سسٹم ری سیٹ ۔ ناگزیر؟؟

سسٹم ری سیٹ ۔ ناگزیر؟؟
محمد مبشر انوار
ایک پائیدار سیاسی و ریاستی نظام کی تشکیل کے لیے کیا موجودہ سیاسی بندوبست میں اصلاح ممکن ہے، یا ملک کو ایک نئے عمرانی معاہدے کی ضرورت ہے؟۔ پاکستان کی سیاست ایک ایسے دوراہے پر کھڑی ہے جہاں محض حکومتوں کی تبدیلی، سیاسی چہروں کی آمدورفت یا اقتدار کی نئی تقسیم سے مسائل کا حل بظاہر ممکن دکھائی نہیں دیتا۔ ملک کو درپیش سیاسی عدم استحکام، معاشی دبائو، اداروں کے درمیان اختیارات کی کشمکش، پارلیمان کی کمزور ہوتی ہوئی حیثیت، عدالتی تنازعات اور عوام کے انتخابی مینڈیٹ سے متعلق تحفظات نے ایک بنیادی سوال کو جنم دیا ہے، کیا پاکستان کو محض حکومت کی تبدیلی درکار ہے یا پورے نظام کی ازسرنو تشکیل؟۔ آج کل پاکستان میں سسٹم ری سیٹ کی اصطلاح کا بار بار استعمال ہو رہا ہے، تاہم اس اصطلاح کی کوئی متفقہ آئینی یا قانونی تعریف موجود نہیں۔ اس سے مراد مختلف حلقوں کے نزدیک مختلف ہو سکتی ہے۔ کسی کے نزدیک یہ سول ملٹری تعلقات میں توازن کا نام ہے، کسی کے نزدیک انتخابی نظام کی شفافیت، کسی کے نزدیک سیاسی جماعتوں کے مابین مفاہمت، جبکہ بعض حلقے اسے ریاستی اداروں کے کردار اور اختیارات کی نئی حد بندی سے تعبیر کرتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کو کسی ایک شخصیت، جماعت یا ادارے کی بالادستی کے بجائے ایسے نظام کی ضرورت ہے جس میں تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کریں، سیاسی اختلاف کو دشمنی نہ سمجھا جائے اور اقتدار کی منتقلی عوامی مینڈیٹ کے مطابق ہو۔ کیا ری سیٹ کا مطلب نظام توڑنا ہے یا اسے درست کرنا ہے؟۔ سسٹم ری سیٹ کے حوالے سے حالیہ سیاسی بحث میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا موقف بھی سامنے آیا ہے کہ ری سیٹ کا مطلب نظام کو توڑنا نہیں بلکہ اس کی خرابیوں کو درست کرنا ہے۔ انہوں نے نئے انتظامی یونٹس اور صوبوں کی تشکیل کی بحث بھی اٹھائی اور 12نومبر 2026 ء کو اس معاملے پر عوامی رائے معلوم کرنے کے لیے ریفرنڈم کی تجویز دی۔ دوسری طرف پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی سیاسی ری سیٹ اور سیاسی جماعتوں کے باہمی اتحاد کی ضرورت پر بات کی ہے۔ یہاں بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان کا بحران صرف انتظامی ڈھانچے کی تبدیلی سے حل ہو سکتا ہے؟۔ کیا نئے صوبے بنانے سے سیاسی بے چینی، معاشی بدحالی، ادارہ جاتی تنا اور عوامی اعتماد کا فقدان ختم ہو جائے گا؟۔ بظاہر ایسا نہیں ہے۔ نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کی تشکیل انتظامی مسائل کا ایک ممکنہ حل ضرور ہو سکتی ہے، لیکن یہ قومی بحران کا مکمل علاج نہیں۔ پاکستان کا بنیادی مسئلہ اختیارات کی تقسیم سے زیادہ آئینی اختیارات کے استعمال، جواب دہی، قانون کی یکساں عمل داری اور عوامی نمائندگی کے تسلسل سے متعلق ہے۔ اگر نظام کی بنیادی خرابیاں برقرار رہیں تو نئے انتظامی یونٹس بھی اسی نوعیت کے مسائل کا شکار ہو سکتے ہیں جن کا سامنا موجودہ صوبوں اور وفاق کو ہے۔ اس لیے سسٹم ری سیٹ کو کسی ایک انتظامی فیصلے یا سیاسی سمجھوتے تک محدود کرنے کے بجائے ایک جامع قومی اصلاحاتی منصوبے کے طور پر دیکھنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی لئے سسٹم ری سیٹ کے حوالے سے بنیادی طور جن امور کا خیال رکھا جانا چاہئے اس میں، آئین کی بالادستی اور اداروں کی آئینی حدود، پاکستان کا 1973ء کا آئین ریاستی اداروں کے اختیارات اور ذمہ داریوں کا تعین کرتا ہے۔ پارلیمان قانون سازی، انتظامیہ حکومتی امور اور عدلیہ آئین و قانون کے مطابق انصاف کی فراہمی کی ذمہ دار ہے۔ مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب کسی ادارے کے اختیارات دوسرے ادارے کے دائرہ کار میں مداخلت کا سبب بنیں یا آئینی توازن متاثر ہو۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پارلیمان، عدلیہ، انتظامیہ اور عسکری ادارے اپنے اپنے آئینی دائرے میں رہتے ہوئے کام کریں۔ قومی سلامتی کے معاملات میں متعلقہ اداروں کا کردار اپنی جگہ اہم ہے، لیکن سیاسی حکومت سازی، انتخابی عمل اور سیاسی جماعتوں کے معاملات کا فیصلہ آئینی و جمہوری طریقہ کار کے مطابق ہونا چاہیے۔ یہ اصول کسی ایک جماعت یا شخصیت کے لیے نہیں بلکہ تمام سیاسی قوتوں کے لیے یکساں ہونا چاہیے۔ حکومت سازی عوامی رائے کے مطابق تشکیل پانی چاہئے تا کہ عوامی اعتماد برقرار رہے اور اگر انتخابی عمل پر سوالات اٹھتے رہیں تو منتخب حکومت کی سیاسی ساکھ متاثر ہوتی ہے اور ریاستی اداروں پر عوامی اعتماد بھی کمزور ہوتا ہے، جو اس وقت دکھائی بھی دے رہا ہے کہ موجودہ حکومت بہرحال فارم 47کی بنیاد پر قائم ہوئی ہے۔ انتخابی اصلاحات متفقہ طور پر کی جانی چاہئیں تاکہ الیکشن کمیشن کی انتظامی خودمختاریت، انتخابی قوانین پر غیر جانبدارنہ عمل درآمد، انتخابی نتائج کی شفافیت اور شکایات کے بروقت فیصلوں کو یقینی بنانا ازحد ضروری ہے، نہ کہ فیصلے اس وقت سامنے آئیں جب ان کی افادیت ہی ختم ہو چکی ہو۔ سول ملٹری تعلقات میں آئینی توازن انتہائی اہم ہے جو اس وقت بدقسمتی سے عدم توازن کا شکار دکھائی دیتا ہے کہ قومی سلامتی، سرحدوں کا تحفظ اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں افواج پاکستان کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے لیکن اس وقت جو سوالات افواج پاکستان کے کردار پر کے پی کے حوالے سے اٹھ رہے ہیں، وہ باعث تشویش ہیں اور ان تعلقات کے لئے زہر قاتل کا درجہ رکھتے ہیں، ان سے گریز ضروری ہے۔ اداروں کے درمیان محاذ آرائی نہیں بلکہ آئینی حدود، باہمی احترام اور ذمہ داریوں کی واضح تقسیم ہے۔ قومی سلامتی کے معاملات پر سیاسی قیادت اور عسکری قیادت کے درمیان بامقصد مشاورت ہونی چاہیے، لیکن سیاسی اختلافات کا حل سیاسی عمل کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔ عدلیہ کا کردار، معاشرے میں آئین کے تحفظ، شہریوں کے حقوق کی ضمانت اور آزادانہ قوانین کے مطابق فیصلے کرنے میں انتہائی اہم ہے لیکن بدقسمتی سے اس وقت 26ویں اور 27ویں ترمیم کے بعد، عدلیہ اپنی آزادی اور خودمختاری کھو چکی ہے اور ایک آئینی ادارہ ہونے کے باوجود، اپنے اختیارات انتظامیہ کے سپرد کر چکی حالانکہ عدالت کے پاس یہ اختیار موجود ہے کہ ایسی کسی بھی قانون سازی کو جو دوسرے آئینی ادارے کے اختیارات سلب کر رہے ہوں، کو ماورائے آئین قرار دے کر کالعدم قرار دے سکتی ہے مگر موجودہ عدلیہ نے اپنے ان اختیارات کو استعمال کرنے کی بجائے، مقننہ کی طاقت کے سامنے سر جھکانا بہتر سمجھا۔ ضرورت ہے کہ عدالتی نظام کو سیاسی دبائو سے محفوظ بنایا جائے، مقدمات کے فیصلوں میں غیر ضروری تاخیر ختم ہو، زیر حراست افراد کو قانونی حقوق حاصل ہوں اور عدالتی احکامات پر بلا امتیاز عمل درآمد کیا جائے۔ یہ بھی ضروری ہے کہ احتساب کا نظام سیاسی انتقام کا ذریعہ نہ بنے۔ بدعنوانی کے الزامات کا فیصلہ شواہد، شفاف تحقیقات اور آزاد عدالتی کارروائی کے ذریعے ہونا چاہیے۔ پاکستان کی سیاست میں ایک دوسرے کو برداشت نہ کرنے کا رویہ قومی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ بن چکا ہے۔ حکومت اپوزیشن کو سیاسی حریف کے بجائے اکثر ریاستی مخالف سمجھنے لگتی ہے اور اپوزیشن بھی حکومتی اقدامات کو ہر صورت مسترد کرنے کی روش اختیار کر لیتی ہے۔ اس ماحول میں قومی مسائل پر اتفاق رائے پیدا کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام بڑی سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کے سیاسی وجود اور جمہوری حق کو تسلیم کریں۔ حکومت اپوزیشن کو پارلیمانی عمل میں موثر کردار دے اور اپوزیشن بھی احتجاج اور اختلاف کے ساتھ پارلیمانی و آئینی راستوں کو اہمیت دے۔ سیاسی مفاہمت کا مطلب یہ نہیں کہ کسی کے خلاف قانونی کارروائی ختم کر دی جائے یا کسی کو غیر قانونی رعایت دی جائے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ سیاسی اختلاف کو قانونی اور جمہوری حدود میں رکھا جائے۔ معاشی پالیسیوں میں تسلسل سرمایہ کاروں، صنعت کاروں اور کاروباری طبقے میں اعتماد کو فروغ دے سکتا ہے اور ملک کو توانائی، ٹیکس اصلاحات، برآمدات، زراعت، صنعتی ترقی، تعلیم اور روزگار کے حوالے سے طویل المدتی قومی پالیسی اپنانا ہو گی جو کسی ایک حکومت کی نہیں بلکہ تمام سیاسی جماعتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہونی چاہیے۔ کم از کم دس سے پندرہ سالہ معاشی منصوبہ بندی کی جائے جس میں حکومتوں کی تبدیلی کے باوجود بنیادی اہداف برقرار رہیں۔ پاکستان میں گورننس کا ایک بڑا مسئلہ اختیارات کا ارتکاز ہے ضرورت ہے کہ انتظامی اصلاحات اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے اقدامات کئے جائیں، اس حوالے سے اس وقت نئے صوبوں کی بحث بھی جاری ہے اور محسن نقوی نئے صوبوں کی تشکیل کے لئے ریفرنڈم کی تجویز دے چکے ہیں اور مسلسل اس کے لئے راہ ہموار کر رہے ہیں۔ دیکھتے ہیں کہ کیا واقعی وہ اس میں کامیاب ہوتے ہیں یا نہیں البتہ یہ بات بھی حقیقت ہے کہ محسن نقوی جن کے نمائندے ہیں، وہ نئے صوبے بنانے کی ٹھان چکے ہیں اور توقع یہی ہے کہ اس پر ایک طرف ریفرنڈم کی صورت موجود ہے تو دوسری طرف آئین میں نئی ترمیم کی گنجائش بھی موجود ہے، گو کہ نئی ترمیم میں صوبوں کے حوالے سے پیپلز پارٹی آمادہ دکھائی نہیں دیتی، لیکن تحریک انصاف سے معاملات بھی آگے بڑھتے دکھائی دے رہے ہیں، لہذا پیپلز پارٹی کا انکار، اس کے لئے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ تاہم جیسا شروع میں کہا کہ حکومتوں کی تبدیلی، سیاسی چہروں کی آمدورفت یا اقتدار کی نئی تقسیم سے مسائل کا حل بظاہر ممکن دکھائی نہیں دیتا، اس کے لئے استثنیات کا باب بند کرکے، بلا امتیاز ہر قانون شکن کو قانون کے شکنجے میں کسنے سے ہی ممکن ہے۔
انتظامی اصلاحات اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی پاکستان میں گورننس کا ایک بڑا مسئلہ اختیارات کا ارتکاز ہے۔ مقامی حکومتیں اکثر مالی اور انتظامی خودمختاری سے محروم رہتی ہیں۔ ضرورت ہے کہ آئین کے آرٹیکل 140۔Aکے تقاضوں کے مطابق منتخب مقامی حکومتوں کو سیاسی، انتظامی اور مالی اختیارات دئیے جائیں۔ شہری مسائل کا حل محض صوبائی دارالحکومتوں میں بیٹھ کر ممکن نہیں۔ بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنائے بغیر عوامی سطح پر گورننس بہتر نہیں ہو سکتی۔ اسی تناظر میں نئے صوبوں کی بحث کو بھی انتظامی ضرورت، آبادی، وسائل، عوامی رائے اور آئینی طریقہ کار کے ساتھ جوڑنا ہوگا۔
عمران خان کا کردار: بحران کا فریق یا مفاہمت کا ممکنہ مرکز؟
سسٹم ری سیٹ کی بحث میں سب سے اہم سوال عمران خان کے سیاسی کردار کا ہے۔ اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف ملک کی سیاست میں ایک بڑی سیاسی قوت ہیں۔ ان کی مقبولیت، انتخابی حمایت اور سیاسی بیانیے کو نظرانداز کرکے کوئی بھی جامع قومی مفاہمت مکمل نہیں ہو سکتی۔ عمران خان اس وقت ایک طرف سابق وزیراعظم اور ایک بڑی سیاسی جماعت کے بانی ہیں تو دوسری طرف مختلف مقدمات اور قانونی تنازعات کے باعث جیل میں ہیں۔ ان کی سیاسی اور قانونی حیثیت کے بارے میں مختلف حلقوں کے اپنے اپنے موقف ہیں، لیکن قومی سطح پر سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے ان کے معاملے کو حل کرنا ایک اہم ضرورت بن چکا ہے۔13 نومبر 2026ء کو شائع ہونے والی اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی اور مقتدر حلقوں کے درمیان پس پردہ رابطوں کی باتیں سامنے آئی ہیں۔ عمران خان سے ان کے وکلا کی ملاقات اور ان کی بہنوں کی حراست سے رہائی کو بھی سیاسی ماحول میں تبدیلی کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ تاہم ان اطلاعات کو کسی حتمی سیاسی معاہدے یا مفاہمت کی تصدیق قرار نہیں دیا جا سکتا۔ اس صورت حال میں عمران خان کا کردار کئی حوالوں سے اہم ہو سکتا ہے۔
سیاسی محاذ آرائی کے بجائے قومی مفاہمت کا راستہ:
عمران خان اگر سسٹم ری سیٹ کے عمل میں شریک ہوتے ہیں تو ان کے لیے سب سے اہم کردار یہ ہو سکتا ہے کہ وہ سیاسی اختلاف کو ادارہ جاتی تصادم میں تبدیل ہونے سے روکنے میں مدد دیں۔ اس کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ اپنی جماعت کو پارلیمانی سیاست، سیاسی مذاکرات اور آئینی جدوجہد پر مرکوز رکھیں۔ حکومت کے ساتھ اختلاف اپنی جگہ، لیکن ریاستی اداروں کے ساتھ مستقل تصادم ملک کے کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں۔ اسی طرح حکومت کو بھی یہ سمجھنا ہوگا کہ سیاسی مفاہمت کا مطلب یہ نہیں کہ پی ٹی آئی اپنی سیاسی شناخت اور موقف سے دستبردار ہو جائے۔
انتخابی مینڈیٹ اور سیاسی حقوق کا معاملہ:
عمران خان اور پی ٹی آئی کا ایک بنیادی موقف انتخابی مینڈیٹ اور جمہوری حقوق سے متعلق ہے۔ اگر ان تحفظات کو شفاف اور قابل قبول طریقہ کار کے ذریعے حل کیا جائے تو سیاسی تنازع کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس مقصد کے لیے ایک آزاد پارلیمانی انتخابی اصلاحاتی کمیٹی تشکیل دی جا سکتی ہے جس میں حکومت، پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی، جمعیت علمائے اسلام اور دیگر پارلیمانی جماعتوں کی نمائندگی ہو۔ یہ کمیٹی انتخابی قوانین، انتخابی نتائج کے تنازعات، الیکشن کمیشن کی خودمختاری اور مستقبل کے انتخابات کے لیے قابل قبول ضابطہ اخلاق مرتب کرے۔
سیاسی کارکنوں اور مقدمات کا معاملہ:
سیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں، مقدمات اور بنیادی حقوق سے متعلق تنازعات بھی سیاسی مفاہمت کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ اس حوالے سے ضروری ہے کہ تمام زیر التوا مقدمات کا فیصلہ آزاد عدالتی نظام کے تحت ہو۔ جہاں قانونی تقاضے پورے ہوں وہاں ضمانت اور دیگر قانونی سہولتیں فراہم کی جائیں، جبکہ کسی بھی جرم میں ملوث ہونے کے الزامات کا فیصلہ عدالتوں کے ذریعے کیا جائے۔ عمران خان سمیت تمام زیر حراست سیاسی رہنمائوں کو قانون کے مطابق وکلا، اہل خانہ اور طبی سہولتوں تک رسائی ملنی چاہیے۔
پارٹی کے اندر جمہوری نظم و ضبط:
عمران خان کا ایک اہم امتحان اپنی جماعت کو منظم، جمہوری اور پالیسی کی بنیاد پر فعال رکھنا بھی ہوگا۔ پی ٹی آئی کے اندر مختلف سیاسی آرا اور حکمت عملیوں کا اختلاف موجود ہے۔ ایک طرف سخت سیاسی موقف رکھنے والے رہنما ہیں تو دوسری طرف مذاکرات اور سیاسی مفاہمت کے حامی بھی موجود ہیں۔ یہ اختلاف بذات خود غیر معمولی نہیں، لیکن پارٹی کے فیصلے ایک واضح جمہوری طریقہ کار کے تحت ہونے چاہئیں۔12نومبر کو پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کے بیان کے مطابق عمران خان نے پارٹی رہنمائوں کو اپنی جماعت کے نظریے پر قائم رہنے کا پیغام دیا تھا۔ یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ پارٹی کی آئندہ حکمت عملی میں عمران خان کی ہدایات بدستور مرکزی اہمیت رکھتی ہیں۔
کیا عمران خان اور مقتدر حلقوں کے درمیان مفاہمت ممکن ہے؟
پاکستان کے موجودہ سیاسی بحران کا ایک حساس پہلو عمران خان اور مقتدر حلقوں کے درمیان تعلقات ہیں۔ ماضی میں دونوں کے درمیان سیاسی تعاون کی مثالیں ہیں۔







