تازہ ترینخبریںپاکستان

پی ٹی آئی رہنما سردار تنویر الیاس بلامقابلہ وزیر اعظم آزاد کشمیر منتخب

اکستان تحریک انصاف کے علاقائی سربراہ سردار تنویر الیاس بلامقابلہ آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم منتخب ہوگئے۔

وزیر اعظم کے انتخاب میں تکنیکی خصوصیات پر اعتراض اٹھاتے ہوئے مشترکہ اپوزیشن نے انتخاب کا بائیکاٹ کردیا تھا۔

قبل ازیں اپوزیشن نے وزیر اعظم کے امیدوار کے طور پر پیپلز پارٹی کے ریجنل صدر چوہدری یٰسین کو نامزد کیا تھا، تاہم بعد ازاں انہوں نے پولنگ سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا تھا۔

اپوزیشن نے اجلاس کے آغاز سے قبل پریس کانفرنس میں بائیکاٹ کا اپنا ارادہ واضح کر دیا تھا۔

اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کے قانون ساز عبدالمجید خان نے رول (1) 15 کو معطل کرنے کی قرارداد پیش کی جس کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے اور پولنگ کے درمیان دو دن کا وقفہ درکار ہے۔

جب قرارداد کثرت رائے سے منظور ہوئی تو اپوزیشن نے اس پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ حکمراں جماعت کو جلدی کیوں ہے۔

اجلاس کے دوران اسپیکر انوارالحق نے اپوزیشن کو کافی دیر تک مصروف رکھا اور بعد ازاں اسے پوائنٹس آف آرڈر پر اپنے خیالات کا اظہار کرنے کی اجازت دی۔

اسپیکر کی جانب سے اسمبلی کے عملے کو انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کی ہدایت کے بعد اپوزیشن قانون ساز احتجاجاً ہال سے چلے گئے۔

اسپیکر انوارالحق کی زیر صدارت قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر کے لیے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کا بلامقابلہ انتخاب کیا گیا ہے۔

جموں وکشمیر کے صدر کی جانب سے آرٹیکل (3) 16 کے تحت اسمبلی کا اجلاس دوسری بار طلب کیا گیا تھا۔

قبل ازیں حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف نے گزشتہ ہفتے جمعے کے روز اجلاس بلانے کی کوشش کی تھی، جو حقیقتاً وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے بلایا گیا تھا، لیکن یہ ناکام ہوگیا تھا کیونکہ اپوزیشن نے اسے ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔

خیال رہے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سردار عبدالقیوم خان نے عہدہ سنبھالنے کے محض 8 ماہ بعد ہی ان کی اپنی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین کی جانب سے تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا۔

14 اپریل کو سردار عبدالقیوم نیازی کی جانب سے صدر آزاد جموں و کشمیر کو بھیجے گئے استعفے میں کہا گیا تھا کہ ‘آزاد جموں و کشمیر کے آئین کے آرٹیکل 16 ون کے تحت میں بحیثیت وزیر اعظم اپنے عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں’۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button