Editorial

دہشت گرد حملے: 20جوان شہید

فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے پر پھیلانے شروع کر دئیے ہیں۔ ملک کے مختلف حصّوں میں دو روز کے دوران سیکیورٹی فورسز پر پے درپے حملوں میں 20جوان شہید کر دئیے گئے۔ شرپسندوں کے حملوں میں 2شہری بھی جاں بحق ہوئے۔ دہشت گرد مسلسل حملے کرکے اپنے مذموم مقاصد میں کسی طور کامیاب نہیں ہوسکتے۔ فتنہ الخوارج کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکا جائے گا اور اس حوالے سے سیکیورٹی فورسز روزانہ کی بنیاد پر ڈھیروں آپریشنز کررہی ہیں، جن میں خاصے دہشت گردوں کو جہنم واصل اور گرفتار کیا جاچکا ہے۔ ان کے ٹھکانوں کو نیست و نابود کیا جاچکا ہے۔ متعدد علاقوں کو ان کے ناپاک وجود سے پاک کیا جاچکا ہے۔ فتنہ الخوارج اپنی مذموم کارروائیوں سے باز نہیں آرہے اور ملک کو دہشت گردی سے دوچار کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ جمعہ کو ڈیرہ اسماعیل خان میں زام ایف سی چیک پوسٹ پر فتنہ خوارج کے دہشتگردوں کے حملے میں ایف سی کے 10جوان شہید اور 3زخمی ہوگئے۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق فتنہ خوارج کے دہشتگردوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں زام ایف سی چیک پوسٹ پر رات کی تاریکی میں بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا، خارجی دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے ایف سی کے 10جوان شہید اور 3زخمی ہوگئے۔ ترجمان کے مطابق شہید جوانوں نے جانیں نچھاور کرکے خوارجیدہشتگردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنایا، شہید ہونے والے ایف سی کے 6جوانوں کا تعلق جنوبی وزیرستان جبکہ 4جوانوں کا تعلق ضلع کرک سے تھا۔ ترجمان نے بتایا کہ شہدا میں نائب صوبیدار محمد جان، نائیک عارف، لانس نائیک سعید الرحمن، سپاہی اخونزادہ اور سپاہی حضرت اللہ، سپاہی مشتاق، سپاہی عبدالصمد، سپاہی عمران، سپاہی بصیر اور سپاہی مہتاب نے جام شہادت نوش کیا۔ ترجمان کے مطابق زخمی ایف سی اہلکاروں نائیک حمزہ، سپاہی حسن اور سپاہی صابر ایوب کو علاج کے لیے سی ایم ایچ اسپتال ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوسری طرف پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے ضلع لکی مروت میں ایک مسجد پر حملہ کیا، جسے جنٹلمین کیڈٹ عارف اللہ نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج نے نماز مغرب کے دوران حملہ کیا، جنٹلمین کیڈٹ عارف اللہ بھی اسی مسجد میں نماز ادا کرنے کے لیے وہاں موجود تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق عارف اللہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں زیر تربیت اور اپنے آبائی شہر میں چھٹی پر تھے، خوارج نے جیسے ہی فائرنگ شروع کی، عارف اللہ نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے خوارج کا بہادری سے مقابلہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنٹلمین کیڈٹ عارف اللہ نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے کئی بے گناہ نمازیوں کی جانیں بچائیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق نوجوان جنٹلمین کیڈٹ کی ایسی بہادری دہشتگردی کے خاتمے کیلئے جوانوں کے جذبے اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے، ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ مزید برآں ضلع خیبر کے علاقے تھانہ ملاگوری میں پولیس اسٹیشن پر دہشتگردوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رائے مظہر اقبال نے بتایا ہے کہ تھانہ ملاگوری ضلع خیبر کا دور افتادہ علاقہ ہے جہاں قریبی پہاڑوں میں دہشت گردوں نے گھات لگاکر تھانہ ملاگوری کی عمارت پر فائرنگ کی۔ ڈی پی او نے کہا کہ فائرنگ میں اسنائپر گن اور خودکار اسلحہ استعمال کیا گیا جس میں پولیس اہلکار ثاقب خان موقع پر شہید ہوگیا جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے دہش تگرد فرار ہوگئے۔ دوسری جانب بنوں کے علاقے بکا خیل میں بھی پولیس اسٹیشن پر رات گئے دہشتگردوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا اور جوابی فائرنگ کے بعد دہشتگرد فرار ہوگئے۔ ضلع بنوں کے ہی علاقے جانی خیل میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ او محافظ سمیت جاں بحق ہوگیا۔ فائرنگ سے ایک اہلکار بھی زخمی ہوا جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ہفتے کو خیبر پختون خوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں میرعلی کے علاقے عیدک میں پولیس اور آرمی کی جوائنٹ چیک پوسٹ’’اسلم’’ پر خودکش حملہ میں 8 افراد شہید اور 5 زخمی ہوگئے۔ سینئر پولیس آفیسر کے مطابق خودکُش حملہ آور نے بارود سے بھرا رکشا چیک پوسٹ سے ٹکرا کر دھماکے سے اڑادیا۔ شہید افراد میں چار پولیس اہلکار، 2 فوجی اور دو عام شہری شامل ہیں۔ دھماکے میں چیک پوسٹ کے ساتھ ایک فوجی گاڑی کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ زخمیوں کو میران شاہ اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں متعدد کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے، جس کے باعث شہید افراد کی تعداد میں اضافے کا اندیشہ ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کرلیا اور مزید کارروائی جاری ہے۔دہشت گردوں کی مختلف کارروائیوں میں 20جوانوں کی شہادت پر پوری قوم اشک بار اور شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ یہ شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، جنہوں نے ملک کی حفاظت کی خاطر اپنی جان دینے سے بھی دریغ نہیں کیا۔ یہ اور ان کے لواحقین ہر لحاظ سے قابل عزت و احترام ہیں۔ پوری قوم کو شہدا اور اپنی سیکیورٹی فورسز پر فخر ہے، ان کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پاکستان پہلے بھی تن تنہا دہشت گردوں کا صفایا کرچکا، ان کی کمر توڑ چکا اور دُنیا اُس کی دہشت گردوں کے خلاف کوششوں کو ناصرف سراہتی بلکہ قدر کی نگاہ سے بھی دیکھتی ہے۔ اب بھی سیکیورٹی فورسز فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں سے برسرپیکار ہیں۔ ان کو چُن چُن کر مارا اور گرفتار کیا جارہا ہے۔ ان کی کمین گاہوں کو برباد کیا جارہا ہے۔ ان کے خلاف جلد کامیابی قدم چومے گی۔ ملک سے جلد تمام دہشت گردوں کا صفایا ہوگا۔ امن و امان کی صورت حال بہتر ہوگی۔
ٹیسٹ سیریز: انگلینڈ کیخلاف شاندار جیت
کرکٹ کے میدان سے پاکستانی شائقین کو کافی عرصے بعد اچھی خبر ملی ہے، بابائے کرکٹ کو ہوم سیریز میں پاکستان نے 2۔1سے پچھاڑ دیا ہے۔ آخری ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 9وکٹوں سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ اس ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے، پی سی بی کے کیے گئے بڑے فیصلے کا آخری دو ٹیسٹ میچ میں اثر صاف دِکھائی دیا۔ بڑے ناموں کو آرام کرا کے نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دئیے گئے، جنہوں نے اپنی شاندار کارکردگی سے انگلینڈ کی جیت میں اہم کردار نبھایا۔ اس جیت میں پاکستانی سپنرز نعمان علی اور ساجد خان کا کلیدی کردار رہا۔ آخری کے دونوں ٹیسٹ مقابلوں میں ان دونوں کی گھومتی گیندوں سے انگلش بلے باز خاصے پریشان رہے اور دھڑا دھڑ پویلین لوٹتے رہے۔ ان دونوں نے بابائے کرکٹ کہلانے والے انگلینڈ کو کھیل کا پاٹ اچھے سے پڑھا ڈالا۔ بیٹنگ میں کامران غلام، سعود شکیل، کپتان شان مسعود، نعمان علی اور ساجد خان کی کارکردگی بہترین رہی۔ کھیل کے تیسرے روز انگلینڈ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں محض 112رنز پر ڈھیر ہوگئی۔راولپنڈی میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 24 رنز 3 وکٹوں کے نقصان پر کھیل کا آغاز کیا تو 42 رنز کے اضافے کے بعد ہیرک بروک 26 کے انفرادی اسکور پر آئوٹ ہوئے جب کہ کپتان بین سٹوکس، جیمی سمتھ 3، 3، گس اٹکنسن 10، ریحان احمد 7 اور جیک لیچ 10 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ انگلینڈ کی پوری ٹیم 112 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی۔ یوں انگلش ٹیم پاکستان کے خلاف محض 35 رنز کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکی۔ پاکستان کی جانب نعمان علی نے 6 جبکہ ساجد خان نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ مختصر ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنر صائم ایوب 8 رنز بناکر جیک لیچ کا شکار بنے جب کہ کپتان شان مسعود نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 6 گیندوں پر 23 رنز سکور کیے اور گرین شرٹس کو 9 وکٹوں سے میچ جتوادیا۔ مشکل وقت میں انتہائی ذمے دارانہ اننگز کھیل کر سنچری بنانے والے سعود شکیل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ 19 وکٹیں لینے پر ساجد خان کو سیریز کا بہترین کھلاڑی ٹھہرایا گیا۔ راولپنڈی ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 267 رنز سکور کیے تھے، جواب میں پاکستان ٹیم نے سعود شکیل کی شاندار سنچری کی بدولت 344 رنز بنائے تھے۔ انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں محض 112 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ واضح رہے کہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو اننگز اور 47 رنز سے مات دی تھی۔ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 152 رنز سے ہرایا تھا جبکہ آخری ٹیسٹ میں بھی پاکستان نے مہمان ٹیم کو 9 وکٹوں سے زیر کیا۔ اس جیت کا تسلسل آئندہ بھی جاری رہنا چاہیے۔ کھلاڑی آئندہ مقابلوں میں اپنی خامیوں پر قابو پائیں، غلطیوں سے سبق سیکھیں۔ بہترین کھیل پیش کرکے ملک و قوم کا سر عالمی سطح پر بلند کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button