تازہ ترینتحریکخبریںسیاسیات

پی ٹی آئی میں ہی ہوں، سنجیدہ مذاکرات کے لیے تیار ہیں: اسد قیصر

سابق سپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کا ہی حصہ ہیں اور پارٹی چیئرمین عمران خان کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

اسلام آباد کی ضلعی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت سنجیدہ مذاکرات کے لیے تیار ہے مگر اس وقت ملک میں جو حالات ہیں اس میں کیا مذاکرات ہو سکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ’ پہلے ماحول ٹھیک کریں پھر یقیناً مذاکرات ہو سکتے ہیں۔‘

پیر کے روز اسد قیصر اپنے وکلا کے ہمراہ ضلعی عدالت میں پیش ہوئے جہاں ان کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد تھانہ سنگجانی میں درج کیس میں اسد قیصر کی ضمانت میں 10 جون تک توسیع کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

میڈیا کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ان کا جہانگیر ترین سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔ پیشی کے موقع پر اسدقیصر اپنے وکیل شیرافضل مروت کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے جہاں ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سِپرا نے کیس کی سماعت کی۔

ان کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ گرفتاری کے ڈر سے ان کے موکل گذشتہ کئی دنوں سے روپوش تھے جبکہ مردان میں بھی ان کے موکل کے خلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج ہو گیا ہے۔

اس موقع پر اس کیس کے پراسیکیوٹر عدالت میں پیش نہیں ہوئے اور عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ ان کی والدہ کی وفات ہو گئی ہے۔

اسد قیصر کے وکیل کی جانب سے ان کی ضمانت میں ڈھائی ہفتے کی توسیع مانگی گئی جس پر جج نے ریمارکس دیے کہ اگر اسد قیصر کو اتنی لمبی ضمانت دی گئی تو دیگر ملزمان کے لیے بھی روایت قائم کرنی پڑےگی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button