تازہ ترینخبریںدنیا

پاکستان کے سیاسی و معاشی بحران کی بین الاقوامی میڈیا میں گونج

موجودہ صورتحال میں پاکستان پر سیاسی و معاشی غیریقینی کے بادل چھائے ہوئے ہیں، سیاسی عدم استحکام اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے، ان باتوں کا ادراک پوری دنیا کو ہے اور وہ اس پر گہری نگاہ رکھے ہوئے ہیں اور نہیں معلوم تو ہماری اشرافیہ ہے جسے اس کی شاید پرواہ ہی نہیں۔

اس حوالے سے امریکی نیوز چینل سی این این نے ایک رپورٹ نشر کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانی حکمران اور اپوزیشن کا وہ رہنما جو انہیں اقتدار سے ہٹانا چاہتا ہے، ایک دوسرے کے ساتھ سیاسی داؤ لگا رہے ہیں جس سے بڑا نقصان عوام کی نفسیات کو پہنچ رہاہے، اور بہت سے لوگ افراتفری کی اس صورتحال سے تھک چکے ہیں۔

سی این این کے مطابق پاکستانی سیاستدانوں کی دلیل ہے کہ عوام اس وقت بڑھتی ہوئی مہنگائی کے ساتھ ساتھ عسکریت پسندوں کے حملوں میں اضافے کیخلاف جدوجہد کررہے ہیں اور پولیس کی جانب سے رہائشیوں کو روزانہ کی بنیادوں پر راستوں، اسکولوں اور انٹرنیٹ کی بندشوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے

امریکی نشریاتی ادارے نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ پاکستان کے شمالی صوبے خیبر پختونخوا میں گزشتہ جمعرات کو آٹے کی سبسڈی والے تھیلے مفت حاصل کرنے کیلئے بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجے میں تین افراد پیروں تلے کچل کر ہلاک ہوگئے۔

سی این این کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے اربوں ڈالر کی ہنگامی مالی امداد فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہےاور اس کا یہ عمل گزشتہ نومبر سے تاخیر کا شکار ہے، لیکن اپوزیشن مزید انتظار کرنے کیلئے کسی طرح بھی تیار نہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق پاکستان چھوڑ کر بیرون ملک جانے والے افراد کی تعداد میں گزشتہ سال 2022کی نسبت اس سال تین گنا اضافہ ہوا ہے۔

اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والے چند ماہ میں پاکستان میں سیاسی استحکام کے بارے میں مایوسی غلط نہیں کیونکہ ملک بھر تمام سیاسی رہنما اقتدار کے حصول کی کشمکش میں ہیں۔ موجودہ حالات کے مطابق حکومت پاکستان اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے درمیان جاری تصادم کی مثال شدید نوعیت کی ہے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ اس تصادم کا حل آسانی سے حاصل نہیں کیا جا سکے گا کیونکہ اس بار دونوں فریق سڑکوں اور عدالتوں میں لڑرہے ہیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button