نسانکا نے افغان بولرز کی درگت بناتے ہوئے ناقابل شکست ڈبل سنچری جڑدی
سری لنکن اوپنر پیتھوم نسانکا نے افغان بولرز کو نشانے پر رکھ لیا، تمام گیند بازوں کی درگت بناتے ہوئے شاندار ڈبل سنچری جڑ دی۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا اور افغانستان کے خلاف تین میچز کی ون ڈے سیریز کا پہلا مقابلہ پالے کیلے میں کھیلا جارہا ہے۔ میزبان اوپنر پیتھوم نسانکا نے اپنے کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری اسکور کرتے ہوئے افغانستان کے بولرز کی درگت بنادی۔
نسانکا نے صرف 139 بالز پر 210 رنز کی یادگار اننگز کھیلی جبکہ انھیں کوئی بھی افغان بولرز آؤٹ کرنے میں ناکام رہا۔ ان کی اننگز میں 8 چھکے اور 20 چوکے بھی شامل تھے۔
سری لنکا کے دنوں اوپنرز اویشکا فرنینڈو اور نسانکا نے اپنی ٹیم کو 182 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دیا۔ فرنینڈو 88 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اوپنر کی ڈبل سنچری کی بدولت میزبان نے پہلے ون ڈے میں افغانستان کے مقررہ 50 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 381 رنز بنائے۔
افغانستان کی جانب سے فرید احمد نے کوٹے کے 10 اوورز میں 79 رنز دیتے ہوئے 2 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ محمد نبی کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔