نیب ترامیم کیخلاف انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت، بانی پی ٹی آئی ویڈیو لنک کے ذریعے سپریم کورٹ میں پیش

نیب ترامیم کے خلاف انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت کے موقع پر بانی پی ٹی آئی ویڈیو لنک کے ذریعے سپریم کورٹ میں پیش ہوگئے۔
سپریم کورٹ کا لارجر بینچ نیب ترامیم کے خلاف وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی اپیلوں پر سماعت کررہا ہے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس امین الدین، جسٹس جمال مندوخیل ، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس حسن اظہر رضوی بینچ کا حصہ ہیں۔
بانی پی ٹی آئی نے نیب ترامیم کیس میں خود پیش ہونے کی درخواست دی تھی جس پر سپریم کورٹ کے لارجر بینچ نے بانی پی ٹی آئی کی بذریعہ ویڈیو لنک پیشی کی اجازت دی تھی۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتی کارروائی براہ راست نشر کرنے سے متعلق فیصلہ 5 رکنی لارجر بینچ ہی کرے گا، سماعت کے آغاز پر عدالتی بینچ براہ راست نشریات دکھانے یا نہ دکھانے کا فیصلہ کرے گا۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے نیب ترامیم کو کالعدم قرار دیا تھا جس کے بعد اس کے خلاف وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے انٹرا کورٹ اپیلیں دائر کی تھیں۔
اس سے قبل سپریم کورٹ میں آج بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کے انتظامات راولپنڈی اڈیالہ جیل میں مکمل کرلیے گئے تھے۔
جیل ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل کی انتظامیہ نے بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری سے متعلق بتا دیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی پیشی سے قبل ویڈیو لنک کا ٹیسٹ بھی کیا گیا تھا۔
جیل ذرائع کے مطابق کل وکیل خواجہ حارث اور انتظار پنجوتھہ نے جیل میں بانی پی ٹی آئی سے مختصر ملاقات بھی کی تھی۔