تازہ ترینخبریںپاکستان

مریم نواز پر متاثرین کے ساتھ انجلینا جولی اسٹائل میں فوٹو سیشن کرانے کے الزام کی حقیقت

ملک کے دیگر صوبوں کی طرح صوبہ پنجاب کا جنوبی حصہ بھی سیلاب سے سخت متاثر ہے، جہاں ہزاروں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔

سیلاب سے متاثرہ پنجاب کے علاقوں میں ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان) بھی ہے، جہاں کا گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (پی ایم ایل) ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی دورہ کیا تھا۔

ڈیرہ غازی خان کے علاقے ٹبی قیصرانی کے دورے کے دوران مریم نواز نے سیاہ رنگ کا لباس پہن رکھا تھا اور وہ متاثرہ خواتین سے افسردہ حالت میں گلے بھی ملتی دکھائی دیں۔

مریم نواز کی جانب سے سیلاب متاثرہ علاقے کا دورہ کرنے اور متاثرین کے ساتھ تصاویر کھچوانے کے فوٹو اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور لوگوں نے ان پر ہولی وڈ اداکارہ انجلینا جولی کا فیشن کاپی کرنے کا الزام لگایا۔

ٹوئٹر پر لوگوں نے ان پر صرف فوٹو سیشن کے لیے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کا الزام لگایا اور انہیں اس بات پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا کہ انہوں نے متاثرین کے لیے کسی امداد کا اعلان نہیں کیا۔

علاوہ ازیں سوشل میڈیا پر ایک متاثرہ بزرگ خاتون کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں خاتون نے اس بات پر شکوہ کیا کہ مریم نواز نے ان کی مدد کا کوئی اعلان نہیں کیا۔

سرائیکی زبان میں بات کرنے والی بزرگ خاتون نے بتایا کہ مریم نواز نے صرف ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں مگر انہیں کسی طرح کی کوئی امداد نہیں دی اور نہ ہی کسی مدد کا اعلان کیا۔

ان کے مطابق وہ اور ان جیسی درجنوں خواتین مریم نواز کا صبح 10 بجے سے کچھ کھائے پیے بغیر ان کا انتطار کرتی رہیں مگر وہ صرف ان کے ساتھ فوٹو سیشن کرکے چلتی بنیں۔

مریم نواز کے حوالے سے مذکورہ خاتون کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متعدد صارفین نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ان پر انجلینا جولی اسٹائل میں متاثرین کے ساتھ فوٹو سیشن کرنے کا الزام عائد کیا۔

متعدد افراد نے دعویٰ کیا کہ جس طرح 2010 کے سیلاب کے بعد ہولی وڈ اداکارہ انجلینا جولی نے پاکستان کا دورہ کرکے متاثرہ خواتین کے ساتھ سیاہ لباس میں تصاویر بنوائی تھیں، اسی طرح مریم نواز نے بھی ان کا اسٹائل کاپی کرکے صرف فوٹو سیشن کروایا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button