تازہ ترینخبریںپاکستان

جنرل (ر) باجوہ مجھے قتل کرواکے ایمرجنسی لگانا چاہتے تھے، عمران خان کا دعویٰ

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے انہیں قتل کراکے ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔

سابق وزیر اعظم کی جانب سے یہ چونکا دینے والا الزام لاہور میں نجی ٹی وی چینل ’بول نیوز‘ کی ٹیم کے ساتھ گفتگو کے دوران عائد کیا گیا۔

’بول نیوز‘ کے بیورو چیف لاہور سید خاور عباس کے ہمراہ عمران خان کا یہ انٹرویو تاحال نشر نہیں ہوا ہے تاہم سید خاور عباس کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ وہ وزیر آباد میں خود پر حملے کی کوشش کے حوالے سے جمعرات کو (آج) اپنی پریس کانفرنس کے دوران مزید انکشافات کریں گے۔

سید خاور عباس کے مطابق سابق وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں بہت سے لوگوں کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ وہ سابق آرمی چیف کے خلاف الزامات لگانا بند کر دیں کیونکہ وہ ریٹائر ہو چکے ہیں، لیکن جنرل (ر) باجوہ کے جرائم پر پردہ نہیں ڈالا جا سکتا۔

عدالتوں سے اس معاملے کا ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے خود پر جان لیوا حملے کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے پر زور دیا۔

دورانِ انٹرویو عمران خان نے ان لوگوں کے نام بھی لیے جو ان کے مطابق اُن کے قتل کی سازش میں ملوث تھے۔

انہوں نے صحافیوں کو مزید بتایا کہ طبیعت سنبھلنے کے بعد وہ ملک بھر کا دورہ کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button