نواز شریف، بلاول لاہور، عمران میانوالی سے کاغذات جمع، دو روز کی توسیع
8 فروری 2024 کو ملک میں ہونے والے عام انتخابات کے سلسلہ میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جمعہ کے روز بھی جاری رہا۔
نواز شریف، بلاول لاہور، عمران خان میانوالی، فضل الرحمٰن کے ڈی آئی خان سے کاغذات جمع ہوگئے، ترجمان جے یو آئی کے مطابق مولانا فضل الرحمان این اے265 پشین سے بھی قومی اسمبلی کے امیدوار ہیں۔
اسی طرح آصف زرداری نواب شاہ، شہباز شریف قصور، سراج الحق دیر، مریم نواز، سعد رفیق لاہور، فاروق ستار کراچی سے الیکشن لڑیں گے۔
مولانا اسعد محمود نے این اے 43 ٹانک سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے، جبکہ الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں دو دن کی توسیع کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 سے الیکشن لڑینگے جبکہ ان کے بطور کورنگ امیدوار بلال یاسین ہونگے۔ بلال یاسین پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 174 سے الیکشن لڑینگے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) پاکستان پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی، پی ٹی آئی، جماعت اسلامی، مسلم لیگ کونسل سمیت دیگر سیاسی پارٹیوں کے متعدد امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔
سابق صدر آصف علی زرداری کے حلقہ این اے 207 پر کاغذات نامزدگی ان کی ہمشیرہ ذرا فضل پیچوہو نے داخل کرائے، ان کے مقابلے میں پی ٹی آئی کے فاروق چانڈیو ، جی ڈی اے کے زاہد شاہ م سلم لیگ نون کے جیم شاہ نے بھی کاغذات نامزدگی داخل کیے ہیں۔
جبکہ حُروں کے روحانی پیشوا اور جی ڈی اے کے سربراہ پیر پگاڑا نے خیر پور سندھ سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔