پاکستان

سپیکر کا انتخاب: قومی اسمبلی کا اجلاس شروع٬ شدید ہنگامہ آرائی

قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے اجلاس جاری ہے۔

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کے لیے اجلاس راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت ہو رہا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے اسپیکر کے انتخاب کا طریقہ کار ایوان میں موجود اراکین کو بتایا جس کے بعد سنی اتحاد کونسل کے بیرسٹر گوہر اور عمر ایوب نے پوائنٹ آف ارڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ایوان میں اراکین کی تعداد پوری نہیں ہو جاتی کس طرح سے الیکشن ہو سکتا ہے۔

مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رانا تنویر نے اظہار خیال کرنا شروع کیا تو سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے شور شرابہ شروع کر دیا، جس پر اسپیکر نے کہا کہ جب آپ لوگ بات کر رہے تھے تو سب نے خاموشی سے سنا، آپ لوگوں کو بھی دوسروں کو خاموشی سے سننا چاہیے۔

بعد ازاں اسپیکر راجا پرویز اشرف نے اسپیکر کے انتخاب کے عمل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ آئین اور قانون کے تحت آپ خود الیکشن کمیشن گئے ہوئے ہیں، الیکشن کمیشن انتخابات سے متعلق فورم ہے قومی اسمبلی نہیں۔

اسپیکر کے لیے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے مشترکہ امیدوار ایاز صادق جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عامر ڈوگر ہیں، اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے سے ہو گا۔

اسپیکر کے انتخاب کے بعد قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کے چناؤ کے لیے ووٹنگ ہو گی، ڈپٹی اسپیکر کے لیے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے امیدوار غلام مصطفیٰ شاہ ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز 19 ویں قومی اسمبلی کے پہلے سیشن میں 336 رکنی ایوان کے 302 ارکان نے حلف اٹھایا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button