پاکستان

خیبر پختونخوا اسمبلی: 306 ارب سے زائد کا بجٹ منظوری کیلئے پیش

خیبر پختونخوا اسمبلی میں مالی سال 24-2023 کا ضمنی بجٹ منظوری کے لیے پیش کردیا گیا۔

وزیر قانون آفتاب عالم نےخیبر پختونخوا اسمبلی پشاور میں 306 ارب 52 کروڑ 96 لاکھ روپے مالیت کا ضمنی بجٹ منظوری کےلیے پیش کیا۔

موجودہ اسمبلی سے یکم مارچ سے 29 مارچ کے ایک ماہ کے اخراجات کی منظوری لی گئی، بجٹ کے موقع پر اپوزیشن ارکان نے واک آؤٹ کیا، تاہم حکومتی ارکان کے منانے پر اپوزیشن اراکین ایوان میں واپس آگئے۔

دوسری طرف مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم کو عملے نے اسمبلی فلور پر آنے سے روک دیا۔

مزمل اسلم نے سیکیورٹی عملے سے کہا کہ آپ نے میری بے عزتی کی ہے جبکہ عملے کا موقف تھا کہ غیر منتخب کابینہ رکن ایوان میں داخل نہیں ہوسکتا، جس پر صوبائی مشیر خزانہ واپس حکومتی لابی میں بیٹھ گئے۔

آفتاب عالم کے پیش کردہ نظرثانی شدہ بجٹ کے تحت صوبائی اسمبلی کے اضافی اخراجات 2 کروڑ 31 لاکھ روپے ہیں جبکہ محکمہ مال کے اضافی اخراجات 13 کروڑ 52 لاکھ ہیں۔

ضمنی بجٹ میں مجموعی مصارف 292 ارب 95 کروڑ روپے ہیں، اخراجات جاریہ کا حجم 252 ارب جبکہ ترقیاتی کاموں کےلیے 13 ارب رکھے گئے ہیں۔

آفتاب عالم نے بجٹ تقریر میں کہا کہ سوات یونیورسٹی برائے حیوانات کو گرانٹ کی مد میں 28 کروڑ 99 لاکھ روپے جاری ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جیل خانہ جات ملازمین کو بلوں کی مد میں 82 کروڑ روپے جاری ہوئے جبکہ اسٹیشنری اینڈ پرنٹنگ کےلیے 2 کروڑ 44 لاکھ روپے کا خام مال خریدا گیا۔

صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ مالی سال 24-2023  کا ترقیاتی بجٹ 418 ارب 15 کروڑ روپے تھا جبکہ رواں مالی سال میں 197 ارب 87 کروڑ کا کم ترقیاتی بجٹ استعمال کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button