کرنا نہیں ہے کچھ بھی حمایت تو کیجئے
ہیں کس کے ساتھ آپ وضاحت تو کیجئے
جن کے لئے رسول بشارت ہیں دے گئے
ان کے لئے سخن کی جسارت تو کیجئے
انسانیت کا درس اٹھا کر کہاں چلے
مرتے ہوؤں کی مڑ کے زیارت تو کیجئے
کچھ کیجئے نہ کیجئے دنیا کے سامنے
مظلوم کی طرف سے وکالت تو کیجئے
اقصیٰ کی سمت آنکھیں گھمائیں ذرا جناب
چیخ و پکار اس کی سماعت تو کیجئے
اقصیٰ سے اپنے دین کی نسبت قدیم ہے
نسبت کی آگے بڑھ کے حفاظت تو کیجئے
ہم نے مزاحمت کو بھی دہشت بنا دیا
اب ظلم ہورہا ہے ملامت تو کیجئے
سسٹم بدل تو سکتے نہیں ہیں مگر جناب
سسٹم کے ساتھ تھوڑی بغاوت تو کیجئے
اللہ نے خلیفہ بنایا ہے آپ کو
تحسین تھوڑا پاسِ خلافت تو کیجئے.