تازہ ترینجرم کہانیخبریں

بھارت میں سال نو کے جشن پر ایک واقعے نے لوگوں کے دل دہلا دیے

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں نئے سال کے جشن کے دوران ایسا حادثہ پیش آیا جس نے دیکھنے والوں کے دل دہلا دیے ہیں۔

دو روز قبل دنیا بھر کی طرح بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں بھی ہزاروں عوام نئے سال کا جشن منانے کے لیے سڑکوں پر موجود تھے۔ اس دوران ایک تیز رفتار کار اچانک نمودار ہوئی جس میں منچلے نوجوان سوار تھے۔ کار اسکوٹی سوار لڑکی کو ٹکر مارنے کے بعد اسے کئی کلو میٹر تک گھسیٹتی رہی۔ اس کے نتیجے میں لڑکی کی موت واقع ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب دہلی کے علاقے کنجھا والا میں پیش آیا جہاں نئے سال کی آمد کے حوالے سے تقریبات جاری تھیں اور اسی دوران ایک لڑکی اپنی اسکوٹی پر جا رہی تھی۔ اچانک کار میں سوار منچلے نوجوانوں نے اسے ٹکر ماری اور پھر اسے 12 کلومیٹر تک گھسیٹ کر لے گئے جس کی وجہ سے لڑکی کی موت واقع ہوگئی۔ اس دلخراش واقعے کے ذمے دار پانچوں نوجوانوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

اس حوالے سے دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ ہمیں کنجھا والا علاقے سے کال موصول ہوئی تھی جس پر وہاں پہنچے۔ کار سوار ملزمان سلطان پور سے کنجھ والا علاقے تک 12 کلومیٹر تک لڑکی کو گھسیٹے ہوئے لے گئے۔

پولیس کے مطابق لڑکی کے جسم کے کپڑے پھٹ گئے تھے اور اس کے جسم پر بہت زیادہ چوٹیں آئیں، دونوں ٹانگیں کٹ گئیں اور اس کی موقع پر ہی دردناک موت ہوگئی تھی۔

پولیس نے بتایا ہے کہ ہم نے مرنے والی لڑکی کی شناخت اسکوٹی کے نمبر سے کی۔ وہ ایک ایونٹ کمپنی میں کام کرتی تھی اور واقعے کے وقت رات کو اپنی ڈیوٹی سے واپس آ رہی تھی جب یہ واقعہ پیش آیا۔ گرفتار ملزم لڑکوں کی تفصیلات معلوم کی جا رہی ہیں۔

اسی حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ 31 دسمبر کی شام تقریباً 6 بجے امن وہار کی رہنے والی لڑکی یہ کہہ کر اپنے گھر سے نکلی تھی کہ اسے کمپنی کا کچھ کام ہے۔ رات 9 بجے لڑکی نے گھر والوں کو فون کیا اور کہا کہ وہ رات کو واپس آ جائے گی۔ گھر والوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے رات 10 بجے لڑکی کو فون کیا لیکن فون بند تھا۔ دہلی پولیس نے صبح 8 بجے خاندان کو حادثے کی اطلاع دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button