تازہ ترینخبریںپاکستان

بلوچستان پرنٹ میڈیا کے مسائل دور کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کی ضرورت

کراچی (پ ر) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کی بلوچستان کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین انور ساجدی کی زیر صدارت گزشتہ روز سی پی این ای سیکریٹریٹ میں بذریعہ ویڈیو لنک منعقد ہوا۔ اجلاس میں بلوچستان میں پرنٹ میڈیا کو درپیش مسائل و مشکلات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اراکین نے اپنی تجاویز سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ عمومی رائے ظاہر کی گئی کہ بلوچستان کے اخبارات اس وقت شدید مالی بحران کا شکار ہیں، خاص طور پر مقامی اخبارات ان مشکلات کی وجہ سے تقریباً جان بہ لب ہیں اور وینٹی لیٹر پر ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر سی پی این ای نے وقتاً فوقتاً وزیر اعلیٰ بلوچستان، چیف سیکریٹری اور سیکریٹری اطلاعات سے ملاقاتیں کیں اور ان پر زور دیا کہ بلوچستان کے پرنٹ میڈیا کو اس صورتحال سے نکانے کے لئے فوری اور ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔ اجلاس میں یہ دیرینہ مطالبہ بھی دہرایا گیا کہ بلوچستان میں سرکاری اشتہارات کے اجراء کی ایک مستقل اور ٹھوس پالیسی بنائی جائے جس کے تحت اخبارات کی درجہ بندی کی جائے۔ چونکہ بلوچستان میں مشروم گروتھ کے باعث اخبارات کی تعداد بہت زیادہ ہے جس کی وجہ سے اشتہاری بجٹ جلدی ختم ہو جاتا ہے اور حقیقی اخبارات تمام سال یا سال کا بیشتر حصہ مالی مشکلات کا شکار رہتے ہیں،

لہٰذا حکومت بلوچستان کو چاہئے کہ سالانہ بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ ، اشتہارات کے ریٹس میں اضافہ اور ڈسپلے اشتہارات اور جرائد کے لئے علیحدہ علیحدہ بجٹ مختص کرے۔ اجلاس میں اس امر پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا کہ حکومت نے کئی ماہ کے واجبات ادا نہیں کئے ہیں جس کی وجہ سے بعض اداروں کے کارکنان کا تنخواہوں سے محروم ہونے کا خدشہ ہے۔ اجلاس میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ صوبائی اور وفاقی حکومت علاقائی زبانوں میں شائع ہونے والے اخبارات کا خاص کوٹہ مقرر کرے۔ دریں اثناء وفاقی حکومت پر واجب الادا بقایاجات پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ واجبات فوری ادا کیئے جائیں۔

اجلاس میں بلوچستان کی اشتہاراتی پالیسی پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے یہ بات نوٹ کی گئی کہ صوبائی حکومت نا معلوم وجوہات کی بناء پر ملک کے بڑے شہروں سے شائع ہونے والے اخبارات کو مقامی اخبارات پر ترجیح دے رہی ہے، جبکہ اس کے برعکس دیگر صوبائی حکومتیں بلوچستان کے اخبارات کو ایک سینٹی میٹر اشتہار بھی جاری نہیں کرتیں، لہٰذا اجلاس میں بلوچستان حکومت سے پر زور مطالبہ کیا گیا کہ اشتہارات کے منصفانہ اجراء کو یقینی بنایا جائے۔ بلوچستان کمیٹی کے اجلاس میں چیئرمین انور ساجدی، ڈپٹی چیئرمین عارف بلوچ، علی لہڑی، آصف بلوچ، رضا رحمان، عبدالنعیم صادق، راشد بلوچ، سید گلزار شاہ اور شبیر تنولی سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی۔

جاری کردہ: کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button