جمعرات کو علی الصباح وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق سفارت خانے کی عمارت میں توڑ پھوڑ کی گئی۔ اس کے علاوہ سفارت خانے میں خدمات انجام دینے والے عملے کی رہائش گاہوں کو بھی الٹ پلٹ دیا گیا۔
سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت خارجہ نے ’چند مسلح جتھوں کی جانب سے سفارت خانے کی عمارت کو سبوتاژ اور اس میں توڑ پھوڑ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
بیان میں مملکت کی جانب سے سفارتی مشنز اور نمائندوں کیخلاف تشدد اور سبوتاژ کارروائیوں کو مسترد کرتے ہوئے ایسے مسلح جتھوں کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے کہ جو سوڈان اور اس کے برادر عوام کی سلامتی اس میں استحکام بحال کرنے کی کوششوں کو تاراج کرنے کے درپے ہیں۔
سعودی عرب پارلیمنٹ کے سپیکر عادل العسومی نے ایک بیان میں سفارتی مشنز اور ان کے ہیڈکوارٹرز کے خلاف ہر قسم کی جارحیت کو پارلیمنٹ کی جانب سے مسترد کرنے کا اعادہ کرتے ہوئے سوڈانی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ انہیں مکمل تحفظ فراہم کرنے کیلئے ضروری اقدامات کریں تاکہ وہ سوڈان جن مشکل حالات سے گزر رہا ہے اس میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔