تازہ ترینخبریںپاکستان

پرویز مشرف کی نماز جنازہ کل دوپہر کراچی میں ادا کی جائے گی

دبئی میں گزشتہ روز انتقال کر جانے والے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی نماز جنازہ کل دوپہر  1:45 پر کراچی میں ادا کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کی نماز جنازہ پولو گراؤنڈ ملیر کینٹ میں ادا کی جائے گی۔

دبئی میں سابق صدر پرویز مشرف کی میت کو غسل دے دیا گیا، جس کے بعد  پرویز مشرف کی میت ایئرپورٹ روانہ کردی گئی ہے۔

اس سے قبل سابق صدر، جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی میت کی روانگی کے لیے اماراتی حکام نے طیارہ فراہم کر دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اماراتی حکام نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کی طرف سے لینڈنگ کے لیے این او سی کا انتظار ہے، جس کے بعد سابق صدر پرویز مشرف کی میت کراچی روانہ کی جائے گی۔

اس سے قبل پاکستانی وقت کے مطابق پرویز مشرف کی میت ساڑھے 11 بجے دن پاکستان کے لیے روانہ کی جانی تھی، اس کے بعد میت روانگی کے لیے سہ پہر کا وقت مقرر کیا گیا تھا جس کے بعد یہ خبر سامنے آئی کہ خصوصی طیارہ شام 7 بجے میت لے کر پاکستان روانہ ہو گا۔

میت پاکستان لے جانے کے لیے یو اے ای میں پاکستانی سفارت خانہ پہلے ہی این او سی جاری کر چکا ہے۔

سابق صدر پرویز مشرف کی میت کے ہمراہ ا ن کی اہلیہ صہبا، بیٹا بلال اور بیٹی بھی پاکستان جائیں گے۔

واضح رہے کہ سابق صدر اور آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف اتوار کی صبح دبئی میں انتقال کر گئے تھے، ان کی عمر 79 برس تھی۔

پرویز مشرف اعضاء کی خرابی کی بیماری (ایمیلوئیڈوسس) میں مبتلا اور 18 مارچ 2016ء سے دبئی کے امریکی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button