ اس نے کتب فروشی کی صدیوں پرانی روایت کو بھی دیمک کی طرح چاٹنا شروع کر دیا ہے۔ آج کل عالم یہ ہے کہ کوئی بھی نئی کتاب مارکیٹ میں آتے ہی لوگ اس کی پی ڈی ایف کا مطالبہ شروع کر دیتے ہیں۔ اس رجحان نے گھروں کے نقشے ہی بدل دئیے ہیں۔ اب گھروں میں باقاعدہ ’’ لائبریری روم‘‘ یا کتابوں کی الماریاں بنوانے کا رواج ختم ہوتا جا رہا ہے۔ ہزاروں شاہکار کتب اب موبائل فون یا لیپ ٹاپ کی معمولی سی اسٹوریج میں سمیٹ لی گئی ہیں۔ لیکن اس ڈیجیٹل آسانی نے کتاب کی روح کو مار ڈالا ہے۔ مصنفین اپنے خونِ جگر سے تخلیقات جنم دیتے ہیں۔ پبلشرز بڑی محنت، کاوش اور لاکھوں روپے کی سرمایہ کاری سے کتابیں شائع کرتے ہیں، لیکن کتاب مارکیٹ میں آنے کے چند ہی دن بعد اس کی غیر قانونی پی ڈی ایف تیار کرکے سوشل میڈیا پر عام کر دی جاتی ہے۔
اس پورے بحران کا سب سے دردناک پہلو یہ ہے کہ اس اخلاقی گراوٹ میں عام قاری کے ساتھ ساتھ وہ طبقہ بھی پیش پیش ہے جو معاشرے کا روشن دماغ کہلاتا ہے۔ پبلشرز اور کتب فروشوں کا یہ شکوہ انتہائی بجا ہے کہ لاکھوں روپے ماہانہ تنخواہیں اور مراعات لینے والے پروفیسرز، اساتذہ اور اعلیٰ تعلیمی اداروں سے وابستہ افراد بھی محض دو سو یا تین سو روپے کی کتاب خریدنے کو تیار نظر نہیں آتے۔ وہ بھی اب پی ڈی ایف کا مطالبہ کرتے نظر آتے ہیں۔
جب علمی اور ادبی حلقوں سے تعلق رکھنے والے نام نہاد دانشور ہی مفت کی پی ڈی ایف کے حصول کے لیے ہاتھ پھیلائیں گے اور کتاب خریدنے کی روایت کی نفی کریں گے، تو عام نوجوان نسل سے کیا توقع رکھی جا سکتی ہے؟ یہ رویہ نہ صرف مصنف کی حق تلفی ہے بلکہ علم کی توہین بھی ہے۔
پی ڈی ایف کلچر کی اس یلغار نے پاکستان میں کتاب اور اشاعت کی صنعت کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ اگر اس ناسور کو فوری طور پر نہ روکا گیا تو وہ دن دور نہیں جب ملک سے قلم، کتاب اور مطالعے کی روایت ناپید ہو جائے گی۔ وقت کا تقاضا ہے کہ حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور بغیر اجازت کتابوں اور اخبارات کی ڈیجیٹل نقلیں تیار کرکے انہیں سوشل میڈیا یا واٹس ایپ پر مفت تقسیم کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائے۔ ساتھ ہی تعلیمی اداروں، اساتذہ اور سول سوسائٹی کو بھی چاہیے کہ وہ ’’ کاپی رائٹ‘‘ کے احترام اور کتاب خریدنے کی صحت مند روایت کو فروغ دینے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ ملک میں علم و ادب کے چراغ بجھنے سے بچائے جا سکیں۔







